نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازجنازہ حاضر وغائب

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ بتاریخ17؍مارچ 2018ء بروزہفتہ11بجے صبح حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے محمود ہال (مسجد فضل لندن)میں تشریف لاکرمکرمہ مبارکہ نواز صاحبہ( اہلیہ مکرم محمد نواز اُپل صاحب ۔ روہیمپٹن ) کی نماز جنازہ حاضر اور کچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

مکرمہ مبارکہ نواز صاحبہ( اہلیہ مکرم محمد نواز اُپل صاحب ۔ روہیمپٹن )

16مارچ2018ءکو72سال کی عمر میںبقضائےالٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کو کافی عرصہ اپنے حلقہ میں صدر لجنہ کے طوررپر خدمت کی توفیق ملی۔ پنجوقتہ نمازوں کی پابند ، تہجد گزار ، باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت کرنے والی ، خلافت کی شیدائی ،خوش اخلاق ، ملنسار اور غریب پرور خاتون تھیں۔پسماندگان میں دو بیٹیاں اور تین بیٹے یادگار چھوڑے ہیں ۔

نماز جناز ہ غائب

1۔مکرمہ نازیہ پروین صاحبہ (جرمنی)

18دسمبر2017ء کو 37 سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ تین سال تک کینسر کی تکلیف دہ بیماری کو بڑے حوصلہ سے برداشت کیا ۔ بہت نیک مخلص اور باوفا خاتون تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ چار بچے یادگار چھوڑے ہیں۔

2۔مکرمہ امتہ الحفیظ صاحبہ اہلیہ مکرم انصار احمد صاحب (قادیان)

8 فروری 2018ء کوبقضائے الہٰی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ مکرم عبدالرحیم صاحب ملکانہ درویش مرحوم کی بیٹی اور مکرم ڈاکٹر انصار احمد صاحب(پی ایچ ڈی) مترجم ہندی کتب(روحانی خزائن)کی اہلیہ تھیں ۔مرحومہ قادیان میں نصرت گرلزہائی سکول میں لمبا عرصہ بطور استانی خدمت بجا لاتی رہیں اور دہلی میں قیام کے دوران چھ سال تک لجنہ اماءاﷲ دہلی کی صدر بھی رہیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں ۔

3۔مکرمہ امتہ السلام صاحبہ (کینیڈا)

16 فروری 2018ء کو 70 سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ پنجگانہ نماز وں کی پابند ، دعاگو،صدقہ و خیرات کرنے والی مخلص ،ہمدرد اور باوفا خاتون تھیں۔ خطبات جمعہ بڑی باقاعدگی سے سنتی تھیں۔ تمام مالی تحریکات میں بڑھ کر حصہ لیتیں ۔ سلسلہ کے کام خود بھی کرتیں اور بچوں کو بھی اس کی ترغیب دلاتی رہتی تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔آپ مکرم مدثر احمد مشرف صاحب (ناظم تشخیص جائیدا د موصیان ۔ ربوہ) کی والدہ تھیں۔

4۔مکرمہ لطیفہ عبدالجلیل صاحبہ اہلیہ مکرم عبد الجلیل صاحب (کبابیر)

21 فروری کو 93 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحومہ صوم و صلوۃ اور تلاوت قرآن کریم کی پابند ، بڑی حوصلہ مند اور خوش مزاج خاتون تھیں۔مالی قربانیوں میں ہمیشہ پیش پیش رہتی تھیں۔مبلغین کا بہت احترام کرتی تھیں۔

5۔مکرمہ نائلہ سلطان صاحبہ ( جوہر ٹاؤن ۔لاہور)

24 فروری 2018ء کو58 سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت میاں شمس الدین صاحبؓ صحابی حضرت مسیح موعود ؑ کی نواسی تھیں۔ صوم وصلوۃ کی پابند ، تہجد گزار، خلافت کی اطاعت گزار ، ہمدرد اور نیک خاتون تھیں ۔ قیادت سلطان پورہ کی صدر لجنہ کے علاوہ اپنے حلقہ میں بھی مختلف رنگ میں بھر پور خدمت کی توفیق پائی۔بچوںکوقرآن بھی پڑھاتی تھیں۔ چندہ جات میں باقاعدہ تھیں اور مالی تحریکات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔

6۔مکرم اے منیر احمد صاحب(چیلا کرہ ۔کیرالہ ۔انڈیا)

6 مارچ 2018 ءکو بقضائے الٰہی وفات پاگئے ۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ بہت خوبیوں کے مالک تھے۔ نماز تہجد اور تلاوت قرآن کریم کے پابند ، تقویٰ شعار ، مہمان نواز اور ہر ایک سے خندہ پیشانی سے ملنے والے مخلص انسان تھے ۔ واقفین زندگی کی بہت قدر اور عزت کرتے تھے ۔بچوں کی تربیت کا بڑا خیال رکھتے اور انہیں نماز باجماعت ادا کرنے اور حضور انور کا خطبہ باقاعدگی سے سننے کی تلقین کرتے رہتے ۔ آپ سرکاری ملازم تھے ۔ ملنے والوں کو بڑے جوش و خروش سے تبلیغ کیا کرتے تھے۔ جماعت کے شدید مخالف بھی آپ سے بڑی عزت سے پیش آتے اور کہتے کہ یہ تو بہت ہی نیک انسان ہے۔ آپ جماعت چیلا کرہ کے صدر کے طور پر خدمت بجالارہےتھے۔ قبل ازیں آپ کو خدام الاحمدیہ ، انصاراﷲ اور مقامی جماعت کے مختلف عہدوں پر بھی خدمت کی توفیق ملی۔ مرحوم موصی تھے۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنی رضا کی جنتوں میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر کرنے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

٭…٭…٭

ز…مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ بتاریخ 21؍مارچ 2018ء کو نمازِ ظہر سے قبل حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نےمسجد فضل لندن کے باہر تشریف لا کر مکرم شیخ غضنفر احمد صاحب ابن مکرم شیخ ارشد احمد صاحب(آف برنٹ ووڈ ۔لندن) کی نماز جنازہ حاضر اور کچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔

نماز جنازہ حاضر

1۔مکرم شیخ غضنفر احمد صاحب ابن مکرم شیخ ارشد احمد صاحب ( آف برنٹ ووڈ ۔لندن)

15مارچ 2018ءکو53 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کو پاکستان میں مختلف حیثیتوں سے خدمت کا موقع ملا۔ جرمنی شفٹ ہونے پر اپنی جماعت کے صدر اور سیکرٹری تبلیغ رہے۔2010ء میں یُوکے شفٹ ہوئےاوریہاں لوکل جماعت میں سیکرٹری ضیافت کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ رمضان المبارک میں جماعت کے لئے افطاری کا انتظام کیا کرتے تھے۔ نمازوں کے پابند، اطاعت گزار ، خلافت کے ساتھ گہرا محبت کا تعلق رکھنے والے ، بہت نیک اور مخلص انسان تھے ۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دوبیٹیاں اورپانچ بیٹے یاد گار چھوڑے ہیں۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم نعمان احمد صاحب لوکل مجلس میں قائد کے طور پر خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔

2۔مکرمہ انور بیگم صاحبہ (اہلیہ مکرم مقبول احمد صاحب۔ حلقہ ماسک ویسٹ۔ لندن)

16 مارچ 2018 ء کو 77 سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ مکرم چوہدری غلام دین صاحب (آف تلونڈی جھُنگلاں) کی صاحبزادی تھیں۔ مرحومہ تہجد گزار، نماز روزہ کی پابند، انتہائی نیک اور ملنسار خاتون تھیں۔ قرآن کریم کی باقاعدگی سے تلاوت کیا کرتی تھیں۔ اپنے گاؤں میں غریبوں اور مسکینوں کی مدد کرنا ان کا معمول تھا۔ آپ کو خلافت سے گہری محبت تھی اور اپنے بچوں کو بھی اس سے وابستہ رہنے کی تلقین کیا کرتی تھیں۔ پسماندگان میں 2 بیٹے اور 3 بیٹیاں یادگار چھوڑی ہیں۔ آپ کی ایک بیٹی لوکل جماعت میں بطور صدر لجنہ اور ایک بیٹے مکرم زمان اقبال صاحب زعیم حلقہ کے طور پر خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔

نماز جناز ہ غائب

1۔مکرمہ امۃ العزیز صاحبہ(اہلیہ مکرم شمس الدین صاحب،ربوہ)

17 ستمبر 2017 ء کو81 سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ نمازوں کی پابند، نہایت مخلص، ہمدرد اور نیک خاتون تھیں ، مرحومہ موصیہ تھیں اور چندہ جات میں باقاعدہ تھیں۔

2۔مکرم ملک محمد صدیق صاحب ( محلہ دار الفتوح غربی ربوہ)

20 نومبر 2017ء کو 71 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ پنجوقتہ نمازوں کے پابند، ہمدرد،صابر و شاکر اور نافع الناس انسان تھے ۔ آپ کے ذمہ کوئی بھی جماعتی کام لگایا جاتا تو اسے خوش اسلوبی سے سر انجام دیتے ۔چندہ جات کی ادائیگی میں باقاعدہ تھے۔

3۔مکرم غلام محمد شاد صاحب ( میر پور خاص ۔سندھ)

یکم جنوری 2018ء کو 75 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔بہت نیک،عبادت گزار، خدمت دین کا جذبہ رکھنے والے ، دین کو دنیا پر مقدم رکھنے والے ، صاف گو اور انتہائی شفیق انسان تھے۔ اپنوں اور غیروں میں بڑی عزت کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔ مرحوم سیشن کورٹ میر پور خاص میں بطور وکیل پریکٹس کرتے تھے ۔ آپ نے قائد مجلس اور قاضی کے علاوہ بعض اور عہدوں پر بھی خدمت کی توفیق پائی۔ مالی قربانی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے ۔نظام جماعت اور خلافت کے ساتھ بے انتہا محبت رکھتے تھے ۔

4۔مکرمہ ریحانہ خورشید صاحبہ (کیلیفورنیا ۔یُوایس اے)

19؍فروری 2018ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ کے والدنے 1956 میں خلیفۃ المسیح الثانی کے ہاتھ پر بیعت کی توفیق پائی جبکہ مرحومہ کی عمر دو سال تھی۔ بعدازاں خود تحقیق کر کے 20 سال کی عمر میں مرحومہ نے خود بھی بیعت کی ۔ تعلیم کے شعبہ سے منسلک رہیں۔ گورنمنٹ کالج اسلام آباد سے بطور پرنسپل ریٹائر ہوئیں۔ حضرت چھوٹی آپا کے کہنے پر جونیئر ماڈل سکول ربوہ میں بھی بطور پرنسپل خدمت سرانجام دیتی رہیں۔اسلام آباد میں نائب صدر لجنہ کے علاوہ مختلف عہدوںپرخدمت کی توفیق پائی۔خدمت خلق میں ہمیشہ پیش پیش رہتی تھیں ۔ بہت دعا گو ،غریب پرور اور ہر دلعزیز خاتون تھیں ۔ خلافت سے گہری وابستگی اور وفا کا تعلق تھا۔ بچوں کی تربیت بڑے اچھے انداز میں کی۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں6 بیٹیاںاور12 نواسے نواسیاں یادگار چھوڑی ہیں ۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنی رضا کی جنتوں میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر کرنے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button