سپورٹس بلیٹن
فٹبال:مراکش میں جاری افریقہ کپ آف نیشنز کے راؤنڈآف ۱۶؍کے ایک سنسنی خیز مقابلہ میں مالی کی ٹیم نے تیونس کوپنلٹی شوٹس پر۲؍کے مقابلہ میں ۳؍گول سے ہراکرکوارٹرفائنل میں جگہ بنالی۔کھیل کے ۸۸ویں منٹ میں تیونس نے برتری حاصل کی جسے مالی نے کھیل کے آخری لمحات میں پنلٹی پرگول کرکے برابرکردیا۔کوارٹرفائنل میں مالی کا سامناسینیگال سے ہوگا جس نے سوڈان کے خلاف ۳۔۱؍سے کامیابی حاصل کی۔اس مرحلے کے دیگرمقابلوں میں مراکش نے تنزانیہ کو ۱۔صفر،کیمرون نے جنوبی افریقہ کو ۲۔۱،نائیجیریانے موزمبیق کو۴۔صفر اور مصر نے بینن کو ۳۔۱؍سے شکست دی۔ٹورنامنٹ میں خراب کارکردگی دکھانے اور تینوں میچز ہارنے والی گیبون کی ٹیم کے خلاف حکومت نے سخت کارروائی کرتے ہوئے قومی فٹبال ٹیم کو معطل کرنے کا اعلان کردیا۔
انگلش پریمیئر لیگ: آرسنل کی کامیابیوں کاسلسلہ جاری ہے۔گذشتہ ہفتہ ہونے والے مقابلہ میں پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست آرسنل کلب نے برن متھ کو ۲؍کےمقابلہ میں ۳؍گول سے ہرادیا۔دیگرمیچزمیں مانچسٹرسٹی اورچیلسی کا مقابلہ ایک ایک گول سے برابررہا۔دوسری طرف لیگ میں مسلسل ناقص کارکردگی کے باعث مانچسٹر یونائیٹڈ نے ٹیم مینیجرRuben Amorim کوعہدےسے ہٹادیا۔وہ چودہ ماہ تک معروف انگلش کلب کے مینیجر رہے اور اس دوران کلب کو۶۳؍میچزمیں صرف۲۴؍میں کامیابی مل سکی۔ مانچسٹر یونائیٹڈ انگلش پریمیئر لیگ کے گذشتہ سیزن میں پندرھویں نمبرپر رہی تھی۔
کرکٹ: ILT20:متحدہ عرب امارات میں ہونے والی انٹرنیشنل لیگ ٹی ٹونٹی کا چوتھا سیزن ڈیزرٹ وائپرزنے جیت لیا۔اس فتح میں ٹیم کی قیادت کرنے والے انگلش آل راؤنڈر Sam Curran نے سب سے نمایاں کرداراداکیا۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں ۳۹۷؍رنزبنانے کے ساتھ ساتھ سات وکٹیں حاصل کیں اور پلیئرآف دی سیریزقرارپائے۔فائنل میچ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں ڈیزرٹ وائپرزنے پہلے بلےبازی کرتے ہوئے مقررہ۲۰؍اوورز میں۱۸۲؍رنزبنائے۔کپتان Sam Curran نے ناقابلِ شکست ۷۴؍رنز بنائے۔ہدف کے تعاقب میں MI Emirates کی ٹیم ۱۳۶؍رنزبناکرآؤٹ ہوئی۔ فاسٹ باؤلرنسیم شاہ نے ۱۸؍رنزکے عوض تین جبکہ اسپنر عثمان طارق نے ۲۰؍رنزدے کردو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔
ٹی ٹونٹی ورلڈکپ:بنگلہ دیش نے آئندہ ماہ منعقد ہونے والے عالمی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں اپنے میچز بھارت سے منتقل کرنے کی باضابطہ درخواست آئی سی سی کو جمع کروادی۔بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے یہ فیصلہ اُس وقت کیا جب انڈین کرکٹ بورڈ نے آئی پی ایل کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرزسے بنگلہ دیشی کھلاڑی مستفیض الرحمٰن کونکالنے کا فیصلہ کیا۔جس پر بنگلہ دیش کی حکومت اور کرکٹ بورڈ نے سخت ردّعمل دیتے ہوئے نہ صرف ورلڈکپ کے میچزبھارتی سرزمین پرکھیلنے سے انکارکردیابلکہ اپنے ملک میں انڈین پریمیئر لیگ کی ہر طرح کی نشریات پر بھی مکمل پابندی لگادی۔واضح رہے کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ ۷؍فروری ۲۰۲۶ء سے بھارت اور سری لنکا کی میزبانی میں ہوگا جس میں بنگلہ دیش کےگروپ میچز کولکتہ اور ممبئی میں شیڈول ہیں۔اب دیکھنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل بنگلہ دیش کے سخت موقف کے بعد کیا فیصلہ کرتی ہے۔
(ن م طاہر)
٭…٭…٭



