تعارف کتاب

تعارف کتاب

(نصیر احمد قمر۔ ایڈیشنل وکیل الاشاعت (طباعت))

(نصیر احمدقمر -ایڈیشنل وکیل الاشاعت لندن)

نام کتاب اطاعت کی اہمیت اور برکات

مصنفسر افتخار احمد ایاز(سابق امیر جماعت احمدیہ برطانیہ)

صفحات 450

پبلشر ڈاکٹر سعدیہ ایاز ، لندن

مکرم و محترم ڈاکٹر سر افتخار احمد ایاز صاحب کو اللہ تعالیٰ نے دینی اور دنیوی ہر لحاظ سے بہت سی ممتاز خدمتوں کی سعادت سے نوازا ہے۔ انہی میں سے ایک آپ کی تصنیفی خدمات ہیںجو خدا تعالیٰ کے فضل اور رحم کے ساتھ گزشتہ کئی سال سے آپ اپنی دیگر متنوّع اور متعدّد مصروفیات کے ساتھ ساتھ نہایت خوش اسلوبی سے انجام دے رہے ہیں۔ قبل ازیں آپ کی تین کتب

1- وقف زندگی کی اہمیت اور برکات

2- خلافت کی اہمیت اور برکات

3- واقفین زندگی کے ساتھ الٰہی تائید و نصرت کے ایمان افروز واقعات

زیور طبع سے آراستہ ہوکر بہت سے افرادکے لئےفیضان رسانی اور تقویت ِایمانی کا موجب بنتے ہوئے قبولیت کا شرف پا چکی ہیں۔

مذکورہ بالا کتب میں سے پہلی کتاب یعنی ’’وقف زندگی کی اہمیت اور برکات‘‘ کا تو انگریزی زبان میں بھی ترجمہ شائع ہوچکا ہے اور اس وقت فرنچ زبان میں ترجمہ زیر طباعت ہے۔ اس کی مقبولیت اور پسندیدگی کی وجہ سے اب یہ عربی زبان میں بھی زیر ترجمہ ہے۔امید ہے دیگر کتب کا بھی انگریزی اور دوسری اہم زبانوں میں ترجمہ کرکے انہیں شائع کیا جائے گا تاکہ ان کا دائرہ فیض وسیع سے وسیع ترہوتا چلا جائے اوریوں یہ امر خود مصنف کےلئے بھی زیادہ سے زیادہ افراد کی دعائوں کے حصول اور برکات کا موجب ہو۔

محترم سر افتخاراحمد ایاز صاحب نے اب ایک اور نہایت اہم موضوع پر قلم اُٹھایا ہے یعنی ’’اطاعت کی اہمیت اور برکات‘‘۔ اس کتاب کے مطالعہ سے اس موضوع کی اہمیت اور برکات قارئین پر خوب روشن اور واضح ہو جائیںگی کیونکہ جن مآخذ سے یہ کتاب تیار کی گئی ہے وہ نہایت مستند اور بہت ہی مقدس اور مبارک ہیں۔ یعنی یہ کتاب اس موضوع پر کلام ِالٰہی قرآن مجید و فرقان حمید، احادیث نبویہ صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت اقدس مسیح موعود و مہدی معہود علیہ السلام اور آپ کے خلفاء کرام کے ارشادات اور فرمودات پر مشتمل ہے۔ اور کون نہیں جانتا کہ یہ سب مآخذ آسمانی روشنی اپنے اندر رکھتے ہیں اور بلا شبہ ہدایت اور کامیابی کا سرچشمہ ہیں۔

پھر اس میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کے صحابہ کرام ؓ اور دیگر صلحاء اور بزرگان کی عملی اطاعت کے نہایت اثر انگیز ،روح پرور اور ایمان افروز واقعات بھی بیان کئے گئے ہیں جن سے اطاعت اور اس کی برکات کا مضمون اَور بھی کھل کر سامنے آجاتا ہے۔

ہم احمدی جو اس زمانہ میں آنحضرت ﷺ کے غلامِ کامل حضرت مسیح موعود و مہدی معہود علیہ السلام کی بیعت میں شامل اور خلافتِ حقّہ اسلامیہ احمدیہ سے وابستگی کے نتیجہ میں اس الٰہی جماعت کے فرد ہیں، ہمارے لئے اطاعتِ خلافت اور اطاعتِ نظام کا مضمون غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔اور ہمارا فرض ہے کہ ہم گہری نظر کے ساتھ اور عرفان کے ساتھ اس کے تمام پہلوئوں سے آگاہی حاصل کریں اور خدا تعالیٰ سے استعانت طلب کرتے ہوئے، اسلام کی حقیقت پر قائم ہوتے ہوئے ،اس کے تمام تقاضوں کو پورا کرنے کی سعی کریں تاکہ اطاعتِ الٰہی کی برکات سے حصہ پائیں اور ہماری دنیا و آخرت سنور جائیں اور اسلام پر ہی آئے جب آئے قضاہمیں۔رَبَّنَآ اَفْرِغْ عَلَيْنَا صَبْرًا وَتَوَفَّنَا مُسْلِـمِيْنَ۔

امید ہے کہ محترم سر افتخار احمد ایاز صاحب کی یہ تالیف اس پہلو سے بہت مفید اور اہم کردار ادا کرے گی اور افراد جماعت اس سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کی کوشش کریںگے۔ اللہ کرے کہ ایسا ہی ہو

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button