افریقہ (رپورٹس)

کانو (نائیجیریا) میں جلسہ سیرۃالنبیﷺ کا انعقاد

(راجہ اطہر قدوس۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل نائجیریا)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کانو (Kano)، نائیجریا کو مورخہ 5؍ اکتوبر 2018ء ایک سکول کی عمارت میں جلسہ سیرۃ النبی ﷺ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

جلسہ کے مہمانِ خصوصی مکرم افضال احمد رؤوف صاحب مبلغ انچارج نائیجیریاکی صدارت میں جلسہ کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔خاکسار( راجہ اطہر قدوس) نے پروگرام کا تعارف کرایا۔بعدازاں مکرم مبلغ انچارج صاحب نائیجیریا نے اپنی تقریر میں سیرۃالنبیﷺ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔آپ نے بتایا کہ عصرِ حاضر کے تمام مسائل کا حل صرف اور صرف اسوۂ رسول ﷺ کی پیروی سے ہوسکتا ہے۔ حاضرین میں بعض عیسائی بھی موجود تھے۔چنانچہ آپ نے آنحضرتﷺ کے غیروں سے حُسنِ سلوک کے واقعات بیان کئے۔ اس حوالہ سے آپ نے بتایا کہ اسلام اور آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم کا اسوۂ حسنہ یہ درس دیتے ہیں کہ ہم بجائے مذہب اور رنگ و نسل کی بنیاد پر سب انسانوں سے ہمدردی اور بھائی چارہ کی بنیاد پر باہمی رابطے اُستوار کریں۔

اس تقریر کے بعد مجلس سوال و جواب منعقد کی گئی جس میں مقرر موصوف نے سوالوں کے جوابات دیئے۔

حاضرین میں عیسائی احباب نے اس بات کا اظہار کیا کہ ایسے پروگرام وقتاً فوقتاً منعقد کئے جاتے رہنے چاہئیں۔

اس کے بعد اسلام احمدیت کے حوالے سے جماعتی تعارف پر مشتمل ایک ویڈیو دکھائی گئی جس میں ساری دنیا میں احمدیت کی بے لَوث خدمات کا تذکرہ تھا۔

پروگرام کے آخر میں کانو جماعت کے سرکٹ پریذیڈنٹ عبدالسلام سلامی صاحب نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ دعا کے بعد حاضرین میں ریفریشمنٹ تقسیم کی گئی۔

اس موقع پر قرآن کریم کے مختلف تراجم پر مشتمل ایک نمائش کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں افریقہ کی دس سے زائد زبانوں میں قرآن کریم کے تراجم رکھے گئے تھے۔ آخر میں تمام حاضرین کو جماعتی تعارف پر مشتمل لٹریچر پیش کیا گیا۔

اس اجلاس کی حاضری کُل 87؍ رہی جن میں سے 62؍ غیرازجماعت مہمان تھے۔

اللہ تعالیٰ اس جلسے کے شیریں ثمرات عطا فرمائے اور جماعت احمدیہ کانو کی ان کاوشوں کو قبول فرمائے۔ آمین

٭۔۔۔٭۔۔۔٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button