افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ ساؤتومے و پرنسپ کے بارھویں جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کا بابرکت انعقاد

٭… ’’عدل و انصاف اور انسانی حقوق‘‘ کے مرکزی موضوع پر منعقدہ جلسہ سالانہ میں علمی و روحانی موضوعات پر تقاریر
٭…مہمانان گرامی کے جلسہ سالانہ میں شرکت پر مثبت تاثرات ٭… جلسہ ساؤتومے کی حاضری ۳۹۰؍رہی

مکرم محمد اعزازالرحمٰن صاحب افسر جلسہ سالانہ ساؤتومے وپرنسپ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے مورخہ ۲۱؍دسمبر۲۰۲۵ء کو جماعت احمدیہ ساؤتومے و پرنسپ کو گوادالوپ (Guadalupe) شہر کے سکول کے فٹسال گراؤنڈ میں اپنا بارھواں جلسہ سالانہ ’’عدل و انصاف اور انسانی حقوق‘‘ کے مرکزی موضوع پر منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

ساؤتومے و پرنسپ دو جزیروں پر مشتمل ملک ہے۔ دونوں جزیروں کے درمیان بہت زیادہ فاصلہ ہے، اس ليے دونوں جزائر پر علیحدہ علیحدہ جلسہ سالانہ منعقد کیا جاتا ہے۔ امسال ۲۶؍اپریل کوپرنسپ جزیرہ پر اور ۲۱؍دسمبر کو ساؤتومے میں جلسہ سالانہ منعقد کیا گیا۔ پرنسپ جلسہ سالانہ کی حاضری ۱۲۰؍تھی اور جلسہ ساؤتومے کی حاضری ۳۹۰؍ہوئی۔

جلسہ سالانہ کا آغاز تقریب پرچم کشائی سے ہوا جس میں مبلغ انچارج و نیشنل صدر جماعت مکرم انصر عباس صاحب نے لوائے احمدیت اور خاکسار (افسر جلسہ سالانہ)نے ساؤتومے کا پرچم لہرایا۔ اس کے بعد دعا ہوئی۔

پہلا اجلاس:پہلے اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم وقار احمد منظور صاحب مبلغ ساؤتھ ریجن نے تلاوت کی۔ عزیزم لوکاش صاحب نے نظم پڑھی اور پھر تقاریر کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ پہلے اجلاس کی تقاریر کے عناوین درج ذیل ہیں: آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم، محسن انسانیت از مکرم صداقت احمد طاہرصاحب مرکزی مبلغ نارتھ ریجن، بچوں کے حقوق از مکرم سلیمان یوسف صاحب لوکل مشنری، عورتوں کے حقوق از مکرم نبیل احمد رفیق صاحب مرکزی مبلغ ریجن آگوا گراندی، بوڑھوں کے حقوق از مکرم الوئیزو یٰسین صاحب لوکل مشنری، مالی قربانی از مکرم جیرواسیو میندیس صاحب صدر جماعت ساماسال اور خلافت اتحاد کی کنجی از مکرم نیشنل صدر و مبلغ انچارج صاحب ساؤتومے۔

پہلے اجلاس کے بعد وقفہ کیا گیا۔ وقفہ کے دوران احباب جماعت اور مہمانان کرام کی خدمت میں ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔

دوسرا اجلاس:تلاوت قرآن کریم مکرم ناصر صاحب لوکل مشنری نے پیش کی۔ عزیزم مونس عباس صاحب نے قصیدہ پرتگیزی ترجمہ کے کچھ اشعار پیش کيےاور پھر درج ذیل چار تقاریر ہوئیں: نماز برائی سے روکتی ہے از خاکسار مبلغ ریجن مےزوش، غیبت سے بچنا از مکرم زین صاحب لوکل مشنری، قانون کا احترام از مکرم فریدک یوزے صاحب اور حضرت مسیح موعودؑ- حکم عدل از مکرم مبلغ انچارج و نیشنل صدر صاحب۔ آخر میں صدر صاحب نے دعا کروائی اور تمام افراد جماعت نے مل کر کلمہ طیبہ کا ورد کیا جو کہ جلسہ کا ایک خوبصورت لمحہ تھا۔ بعد ازاں نماز ظہر و عصر جمع کرکے ادا کی گئیں اور احباب جماعت کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ یوں اس ایک روزہ جلسہ کا بابرکت اختتام ہوا۔ الحمدللہ، جلسہ سالانہ ہر لحاظ سے کامیاب رہا۔

تاثرات:٭… ایک مہمان Amiltom Tébus مے زوش ضلعی چیمبر کی نمائندگی میں تشریف لائے تھے۔ انہوں نے اپنے تاثرات میں کہا ’’عدل، امن اور حقوق کے قیام میں احمدیہ جماعت کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ ہم سب مل کر اپنے معاشرے کو عدل و انصاف کا گہوارہ بنا سکتے ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ہم جو سنیں اس کو اپنی زندگی میں عملی شکل میں ڈھالنے کی کوشش کریں۔ افریقہ کے لوگوں میں بھی بہت خصوصیات ہیں اگر وہ چاہیں تو ایک انقلاب لا سکتے ہیں۔‘‘

٭…ایک مہمان محترمہ کاطیہ (Katia)صاحبہ جو کہ سینٹرل ہسپتال میں بلڈ بینک کی ڈائریکٹر ہیں تشریف لائی تھیں۔ موصوفہ نے شروع سے آخر تک تمام تقاریر کو بڑے انہماک سے سنا۔ انہوں نے اپنے تاثر میں جماعت کا بہت شکریہ ادا کیا اور کہا یہ ان کے ليے بہت خوبصورت تجربہ تھا کہ وہ ایک ایسی سرگرمی میں شامل ہوئیں جس میں ایسے خاص موضوعات پر بات ہوئی۔ میں نے بہت کچھ سیکھا۔

٭…ایک مہمان یونیورسٹی کے پروفیسر مکرم گریگوریو سانتیاگو(Gregorio Santiago) صاحب نےجلسہ کے تمام پروگرامز کو بڑی توجہ سے سنا اور اپنے تاثرات میں جماعت کے اس اقدام کو جو حقوق کے متعلق ہیں، بہت سراہا۔

٭…ایک مہمان ماریہ سلویشتری جو مےزوش کی ضلعی چیمبر میں سوشل ایریا کی ممبر ہیں، کہتی ہیں: جو تعلیمات آپ نے فراہم کیں، ان سے مجھے اپنی پچھلی تعلیم یاد آتی ہے، جو میرے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوئی۔ میں امید کرتی ہوں کہ ہر مرد، عورت اور بچہ میری طرح ہی ان باتوں کو سمجھے۔ یہ بہت دلچسپ تھا۔ میں اس پروگرام میں مدعو کرنے کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔

اللہ تعالیٰ تمام شاملین جلسہ کو حضرت مسیح موعودؑ کی خصوصی دعاؤں کا وارث بنائے نیز انہیں اس جلسہ سے بھر پور فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(مرسلہ:انصر عباس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

مزید پڑھیں: مجلس انصار اللہ لائبیریا کا پندرھواں سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۵ء

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button