افریقہ (رپورٹس)

احمدیہ ہسپتال سویڈرو غانا میں توسیعی منصوبے کاافتتاح ناصرہ میڑنٹی ونگ اورامام صالح آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کی شاندار تقریب

(عبد السمیع خان۔ گھانا)

(رپورٹ عبدالسمیع خان)

غانا کے سنٹرل ریجن میں دارالحکومت اکراسے 2 گھنٹے کی ڈرائیوپر ایک درمیانہ ساشہر سویڈرو (Swedru) ہے جہاں جماعت کی طرف سے ایک ہسپتال قائم ہے جو صبح وشام اہل غانا کی شاندار خدمت کر رہاہے ۔اس کے انچارج ڈاکٹر صاحبزادہ رفیع خان صاحب ہیں جو مجلس نصرت جہاں کے تحت پانچ سال سے یہاں خدمات بجا لارہے ہیں۔مارچ 2017 ء میں اس ہسپتال میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس نے ہسپتال کی تقدیر بدل دی۔ واقعہ یہ ہے کہ اس وقت میڑنٹی وارڈ میں صرف 11 بستروں کی گنجائش تھی۔ ایک حاملہ خاتون ہسپتال میں بچے کوجنم دینے کے لئے داخل ہوئیں توسارے بستربھرے ہوئے تھے۔ انہیں کہا گیا کہ کہیں اورجاکر علاج کرالیں۔ مگر انہوں نے کہا کہ میں فرش پرلیٹنے کے لئے بھی تیار ہوں کیونکہ اس ہسپتال میں تسلی بخش علاج ہوتا ہے ۔

ان دنوں ہسپتال کے ایڈمنسٹریٹر یاانچارج مکرم ڈاکٹر رفیع خان صاحب کی والدہ مسز ایس ناز محمد ایڈوکیٹ بھی سویڈرو بیٹے کے پاس آئی ہو ئی تھیں۔ان تک یہ واقعہ پہنچا توان کے دل میں بڑادردپیداہوا۔ انہوں نے بیٹے سےکہاکہ میڑنٹی وارڈ میں اضافہ کیاجائے جس کاخرچ وہ برداشت کریں گی۔اس کے بعدحقیقت میں یہ سارا خاندان اس خواب کی تکمیل میں جُت گیا ۔طے پایاکہ ایک پرانے سٹوراوربعض دیگر ناقابل استعمال جگہوں کو کام میں لاکر ایک نیاوسیع میڑنٹی ونگ تعمیر کیاجائے جس میں تمام ضروری سہولتیں مہیاکی جائیں ۔

تمام جماعتی اورقانونی تقاضوں کو پوراکرتے ہوئے کام کاآغاز ہو ااورگو مسزناز ملک سے باہر چلی گئیں ۔مگروہ دلی طورپر اس سارے منصوبے میں دلچسپی لیتی رہیں اور جنوری 2018 ء میں ان کاخواب پایہ تکمیل کوپہنچاتووہ پھرغانا تشریف لے آئیں ۔یکم فروری 2018 ء کو اس شاندار منصوبے کاافتتاح مکرم امیر صاحب غانا نے فرمایا۔ ان کی صدارت میں پر وقار تقریب ایک بجے دوپہر شروع ہوئی جس میں قریباً400 مہمانوں نے شرکت کی اور احمدی معززین کے علاوہ مقامی اورمرکزی اور ریجنل عمائدین نے بھر پورحصہ لیا۔

تقریب کااہتمام ہسپتال کے احاطے میں ہی کیا گیا تھا۔تلاوت کے بعد ڈاکٹر رفیع خان صاحب نے منصوبہ کاتعارف کراتے ہو ئے بتایا کہ میڑنٹی ونگ میں 21 بستروں کی گنجائش ہے اورڈیلوری کے لئے جدید سہولتیں مہیاکی گئی ہیں۔ اس وارڈ کانام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے اپنی والدہ محترمہ حضرت ناصرہ بیگم صاحبہ کے نام پر ناصرہ میڑنٹی ونگ رکھاہے۔ ڈاکٹر صاحب نے بتایا کہ اس کے ساتھ ہی آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ بھی بنایاگیاہے اورمریضوں کاتمام ریکارڈ کمپیوٹر زمیں رکھاجائے گا۔ اس طرح یہ ہسپتال پیپرفری ہسپتال بن جائے گا۔تعارفی تقریر کے بعد تمام حاضرین نے میڑنٹی ونگ اور آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کاوزٹ کیا۔اس کانام امیر صاحب غانا کے والدصاحب کے نام پر صالح آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ رکھاگیاہے ۔

اس کے بعد متعدد مہمانوںنے اورآخرپر امیر صاحب نے تقریر کی ۔سب معززین نے اس کاوش کو سراہا اورساری فیملی کاشکریہ اداکیا۔انچارج ڈاکٹر صاحب نے کہا کہ اس وقت تو یہ ہسپتال علاقے کااوّل نمبر کاہسپتال ہے انشاء اللہ جلدہی یہ غانا کے اعلیٰ درجہ کے ہسپتالوں میں شمار ہو گا۔تقریب میں شریک ہونے والے مہمانوں، ہسپتال کے عملہ ،تعمیراتی کام انجام دینے والوں اورمختلف شعبوں میں مدد کرنے والے افراد میں انعامات اور تحائف تقسیم کئے گئے اوردعاکے بعد سب حاضرین کو کھاناپیش کیاگیا۔

معززین اورمقررین کی طویل فہرست میں سے چند ایک درج ذیل ہیں ۔ممبرآف پارلیمنٹ ،میونسپل چیف ایگزیگٹو ،میونسپل ڈائریکٹر اگوناویسٹ اسمبلی ،ڈپٹی ریجنل ڈائریکٹر ہیلتھ،ڈائریکٹر فارمیسی سنٹرل ریجن، ڈویژنل پولیس کمانڈر،میونسپل ڈائریکٹر ہیلتھ ،مینجر غانا واٹر کمپنی،مینجر غانا ریونیو اتھارٹی ،مینجر لمز کلینک ،ایڈمنسٹریٹر سالولیشن آرمی پولی کلینک ۔

اسی طرح ٹیلی ویثرن اورریڈیو کے نمائندگان نے شرکت کی ،فلم بنائی اورانٹرویوز لئےبعد میں 2 ٹیلی ویثرن سمیت کل 7 اخبارات وغیرہ میں اس کی خبریں اورویڈیوز دکھائی گئیں ۔

اس تمام منصوبے پر 3 لاکھ پچاس ہز ارغانین سی ڈینر خرچ آیاہےجو ڈاکٹر رفیع صاحب کی فیملی نے برداشت کیاہے۔اللہ تعالیٰ اسے قبول فرمائے اورہسپتال کو اعلیٰ روایات قائم کرنے کی توفیق دے ۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button