متفرق مضامینمضامین

2016ء کے دوران شاہد کی ڈگری کے حقدار قرار پانے والے جامعہ احمدیہ کینیڈا کے 11 طلباء اور جامعہ احمدیہUK کے 14 طلباء میں تقسیم اسناد کی تقریب۔

(حافظ محمد ظفر اللہ عاجزؔ)

جامعہ احمدیہ یو کے کے تعلیمی سال 2014-2015ء کے دوران تمام کلاسز میں سالانہ امتحانات میں اعزاز پانے والے اٹھارہ طلباء میں تقسیم انعامات
حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی بابرکت شمولیت
انعامات و اسناد کی تقسیم، پُر حکمت نصائح پر مشتمل خطاب اور ظہرانہ میں شرکت

سیّدنا حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز 04؍ مارچ 2017ء بروز ہفتہ جامعہ احمدیہ یو کے (UK) کے پانچویں کانووکیشن میں رونق افروز ہوئے ۔ جامعہ احمدیہ یو کے مسجد فضل لندن سے قریباً چالیس میل کے فاصلہ پر انگلستان کی کاؤنٹی سَرے کے ایک خوبصورت قصبہ ہیزل میئر (Haslemere) میں ایک پہاڑ کی چوٹی پر واقع ہے۔ اس روز سال 2016ء کے دوران شاہد کی ڈگری کے حقدار قرار پانے والے جامعہ احمدیہ کینیڈا کے 11 اورجامعہ احمدیہ یوکے (UK) کے 14طلباء نے اسنادِ شاہد جبکہ جامعہ احمدیہ یوکے کے تعلیمی سال 2014-2015ء کے دوران تمام کلاسز میں سالانہ امتحانات میں اعزاز پانے والے 18طلباء کو ملا کر کل 29خوش نصیب طلباء نے حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دستِ مبارک سے انعامات پانے کا اعزاز حاصل کیا۔ جبکہ عزیزم مظہر احسن مرحوم کی اعزازی ڈگری برائے ’شاہد‘ ان کے والد محترم ظفر اقبال صاحب نے وصول پائی ۔ عزیزم مظہر احسن مرحوم نے امسال شاہد کی ڈگری حاصل کرنے والے طلباء کے ساتھ جامعہ کاسات سالہ تعلیمی سفر طے کیا لیکن کینسر کی موذی بیماری سے لڑتے ہوئے اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔

حضورِ انور ایدہ اللہ کی تشریف آوری اور تقریبِ تقسیم اسناد

حضرت امیر المومنین خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مع ممبران قافلہ گیارہ بجکر پینتیس منٹ پر stone house میں جامعہ احمدیہ میں تشریف لے آئے۔ امیر جماعتِ احمدیہ برطانیہ مکرم رفیق احمد حیات صاحب، پرنسپل جامعہ احمدیہ یوکے محترم صاحبزادہ مرزا ناصر انعام احمد صاحب، پرنسپل جامعہ احمدیہ کینیڈا محترم ہادی علی چوہدری صاحب اورصدر تعلیمی کمیٹی و ناظم اعلیٰ تقریب تقسیم اسناد جامعہ احمدیہ محترم ظہیر احمد خان صاحب نے حضورِ انور کے استقبال کا شرف حاصل کیا۔ بعد ازاں حضورِ انور11بجکر 40 منٹ پر جامعہ احمدیہ کی عمارت میں رونق افروز ہوئے اور پرنسپل صاحب جامعہ احمدیہ کے دفتر تشریف لے گئے جہاں Haslemereکے ایک لوکل اخبار Haslemere Heraldکی نامہ نگار Beatrice Phillpotts موجود تھیں۔ انہوں نے اپنے اخبار کے لئے حضورِ انور سے ایک انٹرویو لیا۔ تقریبًا دس منٹ تک جاری رہنے والے اس انٹرویو کی ریکارڈنگ ایم ٹی اے نے بھی کی۔ یاد رہے کہ یہ اخبار 1896ء میں اس علاقہ کے مقامی اخبار کے طور پر نکلنا شروع ہوا اور اس کی اشاعت اب تک جاری ہے۔ یہ اخبار South West Surrey اور North East Hampshire میں نکلنے والے چھ Heraldاخبارات میں سے ایک ہے اور مقامی لوگ اسے بڑی کثرت سے پڑھتے ہیں۔

بعد ازاں گیارہ بج کر پچاس منٹ پر حضورِانور جامعہ احمدیہ کے آڈیٹوریم میں تشریف لائے جہاں تقریب تقسیم اسناد کا انتظام کیا گیا تھا اور طلباء و اساتذہ جامعہ احمدیہ کے ساتھ ساتھ تقریب میں شامل ہونے والے مہمان بھی حضورِ انور کے لئے چشم براہ تھے۔

حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ کے کرسی ٔ صدارت پر رونق افروز ہونے پر تقریب کا باقاعدہ آغازتلاوت قرآن کریم سے ہوا جونفیس احمد قمر صاحب نے کی۔ تلاوت کی جانے والی سورۃ الجمعہ کی آیاتِ مبارکہ(1تا05) کا اردو ترجمہ سلمان احمد قمر صاحب نے تفسیرِ صغیر سے پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔اس کے بعد حضرت اقدس مصلح موعودرضی اللہ عنہ کے پاکیزہ منظوم کلام’’ تقویٰ کی جڑھ یہی ہے کہ خالق سے پیار ہو‘‘ سےبعض منتخب اشعار حفیظ احمد صاحب نے دل نشین انداز میں پیش کئے۔

بعد ازاں مکرم ظہیر احمد خان صاحب صدر تعلیمی کمیٹی جامعہ احمدیہ یو کے نے رپورٹ پیش کی جس میں انہوں نے بتایا کہ جامعہ احمدیہ یو کے سے فارغ التحصیل ہونے والی یہ پانچویں شاہد کلاس ہے جس کے 14 مربیان کرام اللہ تعالیٰ کے فضل سے حضور انور کے دست مبارک سے اسناد حاصل کرنے کی سعادت حاصل کریں گے۔ ان مربیان کرام نے جن کا تعلق یوکے، جرمنی، فرانس اور ناروے سے ہے، 2009ء میں جامعہ احمدیہ میں اپنے تعلیمی سفر کا آغاز کیا تھا۔

اس کے بعد محترم ہادی علی چوہدری صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ کینیڈانے اپنی رپورٹ تفصیل سے پیش کی۔

تقسیم انعامات و اسناد

بعد ازاںحضرت امیرالمومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہِ شفقت اوّلًا درج ذیل 11شاہدین جامعہ احمدیہ کینیڈا2016ءکو اسناد عطا فرمائیں۔

1۔ مکرم عاطف احمد زاہد صاحب مربی سلسلہ، 2۔ مکرم چوہدری منصور عظیم صاحب مربی سلسلہ، 3۔ مکرم ندیم احمد خانصاحب مربی سلسلہ، 4۔ مکرم مکرم سرجیل احمد صاحب مربی سلسلہ، 5۔ مکرم خالد احمد خانصاحب مربی سلسلہ، 6۔ مکرم عبدالباسط خواجہ صاحب مربی سلسلہ، 7۔ مکرم ساجد اقبال صاحب مربی سلسلہ، 8۔ مکرم ثاقب محمود ظفر صاحب مربی سلسلہ، 9۔مکرم لقمان احمد صاحب مربی سلسلہ، 10۔ مکرم رضوان احمد سیّد صاحب مربی سلسلہ اور 11۔ مکرم ملک فرہاد احمد غفار صاحب مربی سلسلہ

اس کے بعد حضورِ انور ایّدہ اللہ نے جامعہ احمدیہ یوکے (UK) کے تعلیمی سال 2014-15ء کی چھ کلاسوں درجہ خامسہ، رابعہ، ثالثہ، ثانیہ ، اولیٰ اور ممہدہ کے امتحانات میں اوّل ، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو انعامات اور اسنادِ امتیاز عطا فرمائیں۔ صدر تعلیمی کمیٹی و استاد جامعہ احمدیہ یو کے اعزاز پانے والے طلباء کے نام پڑھتے گئے اور درج ذیل خوش نصیب طلباء ایک ایک کر کے ان یادگار لمحات میں حضورِ انور کے بابرکت ہاتھوں سے یہ انعامات حاصل کرتے رہے۔

تعلیمی سال 15-2014ء کے دوران درجہ ممہدہ تا درجہ خامسہ میں اعزاز پانے والے 18طلباء کے اسماء یوں ہیں:

درجہ خامسہ: اول:عزیزم مروان سرور گِل ، دوم: عزیزم آفاق احمد ، سوم: عزیزم عدنان حیدر۔

درجہ رابعہ: اول:عزیزم سیّد احسان احمد، دوم: عزیزم راحیل احمد ، سوم:عزیزم احمد نور الدین جہانگیر۔

درجہ ثالثہ: اول: عزیزم مبشر احمد ظفری، دوم:عزیزم نوشیروان احمد، سوم: عزیزم عمران سلام۔

درجہ ثانیہ: اول:عزیزم سید عدیل احمد، دوم:عزیزم حافظ طٰہٰ داؤد، سوم:عزیزم دانیال محمود کاہلوں۔

درجہ اولیٰ: اول:عزیزم سرفراز احمد باجوہ، دوم:عزیزم صہیب احمد، سوم:عزیزم معاذ احمد۔

درجہ ممہدہ: اول:عزیزم مصطفیٰ احمد صدیق ، دوم: عزیزم اسامہ بٹ ، سوم: دانیال احمد

اس کے ساتھ ہی حضورِ انور نے ازراہِ شفقت جامعہ احمدیہ یو کے سے 2016ء میں فارغ التحصیل ہونے والے درج ذیل 14 خوش نصیب مربیان کرام کو اپنے دستِ مبارک سے’تفسیرِ صغیر‘، حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے جامعہ احمدیہ یوکے، کینیڈا اور جرمنی کے کانوکیشنز کے مواقع پر ارشاد فرمودہ خطابات پر مشتمل کتاب ’لائحہ عمل‘ اور شاہد کی اسناد عطا فرمائیں:

1۔ مکرم مروان سرور گل صاحب مربی سلسلہ، 2۔ مکرم عدنان حیدرصاحب مربی سلسلہ، 3۔ مکرم آفاق احمدصاحب مربی سلسلہ، 4۔ مکرم شرجیل احمد صاحب مربی سلسلہ، 5۔ مکرم جلیس احمد صاحب مربی سلسلہ، 6۔ مکرم حسن سلبی صاحب مربی سلسلہ، 7۔ مکرم سید ابرار شاہ صاحب مربی سلسلہ، 8۔ مکرم نبیل ناصر صاحب مربی سلسلہ ، 9۔ مکرم ثمر احمد صاحب مربی سلسلہ، 10۔ مکرم فرخ ارشد صاحب مربی سلسلہ، 11۔ مکرم ساحل محمودصاحب مربی سلسلہ، 12۔ مکرم غلام فراز فیصل صاحب مربی سلسلہ، 13۔ مکرم ساحل منیر صاحب مربی سلسلہ، 14۔ مکرم توقیر تنویر صاحب مربی سلسلہ ، 15۔ مکرم مظہر احمد احسن صاحب مرحوم کی اعزازی ڈگری ان کے والد محترم ظفر اقبال صاحب نے وصول کی۔

حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا بصیرت افروز خطاب

تقسیم اسناد اور انعامات کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ایک نہایت پر معارف خطاب ارشاد فرمایا جوقریبًا چالیس منٹ تک جاری رہا۔ اس خطاب میں حضورِ انور ایّدہ اللہ نے ان فارغ التحصیل ہونے والے مربیان کرام کو خصوصًا جبکہ دنیا کے کونے کونے میں موجود مبلغین و مربیانِ سلسلہ کو عمومًا نہایت اہم اور بصیرت افروز نصائح فرمائیں۔

(حضورِ انور ایدہ اللہ کے اس خطاب کا مکمل متن الفضل انٹرنیشنل کے اسی شمارہ کی زینت ہے۔ ملاحظہ ہو صفحہ نمبر4۔)

تصاویر

حضورِ پُرنور نے اپنے خطاب کے بعد دعا کروائی اور اس تقریب کا باقاعدہ اختتام ہوا۔ دعا کے بعد اس تاریخی موقع پر حضورِ انورایدہ اللہ نے اپنے خدام مربیانِ سلسلہ و شاہدین جامعہ احمدیہ کینیڈا و جامعہ احمدیہ یو کے برائے سال 2016ء کو اپنے ہمراہ الگ الگ گروپ کی صورت میں تصاویر بنوانے کی سعادت بخشی۔ حضورِ انور نے ازراہِ شفقت امراء جماعت احمدیہ جرمنی، فرانس، ناروےاور یوکے کو بھی تصاویر میں شامل ہونے کا ارشاد فرمایا۔ امسال شاہد کی ڈگری حاصل کرنے والے خوش نصیب طلباء میں سے کچھ کا تعلق ان ممالک سے تھا اور یہ احباب بطورِ خاص اس یادگار تقریب میں شامل ہونے کے لئے تشریف لائے تھے۔

اس موقع پر بنوائی جانے والی دیگر تصاویر میں جامعہ احمدیہ کی تمام کلاسوں درجہ ممہدہ تا درجہ سادسہ، اساتذہ جامعہ احمدیہ، کارکنان جامعہ احمدیہ کی الگ الگ تصاویر کے علاوہ جامعہ احمدیہ کے تمام طلباء کی ایک گروپ فوٹو بھی شامل ہے۔ ان تمام تصاویر میں محترم امیر صاحب جماعت احمدیہ یوکے اورمحترم پرنسپل صاحب جامعہ احمدیہ بھی شامل ہوئے۔

اس کے علاوہ امسال جامعہ احمدیہ سے اعزازی طور پر شاہد کی سند حاصل کرنے والے عزیزم مظہر احسن مرحوم کے والد محترم ظفر اقبال صاحب کو بھی حضورِ انور نے اپنے ہمراہ تصویراتروانے کی اجازت عطا فرمائی جس میں محترم امیر صاحب یو کے اور محترم پرنسپل صاحب جامعہ بھی شامل ہوئے۔

اس کے علاوہ اس تقریب میں موجود جامعہ احمدیہ کینیڈا سے فارغ التحصیل ہونے والے مربیان کرام کو بھی حضورِ انور ایدہ اللہ نے ازراہِ شفقت اپنے ساتھ تصویر بنوانے کی سعادت بخشی۔اس تصویر میں محترم امیر صاحب جماعت احمدیہ کینیڈا اورمحترم پرنسپل صاحب جامعہ احمدیہ کینیڈا بھی شامل ہوئے۔

ظہرانہ

بعد ازاں حضور انور کی اقتدا میں نمازِ ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں اور پھر حضورانور اور تمام مہمان ظہرانے کے لئے طعامگاہ تشریف لے گئے۔ ظہرانے کے لئے جامعہ احمدیہ کے جنوبی جانب واقع لان میں مارکی لگائی گئی تھی۔ قریباً ساڑھے چار سو مہمانوں کے لئے جامعہ احمدیہ میں ہی تیار کیا جانے والالذیذ کھانااپنی روایات کے مطابق جامعہ احمدیہ کے طلباء نے انتہائی مستعدی کے ساتھ مہمانوں کو پیش کیا۔ ظہرانے کے بعد حضورِ انور کچھ دیرجامعہ احمدیہ میں ہی قیام پذیر رہے اور وہاں موجود اپنے خدام کو شرفِ دیدار اور قربت کا فیض بخشتے رہے۔

اس مبارک تقریب کو ایم ٹی اے کے لئے ریکارڈ کرنے کے لئے ایم ٹی اے کی ٹیم وہاں موجود تھی۔ بعدازاں یہ پروگرام ایم ٹی اے پر متعدّد مرتبہ نشر کیا گیا۔ جبکہ فوٹوگرافی شعبہ مخزن تصاویر کی جانب سے کی گئی۔ جامعہ احمدیہ کے شعبہ سمعی و بصری کی طرف سے بھی فوٹوگرافی کا انتظام کیا گیا تھا۔

تقریب کے شرکاء

اس تقریب کے شرکاء میں وکلاء ،ایڈیشنل وکلاء، انچارج صاحبان ڈیسکس و شعبہ جات ،امیر صاحب جماعت یوکے،امیر صاحب جماعت احمدیہ کینیڈا،فرانس، بیلجیم، ہالینڈ، آسٹریلیا، گیمبیا اور ابوظہبی سے تشریف لانے والے امرائے کرام،پرنسپل صاحب جامعہ احمدیہ کینیڈا، انگلستان میں خدمات بجا لانے والے واقفینِ زندگی و مبلّغینِ کرام، ’شاہد‘کی اسناد پانے والے طلباء کے والدین، نائب امراء جماعتِ احمدیہ یو کے، مجلسِ عاملہ جماعتِ احمدیہ یو کے کے ممبران اور ریجنل امراء یوکے شامل تھے۔ علاوہ ازیں مختلف ممالک سے امراء و مبلغین کرام اور دیگر معززین بھی اس تقریب میں شمولیت کے لئے تشریف لائے تھے۔

اس تقریب میں حضرت صاحبزادی امۃ السبوح بیگم مدظلہا( حرم حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز)کی معیّت میں صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ یوکے، بیگم صاحبہ امیر صاحب جماعت یوکے، بیگمات اساتذہ جامعہ احمدیہ اورشاہدین کی اسناد پانے والے خوش نصیب طلباء کی والدات و شادی شدہ طلباء کی بیگمات نے بھی شمولیت اختیار کی۔جامعہ احمدیہ کے احاطہ میں ہی مہمان خواتین کے لئے الگ سے انتظامات کیے گئے تھے۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ سب مبلغین و مربیان کرام کو حضور انور کی نصائح پر عمل پیرا ہوتے ہوئے، حضورِ انور کی توقعات کے عین مطابق بھر پور خدمت ِ دین کی توفیق عطا فرمائے اور تمام مبلغین کو حضورِ انور کا سلطانِ نصیر بنا دے۔ آمین اللّٰھم آمین۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button