نماز جنازہ حاضر و غائب

نمازجنازہ حاضر وغائب ( 26،جنوری 2017ء )

مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ بتاریخ 26؍جنوری 2017ء بروز جمعرات، نمازظہر سے قبل حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نےمسجد فضل لندن کے باہر تشریف لاکر مکر م رانا فضل محمد صاحب(لندن۔ یوکے) کی نمازجنازہ حاضر پڑھائی۔

آپ 22؍جنوری 2017ءکومختصر علالت کے بعد 98 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مستری دین محمد صاحبؓصحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے بیٹے تھے ۔ صوم وصلوٰۃ کے پابند، دعاگو،تہجد گزار،بہت نیک اور مخلص انسان تھے۔خلافت کے ساتھ والہانہ لگاؤ تھا۔فرقان فورس میں خدمت کے علاوہ حفاظت خاص میں اعزازی خدمت کی توفیق پائی۔مرکزی جلسہ سالانہ ربوہ پر ناظم گوشت کے طور پر بھی خدمت بجالاتے رہے۔آپ کے سب بچے بھی کسی نہ کسی رنگ میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں ۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ چار بیٹیاں اورچار بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔ آپ کے ایک داماد مکرم عمران احمدچغتائی صاحب نائب افسر جلسہ سالانہ یوکے کی حیثیت سے خدمت بجالارہے ہیں۔

نماز جنازہ غائب:

-1مکرم چوہدری عمر دین خان صاحب درویش قادیان (حال کیلیفورنیا۔امریکہ)

آپ 5 دسمبر2016 ءکو 97 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نے1946ء میں حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ کے ہاتھ پر بیعت کرکے جماعت میں شمولیت اختیار کی ۔بیعت کے بعد حضورؓ نے آپ کو قادیان میں ہی رہنے کا ارشاد فرمایا۔ چنانچہ آپ برٹش آرمی میں اپنی ملازمت سے استعفیٰ دے کرمستقل طور پر قادیان آگئے ۔1947ءمیں ہندوستان کی تقسیم کے موقعہ پر آپ نے قادیان دارالامان کی حفاظت کے لئے اپنا نام پیش کیا اور یوں آپ کو درویشی کی سعادت حاصل ہوئی۔ جہاں بھی آ پ کی ڈیوٹی لگائی گئی آپ نے صدق دل سے اسے ادا کیا۔1984ء میں آپ امریکہ آگئے اور پھر وفات تک وہیں رہائش پذیر رہے۔آپ بڑے شجاع، صابر وشاکر ، غریبوں اور مسکینوں کے خیر خواہ ، نظام جماعت اور خلافت کےاطاعت گزار اورایک متوکل علی اللہ انسان تھے۔جماعتی پروگراموں اور جلسوں میں باقاعدگی سے شامل ہوتے اوراپنا چندہ بروقت ادا کیا کرتے تھے۔مرحوم موصی تھے ۔ پسماندگان میں چاربیٹیاں اور دو بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔آپ کے سب بچے امریکہ میں رہائش پذیر ہیں۔ آپ کے دونواسے عزیزم جلیس احمد ڈار اور عزیزم مزمل جلال صاحب جامعہ احمدیہ کینیڈامیں زیر تعلیم ہیں۔ان کے ایک داماد مکرم برادر عبدالرقیب ولی صاحب امریکہ میں Mersed (کیلیفورنیا) جماعت کے صدر کے طور پر خدمت بجالارہے ہیں۔

2۔مکرم چوہدری انور احمد گھمن صاحب(آف لاہور)

آپ 22 اگست2016 ءکو بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کو نصرت جہاں سکیم کے تحت سیرالیون میں ’’روکو پر‘‘ کے مقام پر قائم ہونے والے پہلے احمدیہ سیکنڈری سکول کے پرنسپل کے طور پر 10سال تک بڑی جانفشانی اور اخلاص کے ساتھ خدمت کی توفیق ملی۔سکول کے لئے زمین کی خرید اور عمارت کی تعمیر کا ابتدائی کام بھی آپ کے دور میں شروع ہوا۔ ’’روکوپر‘‘ کی مقامی احمدیہ مسجد کی تعمیر میں بھی آپ کو مالی معاونت کی بھی توفیق ملی ۔

3۔مکرم مبشر احمد پال صاحب (آف سیالکوٹ)

آپ 27مارچ2016 ءکو طویل علالت کے بعد وفات پاگئے۔ اِنَّالِلہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ مئی 1973ء میں نصرت جہاں سکیم کے تحت حضرت خلیفۃالمسیح الثالثؒ کے ارشاد پر سیرالیون گئے۔ پہلے ’’روکوپر‘‘ میں بطور واقف زندگی ٹیچر تعینات ہوئے ۔پھر کبالہ میں پرنسپل مقرر ہوئے اور سکول کو A-Level تک ترقی دی۔ کبالہ میں آپ نے ایگریکلچرل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ بھی قائم کیا۔ سیرالیون جانے سے پہلے سیالکوٹ میں ناظم اطفال کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ بچوں کی تربیت کے لئے کتابچے بھی لکھے۔آپ کے دور میں سیالکوٹ مجلس نے تین بار علم انعامی حاصل کیا۔ آپ کی شادی1987ء میں سیرالیون سے واپسی پر مکرم شیخ محمد رمضان صاحب(امیر جماعت ڈیرہ غازی خان ) کی بیٹی سے ہوئی جو حضرت شیخ اللہ بخش صاحب صحابی حضرت مسیح موعودؑ کی پوتی ہیں۔ آپ بہت ہمدرد، شفیق اور ملنسار انسان تھے۔بیماری کے آخری سال انتہائی تکلیف میں گزارے مگر صبر کا دامن نہیں چھوڑا۔

4۔ مکرمہ طاہرہ نسیم صاحبہ(اہلیہ مکرم محمد خالق صاحب۔ چک18بہوڑو ۔ضلع شیخوپورہ)

آپ 12جنوری2017 ءکو ایک حادثے کے نتیجہ میں وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ ربوہ سے شاہ کوٹ کے نادرہ آفس میں گئی تھیں۔ وہاں سے اپنے گاؤں کے لئے جب روانہ ہوئیں توراستہ میں کسی نے انہیں کوئی نشہ آور چیز کھلائی جس سے یہ بیہوش ہوگئیں اور نامعلوم افراد نے ان کے پاس موجود رقم، زیورات اور موبائل فون وغیرہ لوٹ کر انہیں نہر میں پھینک دیا اور خود فرار ہوگئے جس سے ان کی وفات ہوگئی۔راہ گیروں نے دیکھ کر نعش کو باہر نکالا اور پولیس کو اطلا ع دی ۔ پسماندگان میں بوڑھے والد مکرم ماسٹر محمد ابراہیم صاحب بھامبڑی کے علاوہ خاوند اور چار بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔ آپ کے دو بیٹے جرمنی اور دو بیٹے بیلجیم میں ہوتے ہیں۔

5۔ مکرمہ نسیمہ مجید صاحبہ(اہلیہ مکرم سید مجید اختر صاحب۔ آسٹریلیا)

آپ 18 جنوری2017 ءکو کچھ عرصہ بیمار رہنے کے بعد وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ غریب پرور،قناعت پسند، صابرہ وشاکرہ بہت مخلص اور باوفا خاتون تھیں ۔ جماعتی کاموں میں بڑی دلچسپی سے شامل ہوتی تھیں۔ اسلام آباد میں شعبہ نمائش کی سیکرٹری رہیں۔ چندہ جات کی ادائیگی بروقت کرتیں اور خلیفۃ المسیح کی ہرتحریک پر لبیک کہتی تھیں۔ان کے خاندان کو اللہ تعالیٰ نے شہادت کے رتبہ سے بھی نوازا ۔آپ کے بھائی مکرم سید قمرالحق صاحب کو سکھر میں شہید کیا گیا اور دوسرے بھائی مکرم نجم الحق صاحب (سابق امیر ضلع سکھر ) پر بھی قاتلانہ حملہ ہوا جو اس وقت تو بچ گئے مگر بعد میں اسی حملے کے اثرات سے وفات پاگئے۔پسماندگان میں تین بیٹیاں یادگار چھوڑی ہیں۔آپ مکرم مرزامحمد الدین ناز صاحب (ایڈیشنل ناظر اصلاح وارشاد تعلیم القرآن ووقف عارضی ربوہ) کی نسبتی بہن تھیں۔

6۔مکرمہ لبنیٰ رضیہ اعجاز صاحبہ(اہلیہ مکرم ڈاکٹر مجدداعجاز صاحب۔امریکہ )

آپ 8 جنوری2017 ءکو بقضائے الہٰی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت نذیر حسین صاحب کی بیٹی تھیں جوکہ حضرت حکیم محمد حسین صاحبؓ (مرہم عیسیٰ) کے بیٹے اور حضرت میاں چراغ دین صاحبؓ کے پوتے تھے۔ آپ کو صدر لجنہ امریکہ کے طور پر خدمت کی توفیق ملی۔ آپ Virginia Tech یونیورسٹی سے فزکس اور ایجوکیشن میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے والی پہلی احمدی خاتون تھیں۔ واشنگٹن ڈی سی میں آپ کو 1975ء میںWoman of the year in Education کا اعزاز دیا گیا۔ 1999ء سے 2005ء تک مرحومہ کو UNOکی طرف سے پاکستان میں بطور Chief Technology Advisor کام کرنے کا موقع ملا۔ آپ نے ورجینیا یونیورسٹی میں فزکس کے شعبہ میں اپنے نام سے سکالر شپ بھی جاری کروایا۔ آپ کو خلافت سے والہانہ عشق تھا۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں ایک بیٹی اور تین بیٹے یادگارچھوڑے ہیں۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم مجیب اسماعیل اعجاز صاحب Silicon Velley جماعت میں نائب صدر کے طور پر خدمت بجالارہے ہیں۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنی رضا کی جنتوں میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر کرنے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button