نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازجنازہ حاضر وغائب 27؍ ستمبر 2018ء

(پرائیویٹ سیکرٹری)

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ بتاریخ27؍ستمبر2018ءبروز جمعرات نماز ظہر سے قبل حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد فضل لندن کے باہر تشریف لا کرمکر م ڈاکٹر چوہدری نصیر الدین احمد صاحب ۔ڈینٹل سرجن (یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور کچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر:

مکر م ڈاکٹر چوہدری نصیر الدین احمد صاحب۔ ڈینٹل سرجن(یوکے)

25ستمبر2018ء کو 84سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ محترم ماسٹر عبدالرحمٰن خاکی صاحب مرحوم آف مری کے بیٹےتھے جنہوں نے 1911ء میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے منظوم فارسی کلام سے متأثر ہوکر حضرت خلیفۃ المسیح الاوّلؓ کے ہا تھ پربیعت کی تھی ۔ 1960ء میں پاکستان سے ڈینٹسٹری کی تعلیم مکمل کی اور یوکے شفٹ ہوگئے۔ لمبا عرصہ مکرم ڈاکٹر ولی احمد شاہ صاحب کے ساتھ کام کیا اور احمدی احباب کا علاج بھی کرتے رہے۔ انتہائی نیک، صوم وصلوٰۃ کے پابند، خدمت گزار، منکسرالمزاج اور ہنس مُکھ طبیعت کے مالک تھے۔ خلافت سے بہت محبت اور اطاعت کا تعلق تھا ۔بزرگوں کا بہت احترام کرتے اور ان کی خدمت بجالانے کو سعادت سمجھتے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔ آپ محترم جلال الدین اکبر سعدی صاحب کے خالو تھے۔

نماز جناز ہ غائب:
1۔ حمیدہ خاتون صاحبہ(میلبورن آسٹریلیا) اہلیہ محترم عبدالرشید رازی صاحب مرحوم سابق مبلغ افریقہ و فجی
19ستمبر 2018ء کو84 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نے اپنے واقف زندگی شوہر کے ہمراہ چھ سال تنزانیہ میں گزارے اور وہاں بطور صدر لجنہ خدمت کی توفیق پائی ۔ کچھ عرصہ پہلے آسٹریلیا چلی گئی تھیں اور وہاں میلبورن میں اپنے بیٹے کے پاس رہائش پذیر تھیں۔ آپ بڑی صابرہ ، شاکرہ اوربہت نیک مخلص ، دعا گو اور باوفا خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔

2۔ مکرمہ حمیدہ بشیر صاحبہ اہلیہ مکرم ملک بشیر احمد صاحب مرحوم (کراچی)

20اگست2018ءکو89سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت حافظ نبی بخش صاحبؓ کی نواسی، مکرم چوہدری محمد حسین صاحب مرحوم سابق امیر جماعت جھنگ وملتان کی بیٹی اور مکرم ڈاکٹر عبدالسلام صاحب مرحوم کی چھوٹی بہن تھیں۔ اپنے میاں کے ساتھ خدمت خلق اور تبلیغ کے میدان میں بھر پور معاونت کرتی رہیں۔ بہت بہادر اور نڈرخاتون تھیں۔ 1974ء میں میاں کے ساتھ مل کر ملکی حالات کا بڑی استقامت کے ساتھ مقابلہ کیا۔ آپ کا حلقہ احباب بہت وسیع تھااور تمام خاندان کو بھی ایک لڑی میں پروکر رکھا ہوا تھا۔ مرحومہ موصیہ تھیں ۔پسماندگان میں ایک بیٹی اور دو بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔

3۔ مکرمہ امۃ النصیر چیمہ صاحبہ اہلیہ مکرم ایاز محمود صاحب (قادیان)

30؍اگست 2018ء کو 55 سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ محترم چوہدری منظور احمد صاحب درویش مرحوم کی بیٹی اور محترم غلام نبی صاحب درویش کی بہو تھیں۔ انتہائی صابرہ، شاکرہ، ملنسار، منکسرالمزاج، مہمان نواز ، بنی نوع کی ہمدرد ، حقوق اللہ اور حقو ق العباد اداکرنے والی خاتون تھیں۔ خلافت کے ساتھ گہری وابستگی تھی۔ جلسہ سالانہ اور لجنہ کے دیگر پروگراموں میں آب رسانی کی ڈیوٹی سرانجام دیتی رہیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں شوہر کے علاوہ تین بیٹیاں اور ایک بیٹا یادگار چھوڑے ہیں۔

4۔ مکرم ادریس احمد سون صاحب ابن مکرم سلطان احمد صاحب (پاک عرب سوسائٹی فیروزپور۔لاہور)

21جون2018ءکو68سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے دادا حضرت قاضی محمد عبد اللہ صاحبؓ( آف سیالکوٹ) حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی تھے۔آپ کا گھر نماز سنٹر کے طور پر استعمال ہورہا ہے ۔ چندہ جات کی ادائیگی بروقت کیا کرتے تھے ۔ خلافت سے والہانہ محبت رکھتےتھے ۔ غرباء اور ضرورتمندوں کی ہر ممکن مدد کرنے والے بہت باوفا اور مخلص انسان تھے۔خدام الاحمدیہ کے دَور میں ناظم اطفال اور محاسب کے علاوہ قائد مجلس باٹا پور کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ بعدازاں لاہور کی جماعت بھماں میں لمبا عرصہ سیکرٹری مال اور صدر جماعت کے طورپر بجالاتے رہے۔

5۔مکرم محمد ناصر احمد صاحب (طارق گارڈن ۔حلقہ واپڈا ٹاؤن ۔ لاہور )

21جون 2018 ء کو 59سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔بہت دعا گو، جماعت کا درد رکھنے والے انتہائی مخلص انسان تھے۔ چندہ جات کی بروقت ادائیگی کیاکرتے تھے ۔

6۔ مکرم الحاج سید اللہ بخش صاحب (سابق صدر جماعت شموگا ۔کرناٹک)

30؍اگست 2018 ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے صدر جماعت شموگا کے طورپرخدمت کی توفیق پائی۔مسجد سے دُور ہونے کے باوجود مسجد پہنچ کر باجماعت نماز ادا کرتے تھے اور دوسروں کو بھی اس کی تلقین کرتے تھے ۔ قرآن مجید کی روزانہ باقاعدگی سے تلا وت کیاکرتے تھے۔ مبلغین اور مرکزی نمائندگان سے عزت واحترام کے ساتھ پیش آتے۔ خلافت سے بے انتہا محبت تھی۔ مرحوم موصی تھے۔ آپ کے بیٹے مکرم سید عبد اللہ صاحب بطور زعیم مجلس انصار اللہ شموگا خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

7۔ عزیزہ مناہل احمد۔واقفۂ نو ( ابن مکرم یاور محمود صاحب۔ کینیڈا)

15 ستمبر 2018 ء کو وینکوور میں23سال کی عمر میںبقضائےالٰہی وفات پاگئیں۔اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ صوم وصلوٰۃ کی پابند، تہجد گزار ،باقاعدگی سے تلاوت کرنے والی، حیا داراور نیک بچی تھیں۔ بیماری کے دوران اپنی پڑھائی اور جماعتی خدمات سرانجام دیتی رہیں ۔ تکلیف دہ بیماری میں انتہائی صبر اور حوصلہ کا مظاہر ہ کیا ۔ مرحومہ اللہ کے فضل سے موصیہ تھیں ۔آپ کے ایک بھائی عزیزم حاشر احمد جامعہ احمدیہ کینیڈا میں زیر تعلیم ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنی رضا کی جنتوں میں جگہ دے۔اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر کرنے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button