افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ نائیجیریا کے 65 ویں جلسہ سالانہ(2017ء) کا کامیاب و بابرکت انعقاد

(ناصراحمد محمود طاہر۔مبلغ سلسلہ نائیجیریا)

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا جلسہ کے موقع پر خصوصی پیغام۔ 35ہزار سے زائد افراد کی جلسہ میں شمولیت۔

مختلف موضوعات پر تقاریر۔ اہم حکومتی اور سیاسی و سماجی شخصیات کی جلسہ میں شرکت۔ ریڈیو اور میڈیا کے ذریعہ جلسہ کی تشہیر

ناصر احمد محمود طاہر۔ مبلغ سلسلہ ،نائیجیریا

خداتعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ نائیجیریا کو اپنا 65 واں جلسہ سالانہ نائیجیریا۔22-23-24 دسمبر 2017 ءبروز جمعہ، ہفتہ، اتوار۔بمقام جامعہ احمدیہ، الارو۔ نائیجیریا منعقد کرنے کی توفیق ملی۔

جلسہ سالانہ سے قریبادوماہ قبل ہی جلسہ سالانہ کی تیاری شروع کر دی گئی تھی اس سلسلہ میں۔

1۔ جلسہ سے قبل پورے ملک میں جلسہ کے بارے میں مختلف طریق پر تشہیر کا انتظام کیا گیا۔جس میں مختلف مقامات پر ریڈیو پر اعلانات ،لیف لیٹس، پوسٹرز اور اشتہارات لگوائے گئے ۔

2۔جلسہ کی کامیابی کے لئے ملکی سطح پر صدقہ کے طور پر جانوروں کی قربانی کا پروگرام بنایا گیا۔اس سلسلہ میں جماعتی ہیڈ کوارٹرکے علاوہ مختلف جماعتوںمیںاورجلسہ گاہ۔ جامعہ احمدیہ ، الارو میںصدقہ کے طور پر جانور ذبح کئے گئے اور ان کا گوشت غرباء میں تقسیم کیا گیا۔

3۔ جلسہ سالانہ کی تیاری کے سلسلہ میں میٹنگز گاہے بگاہے ہوتی رہیں۔جس میں جلسہ گاہ کی تیاری ،مہمانوں کے سفر اورقیام کا انتظام،ضیافت وآب رسانی ،راستوں کی نگرانی اور حکومتی عہدیداران سے رابطہ اور انہیں جلسہ میں مدعو کرنے کے حوالوں سے تجاویز مرتب کی گئیںاور انہیں حتمی شکل دے کر ان پر عمل درامد کیا گیا۔

4۔جلسہ سے قبل مکرم امیر صاحب نائیجیریا نے جلسہ گاہ کا معائنہ فرمایا جہاں مکرم امیر صاحب نے کارکنان کو نصائح فرمائیں۔

جلسہ سالانہ کاپہلا دن

دن کاآغاز نماز تہجدسے ہوا۔بعد نماز فجردرس قرآن کریم ہوا۔

قبل از نماز جمعہ تقریب پرچم کشائی کا انعقاد کیا گیا۔ جس کے بعد نماز جمعہ اور نماز عصر مکرم الحاجی ڈاکٹر مشہود۔اے۔فشولاصاحب امیرجماعت احمدیہ نائیجیریا نے جمع کر کے پڑھائیں۔

نمازوں کی ادائیگی کے معاً بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا Liveخطبہ جمعہ سنوانے کا انتظام کیا گیا تھا ۔جسے سب شاملین جلسہ نے براہ راست سننے کی توفیق پائی ۔

شام04:30بجے جلسہ سالانہ کے پہلے دن کے اجلاس کی باقاعدہ کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا ۔اس اجلاس کی صدارت مکرم الحاجی ڈاکٹر مشہود ۔اے۔فشولا صاحب امیر جماعت احمدیہ نائیجیریانے کی۔بعد ازاںحضرت مسیح موعود ؑ کا عربی قصیدہ اور اردو منظوم کلام پڑھا گیا۔

بعد ازاں جنرل سیکرٹری جماعت نائیجیریا مکرم عباس ارومینی صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا پیغام پڑھ کر سنایا۔جس کا مکمل ترجمہ ہاؤسا اور یوروبا زبانوں میں بھی کر کے حاضرین کو سنایا گیا۔

اس کے بعد صدر مجلس نے جلسہ سالانہ کی اغراض و مقاصد کی بابت حاضرین کو بتایا۔

اس اجلاس میں مکرم سعید تمیہیں صاحب نے بعنوان ’’اخلاقیات کے متعلق اسلامی تعلیمات ‘‘تقریر کی۔اس تقریر کاخلاصہ دو مقامی زبانوںہائوسا اور یوروبا میں بھی کیا گیا۔

اس کے بعدمکرم ندیم احمد وسیم صاحب مبلغ سلسلہ و پرنسپل جامعہ احمدیہ نائیجریا نے ’’غرور و تکبر ،خود پسندی و نخوت ایک بھیانک برائی ہے ‘‘ کہ عنوان پر تحریرات حضرت اقدس مسیح موعود ؑ کی روشنی میں درس پیش کیا۔

بعد ازاں صدر مجلس نے اختتامی کلمات کہے اور دعا کروائی جس کے ساتھ یہ اجلاس اپنے اختتام کو پہنچا۔

نماز مغرب و عشاءکےبعدم مکرم مبارک احمد بیلو صاحب ۔مبلغ سلسلہ نے’’ پاکیزگی قلب ‘‘پر درس حدیث دیا ۔

اس کے بعد کھانے کا وقفہ ہوا۔بعد ازاںM.T.A Africa کی نشریات شاملین کے لئے لگائی گئیں۔اور اس طرح آج کا دن جلسہ گاہ سے اپنے اختتام کو پہنچا۔

تبلیغ سیمینار

بعد نماز مغرب و عشاء جہاں عوام الناس M.T.A Africaکی نشریات سے مستفیض ہو رہے تھے وہیں نیشنل سیکرٹری تبلیغ کی طرف سے مبلغین کرام ،معلمین کرام، داعیان الیٰ اللہ و دیگر عہدیداران کے لئے تبلیغ سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت مکرم عدنان احمد طاہر صاحب قائمقام مشنری انچارج نائیجیریانے کی۔

اس پروگرام میں ایک تقریر ہوئی جس کے مقررمکرم توحید اولا شیبوییڈے صاحب تھے ۔جن کی تقریر کا عنوان ’’تبلیغ کی راہ میں نت نئی حکمت عملیاں‘‘تھا۔

اس کے بعد مبلغین کرام نے میدان عمل میں اللہ تعالیٰ کی تائید و نصرت کے واقعات بیان کئے ۔نیز مختلف علاقوں میں اپنائی جانے والی حکمت عملیوں کو بیان کیا گیا۔

جلسہ سالانہ کادوسرا دن

دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔نماز فجر کے بعد ’’حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے خطبہ جمعہ بیان فرمودہ 22/12/2017 کا خلاصہ ‘‘درس میں سنایاگیا۔ حضور انور کا Live خطبہ جمعہ بعد نماز جمعہ سنوانے کا انتظام کیا گیا تھا اور اسی خطبہ کا خلاصہ ہفتہ کو درس میں سنایا گیاتا یاد دہانی ہو سکے۔

صبح 10:00بجے جلسہ کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز ہوا۔اس اجلاس کی صدارت مکرم امیرجماعت احمدیہ نائیجیریا نے کی۔مکرم امیر صاحب کی اجازت سے معزز مہمانان کرام کا تعارف کروایا گیا اور انہیں اسٹیج پر آنے کی دعوت دی گئی۔

تلاوت و نظم کے بعد معزز مہمانان نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار فرمایا۔اس اجلاس میں اوگوں اسٹیٹ (Ogun State ) کے سپیکر آف اسٹیٹ اسمبلی مکرم الحاج عبد الغفار صاحب ، لیگوس اسٹیٹ (Lagos State)کے کمشنر آف ہیلتھ، کوارا سٹیٹ (Kwara State) سے مکرم الحاجی ابوبکر ناڈاکو صاحب چیف آف کوارا اسٹیٹ اور شریعہ کورٹ آف کوارا اسٹیٹ کے فارمر گرینڈ قاضی کے علاوہ مختلف مسالک کے چیفس، آئمہ کرام اور حکومتی افسران نے شرکت کی ۔

اس اجلاس میں دو تقاریر ہوئیں ۔پہلی تقریرمکرم الحاجی عبد العزیز الاتوئیے صاحب نائب امیر نائیجیریانے کی۔ جس کا عنوان ’’ اخلاقی بلندی کے ذریعہ سوشل ، پولیٹیکل اور اکنامیکل مسائل سے نجات ‘‘ تھا۔

اس تقریر کے بعد مکرم ریحان احمد ملک صاحب مبلغ سلسلہ نے حضرت مسیح موعود ؑ کا اردومنظوم کلام بمعہ انگریزی ترجمہ’’ہمیں اس یار سے تقویٰ عطا ہے‘‘ پڑھا۔

اس کے بعد دوسری تقریر مکرم خواجہ عبد العظیم صاحب ۔مبلغ سلسلہ و استاد جامعہ احمدیہ نائیجیریا نے کی جس کا عنوان ’’ نوجوان نسل اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ تھا۔

ہر دو تقاریر کا مقامی زبانوں ہائوسا اوریوروبا میں ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔

ان تقاریر کے بعد دوران سال علمی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والوں میںاسناد و انعامات کی تقسیم کی تقریب جلسہ گاہ میں ہی منعقد ہوئی۔

اس کے بعد صدر مجلس نے اختتامی کلمات نیز جلسہ میں شامل ہونے والے سب معزز مہمانان کرام کا شکریہ اداکیا۔اور اختتامی دعا کروائی اور اجلاس اپنے اختتام کو پہنچا۔کھانے کے وقفہ کے دوران معزز مہمانوں نے جماعت احمدیہ کی طرف سے لگائی گئی نمائش دیکھی۔

شام 04:00 بجے دوسرے دن کے دوسرے اجلاس کی کارروائی کا آغاز ہوا۔اس کی صدارت مکرم ڈاکٹر عبدالغنی اناہورو صاحب نائب امیر نائیجیریا نے کی۔ تلاوت و قصیدہ کے بعد مکرم معلم عبدالہادی بابارینڈے صاحب نے ’’شہدائے احمدیت ‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔اس تقریر کا بھی مقامی زبانوں ہائوسا اوریوروبا میں ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔

اس کے بعد صدر مجلس نے اپنے اختتامی کلمات میں کہاکہ’’میں معزز مہمانان کرام اور شاملین جلسہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اتنے انہماک سے اس جلسہ کی کارروائی کو سنا ۔اللہ تعالیٰ ہمیں اس جلسہ سے بھرپور فائدہ اٹھانے والا بنائے۔آمین ‘‘۔اس کے بعد صدر مجلس نے اختتامی دعا کروائی اور اجلاس اپنے اختتام کو پہنچا۔

اس اجلاس کے بعد کچھ نکاحوں کے اعلانات کئے گئے۔

نماز مغرب و عشاءکے بعد کھانے کا وقفہ ہوا۔بعد ازاں مجلس سوال وجواب ہوئی۔ جس میں خاکسار ناصر احمد محمودطاہر مبلغ سلسلہ، مکرم نورالدین اوکوبینا صاحب مبلغ سلسلہ ،مکرم الحاجی دارامولا صاحب معلم سلسلہ اور ،مکرم معلم عبدالفتاح ایڈوں صاحب نے سوالات کے مدلّل اور تسلّی بخش جوابات دیئے۔اور اس طرح آج کا دن اپنے اختتام کو پہنچا۔

دوران مجلس سوال و جواب جو جلسہ گاہ میںعوام الناس کے لئے منعقد کی جا رہی تھی ،ایک الگ مارکی میں مکرم امیر صاحب نائیجریا کی مبلغین کرام و معلمین کرام کے ساتھ میٹنگ کا انتظام تھا۔اس میں قائمقام مبلغ انچارج مکرم عدنان طاہر صاحب نے نائیجریا میں جاری تبلیغی ، تربیتی اور تعلیمی کاموں کے بارے میں حاضرین کو بتایا۔جس پر امیر صاحب نے سب کی حوصلہ افزائی فرمائی نیزمکرم امیر صاحب نے تبلیغی میدان میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منشاء کے مطابق اور دلجمعی سے جماعتی کاموں میں مصروف رہنے پر معلمین کا شکریہ بھی ادا کیا اور تحریک جدید کی طرح وقف جدید میں بھی پہلے سے بہتر طور پر کام کرنے کی تلقین فرمائی۔ دعا کے ساتھ یہ میٹنگ اپنے اختتام کو پہنچی۔

جلسہ سالانہ کاتیسرا دن

حسب معمولدن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجرکے بعد صبح 06:15 بجے جلسہ سالانہ کے آخری دن کے اجلاس کی کارروائی کا آغازہوا۔جس کی صدارت مکرم مشہود ۔اے۔فشولاصاحب امیر جماعت احمدیہ نائیجیریانے کی۔

تلاوت و عربی قصیدہ کے بعداس اجلاس میں مکرم امیر صاحب جما عت احمدیہ نائیجیریانے’’ لو کان الایمان معلقا بالثریالنا لہ رجل او رجال من ھؤلاء‘‘ سے نظام خلافت کی پیشگوئی اور خلافت سے ملنے والی نصائح کی روشنی میں تربیت اولاد کے مضمون پر خطاب کیا اوراختتامی دعا کروائی جس کے ساتھ ہی جماعت احمدیہ نائیجیریا کا65 واں جلسہ سالانہ2017 ءاپنے اختتام کو پہنچا۔

اس جلسہ کی حاضری 35,131 رہی۔جلسہ میں5ممالک گھانا،ریپبلک آف بینن، ایکٹوریل گنی، کیمرون اور چاڈ کے وفود نے بھی شرکت کی۔

جلسہ سالانہ کے موقعہ پر لجنہ جلسہ گاہ میں بھی تمام پروگرام براہ راست دکھانے کا انتظام کیا گیا تھا۔اس کے علاوہ ان کے اپنے پروگرام بھی ان کی مارکی میں جاری رہے۔

جلسہ سالانہ کے موقعہ پر نمائش اور بک اسٹال بھی لگایا گیا تھا جہاں سے احباب کرام نے کتب خریدیںاور اس کو پسند کیا۔نیز مارکیٹیں بھی لگائی گئیں تھیںجہاں کھانے کی ضروری اشیاء موجود تھیں۔

جلسہ سالانہ کے موقعہ پرکھانے کے لئے لجنہ اور مردانہ کچن کا الگ الگ انتظام کیا گیا تھا۔جس کی وجہ سے کھانے کی پکوائی اور تقسیم کا کام نہایت تسلی بخش رہا۔جبکہ شاملین کے لئے بھی ٹینٹ لگا کر کھانا کھلانے کا انتظام کیا گیاتھا۔

اسی طر ح جلسہ سالانہ کے دوران میڈیکل کلینک کا بھی انتظام کیا گیا تھا ۔ جہاں سے احباب جماعت کو مفت علاج کی سہولت میسر رہی۔

اسی طر ح جلسہ سالانہ کے دوران مجلس خدام الاحمدیہ نائیجیریا کی طرف سے ’’جلسہ ریڈیو‘‘کا بھی انتظام کیا گیا تھا جس کے ذریعہ سے تمام جلسہ کی کارروائی براہ راست انگریزی ، ہاؤسا اور یوروبا زبانوں میں نشر ہوتی رہی۔ جلسہ کی کارروائی کے بعد ان تین زبانوں کے علاوہ فرنچ اور عربی زبانوں میں بھی براہ راست پروگرام نشر کئے جاتے رہے۔نیز اس ریڈیو کی رینج’’ الارو، ٹاؤن‘‘ تک تھی۔اس ریڈیو کے ذریعہ بھی غیر از جماعت احباب کی ایک کثیر تعداد کو اس جلسہ کی کارروائی سے استفادہ کی توفیق ملی۔

آخر پر مولا کریم سے دعا ہے کہ وہ آئندہ بھی ہمیں اپنے فضل اور رحم سے ان امور کوبہتر طریق پر انجام دینے کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔آمین۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button