یورپ (رپورٹس)

یورپین بلکان کے احمدی جوڑے کی جلسہ سالانہ قادیان میں پہلی بار شرکت

(رپورٹ زبیر خلیل خان۔ صدر احمدیہ جماعت کروشیا)؎

سال 2017 ءمیں فیملی مولا بیگو وچ آف کروشیا کو جماعت میں شمولیت کی سعا دت نصیب ہوئی۔ الحمدللہ۔ مختلف مواقع پر انہوں نے قادیان اور ربوہ کی مقدس بستیوں کی زیارت کے لئے دلچسپی کا اظہار کیا۔ سال 2017ء میں کچھ ایسا سبب بنا کہ خاکسار اور خاکسار کی اہلیہ کو منجھلے بیٹے عزیزم ظفر اللہ خان نے جلسہ سالانہ قادیان میں شمولیت کی دعوت دے دی۔خاکسار نے اس امر کا ذکر فیملی مولا بیگو وچ سے کیا۔ محترمی سیعاد مولا بیگوچ اور ان کی اہلیہ محترمہ نصیحہ مولا بیگووچ صاحبہ کو یہ جان کر خوشی ہوئی اور انہوں نے بھی ساتھ جانے کی حامی بھر لی۔ بعض مخصوص حالات کی بنا پر ربوہ کی زیارت کا پروگرام نہ بن سکا تاہم دونوں میاں بیوی جلسہ سالانہ قادیان میں شریک ہوئے اور بہت ہی روح پرور اَنمٹ یادیں لے کر واپس آئے۔ اُن کے مطابق قادیان کی بستی میں کوئی خاص بات ہے جو کہ محسوس کی جا سکتی ہے۔ پُرسکون اور ٹھہرا ٹھہرا سا ماحول، بھلے مانس سے لوگ، آنکھوں میںمحبت کی پرچھائیاں اور خلوص بھرے چہرے ان کو زندگی بھر یاد رہیں گے۔ کہنے لگے انہوں نے یورپ اور دیگر علاقوں کے بے شمار قبرستان دیکھے ہیں لیکن روح کو جو تسکین بہشتی مقبرہ میں جاکر ملی وہ الفاظ میں بیان نہیں کی جا سکتی۔ حقیقتاً ایسا ہی محسوس ہو رہا تھا جیسے اس قبرستان کے باسی جنت الفردوس کے مزے لے رہے ہیں۔

دارالمسیح، بیت الدعا، مسجد مبارک، مسجد اقصیٰ ہر جگہ کی نرالی شان تھی جو محسوس تو کی جا سکتی ہے لیکن الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔ ہوشیار پور میں چلّہ کشی والے کمرے اور لدھیانہ میں پہلی بیعت والی جگہ کی بھی اونچی شان تھی۔ اس جگہ پر پُرسکون ماحول میں نوافل کی ادائیگی احساس دلاتی رہی کہ یہاں اللہ کے کسی بر گزیدہ کا کچھ وقت گزرا ہے۔ جلسہ سے قبل، دوران جلسہ اور جلسہ کے اختتام پر عہدیداران اور اہالیان قادیان نے جس محبت اور خلوص کے ساتھ ان کی پذیرائی کی وہ ان کی زندگی کی انمول یادیں ہیں جن کاذکر وہ اپنے ملنے والوں کی محافل میں کرتے رہتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

نوٹ۔ بلکان کے علاقہ جس میں سابقہ یوگوسلاویہ کی ریاستیں۔ بوزنیا، سربیا، کروشیا، سلوانیہ، مونٹے نیگرو۔ کوسووا اور مقدونیہ شامل ہیں اس علاقہ سے یہ پہلے احمدی افراد ہیں جن کو محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے دیار مہدی کی زیارت اور جلسہ سالانہ قادیان میں شمولیت کی سعات نصیب ہوئی ہے۔ اللہ تعالیٰ اس سلسلہ کو مزید وسعتیں اور برکتیں عطا فرمائے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button