حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک بڑے دہشت گردی کے منصوبے کو ناکام بنادیا۔ ۵؍جنوری کو بلدیہ رئیس گوٹھ میں آپریشن کے دوران دو ہزار کلوگرام سے زائد تیار بارودی مواد برآمد کیا گیا اور ایک دہشت گرد گرفتار ہوا۔ اس کی نشاندہی پر شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے گئے جہاں سے مزید دو دہشت گرد پکڑے گئے۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کے مطابق اس منصوبے کے پیچھے کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی ملوث ہے، جس کی منصوبہ بندی بیرون ملک کی گئی تھی۔ سہولت کاروں اور ہینڈلرز کی گرفتاری کے لیے مزید کارروائیاں جاری ہیں۔

٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں کی ۶۶؍تنظیموں سے امریکہ کے انخلا اور مالی معاونت ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان میں ماحولیات، امن اور جمہوریت سے متعلق عالمی فورمز شامل ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق ۳۵؍ ادارے اقوام متحدہ سے باہر جبکہ ۳۱؍اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے ہیں، جن میں UNFCCC، UNFPA اور IPCC نمایاں ہیں۔ ٹرمپ انتظامیہ کا موقف ہے کہ یہ تنظیمیں امریکی مفادات کے بجائے اپنا ایجنڈا چلاتی ہیں، جس سے امریکہ کی خودمختاری اور خوشحالی کو خطرہ لاحق ہے۔

٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وینزویلا اپنے تیل کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدن صرف امریکی مصنوعات کی خریداری پر خرچ کرے گا۔ ان کے مطابق اس میں امریکی زرعی اجناس، ادویات، طبی آلات، بجلی گھروں اور توانائی کے شعبے کو بہتر بنانے والا سامان شامل ہوگا۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے واضح کیا کہ وینزویلا کو تیل بیچنے کی اجازت اسی صورت دی جائے گی جب یہ امریکی مفادات کے مطابق ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وینزویلا امریکی قومی مفادات پورے نہیں کرتا تو اسے تیل فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

٭…امریکی شہر سالٹ لیک سٹی میں فائرنگ کے ایک واقعے میں دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق فائرنگ ایک چرچ کے قریب ہوئی۔ سالٹ لیک سٹی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں تقریباً آٹھ افراد زخمی ہوئے، جن میں سے دو شدید زخموں کے باعث جانبر نہ ہو سکے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والا مشتبہ شخص موقع سے فرار ہو گیا ہے، جبکہ علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے اور ملزم کی تلاش جاری ہے۔

٭…ایران میں مہنگائی کے خلاف پرتشدد مظاہروں کے دوران مظاہرین کی فائرنگ سے دو سیکیورٹی اہلکار جاں بحق اور تیس زخمی ہو گئے۔ مظاہرین نے سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچایا جبکہ بجنورد میں ایک دکان کو آگ لگا دی گئی، حالات کشیدہ ہیں۔

٭…وینزویلا نے پہلی بار سرکاری طور پر امریکی حملے میں ۱۰۰؍افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ وزیر داخلہ ڈیوسڈاڈو کابیلو کے مطابق امریکی فورسز نے کراکس میں صدر نکولس مادورو کو گرفتار کرنے کے دوران حملے کیے جن میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ حملہ نہایت خوفناک تھا جس میں صدر مادورو کو ٹانگ اور ان کی اہلیہ سِیلیا فلورس کو سر پر شدید چوٹ آئی۔ دونوں اس وقت امریکی حراست میں ہیں۔

٭…بحر اوقیانوس میں روسی پرچم والے آئل ٹینکر کو امریکی کوسٹ گارڈ کے قبضے میں لینے کے معاملے میں برطانیہ نے امریکہ کی معاونت کی ہے۔ برطانوی وزارت دفاع کے مطابق یہ کارروائی بین الاقوامی قانون کے تحت کی گئی اور امریکہ و برطانیہ کے دفاعی تعلقات انتہائی مضبوط ہیں۔ روس نے امریکی اقدام پر شدید احتجاج کیا اور اسے بحری قزاقی قرار دیا، ساتھ ہی جہاز پر موجود روسی عملے کی حفاظت اور ان کی محفوظ واپسی کا مطالبہ کیا۔

٭…انڈونیشیا کے صوبہ شمالی سولاویسی میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی ریلے میں ۱۴؍افراد ہلاک، ۱۸؍زخمی اور ۴؍لاپتا ہو گئے۔ گورنر کے مطابق سینکڑوں مکانات اور سرکاری عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں، جبکہ ۴۴۴؍افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور محکمہ موسمیات نے جنوری و فروری میں مزید طوفانی بارشوں اور سیلابوں کی وارننگ جاری کی ہے۔

٭…اسرائیل اور شام نے انٹیلی جنس اور سفارتی رابطوں کے لیے مشترکہ میکنزم قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ پیشرفت امریکی وفد کی سربراہی میں پیرس میں ہونے والے مذاکرات کے بعد ممکن ہوئی، جس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دونوں ممالک پر سرحدوں کی سیکیورٹی مستحکم کرنے کا دباؤ ڈالا۔ اسرائیلی ذرائع کے مطابق یہ اقدام مستقبل میں دونوں ممالک کے تعلقات کی معمول سازی کی جانب پہلا قدم ہو سکتا ہے اور امریکہ اسے مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے اہم پیش رفت قرار دے رہا ہے۔

٭…شدید سردی اور برفباری کے بعد برطانیہ کو طوفان گوریٹی کا سامنا ہے جو تیز ہواؤں، موسلادھار بارش اور مزید برفباری کے ساتھ ملک میں داخل ہو رہا ہے۔ طوفان جمعرات کی دوپہر جنوب مغربی انگلینڈ کے ساحل سے ٹکرائے گا جبکہ کارنوال اور آئل آف سسلی میں ہواؤں کی رفتار ۹۰؍میل فی گھنٹہ تک ہو سکتی ہے۔ تیز ہواؤں سے املاک کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے اور انگلینڈ و ویلز کے بیشتر علاقے متاثر ہوں گے۔ محکمہ موسمیات نے جمعرات اور جمعہ کے لیے یلو اور ایمبر وارننگز جاری کر دی ہیں۔ بارش شام تک برفباری میں تبدیل ہو سکتی ہے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button