متفرق

ربوہ کا موسم(۲تا۸؍جنوری ۲۰۲۶ء)

۲؍جنوری جمعۃ المبارک کو سالِ نو کے آغاز میں نماز فجر کے وقت بہت شدید دُھند پڑ رہی تھی اور دُھند کا یہ سلسلہ گذشتہ رات سے ہی شروع ہوگیا تھا جمعہ کا دن بھی بغیر دھوپ کے گزر گیا۔ دوپہر کے وقت دھند کچھ کم ہوگئی اور آسمان پر بادل اور سموگ کا ملا جلا مکسچر پھیلا ہوا تھا جس نے سورج کو اپنی اوٹ میں چھپا یا ہوا تھا۔ ساتھ ٹھنڈ ی ہوا بھی چلنا شروع ہوگئی جس سے کافی سردی بن گئی۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۱۷؍ اور کم سے کم ۶؍درجہ سینٹی گریڈ تھا۔ ہفتہ کے روز بھی صبح کے وقت شدید دُھند تھی ظہر کے وقت کچھ کم ہوگئی اور پھر ختم ہوگئی تاہم ہلکے بادلوں کی وجہ سے سورج نہ نکلا، بادل چھٹنے سے کبھی کبھار دھوپ دیکھنے کو مل جاتی رہی۔ اتوار کو فجر کے وقت ہلکی دھند چھائی ہوئی تھی، ہوا بالکل بند تھی لیکن دن کے وقت دھند میں اضافہ ہوگیا، دن بھر دھند چھائی رہی اور سور ج کو اپنی لپیٹ میں لیے رکھا دھوپ کا دُور دُور تک نام نہیں تھا۔ سوموار کو بھی سورج نہیں نکلا، سارا دن بادل آسمان پر موجود رہ کے سورج کی نگرانی کرتے رہے، اس کو باہر نہ نکلنے دیا۔

اسی طرح منگل بھی مکمل دھند اور بادلوں میں گزرا، ساتھ یخ بستہ ہوا بھی شروع ہوگئی، لگتا تھا کہ برف باری کے بعد یخ ہوا چل رہی ہے۔ یہ ہوا ہڈیوں میں گھستی ہوئی محسوس ہوتی تھی۔ سننے میں آیا کہ سرگودھا میں ژالہ باری ہوئی ہے۔ بدھ کو بھی موسم کی یہی کیفیت تھی۔ البتہ جمعرات کو فجر کے وقت آسمان صاف تھا اور دھند غائب تھی ہوا بھی بند تھی بظاہر موسم صاف معلوم ہوتا تھا لیکن دن کے وقت دھند اور بادل پھر آگئے، آسمان کو ایسا اپنے قبضے میں لیا کہ سارا دن سورج منہ نہ نکال سکا اور بادلوں کی اتنی موٹی تہ تھی کہ دن کے وقت اندھیرا ہوگیا اور ساتھ ٹھنڈ ی ہوا نے موسم مزید یخ کردیا۔ اس ہفتہ میں اوسط ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۱۷؍ اور کم سے کم ۶؍درجہ سینٹی گریڈ رہا۔ (ابو سدید)

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button