نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازجنازہ حاضر وغائب

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ بتاریخ20؍ستمبر2018ءبروز جمعرات نماز ظہر سے قبل حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد فضل لندن کے باہر تشریف لا کر مکرمہ نادیہ خالد صاحبہ( بنت مکرم امین خالد صاحب ۔کارشالٹن۔یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور کچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرمہ نادیہ خالد صاحبہ( بنت مکرم امین خالد صاحب ۔کارشالٹن۔یوکے)

7ستمبر2018ء کو اچانک حرکت قلب بند ہونے سے 28سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ محترم عبد الحلیم صاحب مرحوم امیر ضلع جہلم اور محترم قاضی محمد نذیر صاحب لائل پوری کی ہمشیرہ کی پوتی اور محترم دین محمد صاحب آف ٹوٹنگ کی نواسی تھیں۔بہت نیک ، فرمانبردار، لائق ، ذہین ،ہونہار، خوش مزاج اور ہنس مکھ طبیعت کی مالک تھیں۔ دوسال قبل ان کا بھائی جوانی میں ہی وفات پاگیا تھا۔ پسماندگان میں والدین کے علاوہ دو بہنیں اور ایک بھائی یادگار چھوڑے ہیں ۔مرحومہ کے والدمکرم امین خالد صاحب لوکل جماعت میں جنرل سیکرٹری کے علاوہ جلسہ سالانہ کے موقع پر مہمان نوازی کے شعبہ میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

نماز جناز ہ غائب

1۔ مکرم عبد المنیف صاحب (مربی سلسلہ۔انڈیا)

11 ؍اگست 2018 ء کو بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ 2013ءمیں جامعہ احمدیہ قادیان سے شاہد کی ڈگری حاصل کرکے فارغ التحصیل ہونےکےبعد صوبہ تامل ناڈو میں خدمت بجا لا رہے تھے۔ موصوف ایک قابل اور محنتی مربی سلسلہ تھے اور خدمت دین کا جوش رکھتے تھے ۔

2۔ مکرمہ بلقیس بیگم صاحب اہلیہ مکرم حافظ محمد یوسف صاحب مرحوم (شکور پارک ۔ربوہ)

22مئی2018 ء کو86سال کی عمر میں وفات پا گئیں ۔اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ صوم وصلوۃ کی پابند ، سادہ مزاج ، صابرہ وشاکرہ ،مہمان نواز، خوش اخلاق ، حقوق اللہ اور حقوق العبا د کا خیال رکھنے والی نیک خاتون تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔

3۔ مکرم عبد المجید بٹ صاحب (لیڈز ۔یوکے)

27جولائی2018 ء کوبقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ1972ء میں یوگنڈا سے انگلستان منتقل ہوئے ۔ تیس سال تک جماعت لیڈز کے صدر کے طورپر خدمت کی توفیق پائی ۔صوم وصلوۃ کے پابند،بہت نیک ، مخلص اور باوفا انسان تھے ۔آپ کا گھر نماز سنٹر کے طور پر استعمال ہوتا رہا۔جماعتی خدمات اور چندہ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔

4۔ مکرمہ بخت بھری صاحبہ اہلیہ مکرم رائے محمد عبد اللہ جوئیہ صاحب (ٹھٹھہ جوئیہ ضلع سرگودھا)

24اپریل2018ء کو90سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ پانچ وقت کی نمازی، تہجد گزار اور روزانہ تلاوت قرآن کرنے والی نیک خاتون تھیں۔ ہر جماعتی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھی۔

5۔ مکرم ماسٹر محمد شریف صاحب (قاضی پارک ۔شیخوپورہ شہر)

80 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ نے حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ کے ہاتھ پر بیعت کی سعادت پائی ۔ بیعت کے بعد شدید مخالفت کا سامنا رہالیکن ثابت قدم رہے ۔ خلفائے سلسلہ کے ساتھ جنون کی حدتک عشق تھا۔ تمام تحریکات میں شامل ہونے کی اوّلین کوشش کرتے تھے۔ نماز باجماعت کے پابند ، تہجد گزار بہت نیک اورمخلص انسان تھے ۔ زعیم اعلیٰ انصاراللہ کے علاوہ مقامی جماعت میں مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی ۔

6۔ مکرمہ سلمیٰ جاوید صاحبہ اہلیہ مکرم جاوید اقبال صاحب (ڈیفنس لاہور)

14مئی 2018ء کو 64سال کی عمر میںوفات پا گئیں۔اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ حضرت شیخ فضل احمد صاحب بٹالوی صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی نواسی تھیں۔نمازوں کی پابند ، تہجد گزار، مخلص اور نیک سیرت خاتون تھیں۔10سال تک اپنی مقامی مجلس میں سیکرٹری خدمت خلق کے طور پر خدمت کی توفیق پائی ۔ نظام جماعت اور خلافت کے ساتھ گہرا اخلاص ووفا کا تعلق تھا۔

7۔ مکرمہ نذیراں بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم سلطان احمد صاحب (دارالفضل شرقی ربوہ)

26مئی 2018 ءکو 78سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ صوم وصلوۃ کی پابند ، چندوں کی بروقت ادائیگی کرنے والی ، خوش مزاج ،ہمدرد ، مہمان نواز، غریب پرور اور صابروشاکرہ خاتون تھیں۔

8۔ مکرم مبشر احمد صاحب نونی (دارالصدر غربی ربوہ)

3مئی 2018ء کو ایک ٹریفک حادثہ میں وفات پا گئے۔اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ صوم وصلوۃ کے پابند، تہجدگزار ، ہنس مکھ ، ملنسار ، مخلص، باوفا اور نڈرانسان تھے۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنی رضا کی جنتوں میں جگہ دے۔اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر کرنے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button