افریقہ (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ لائبیریا کا پندرھواں سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۵ء

مکرم شمیم احمد یحییٰ صاحب نائب صدر صف دوم مجلس انصاراللہ لائبیریا لکھتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ لائبیریا کا پندرھواں سالانہ نیشنل اجتماع ’’سچائی‘‘کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۱۵و۱۶؍نومبر ۲۰۲۵ء کو بمقام احمد آباد، Kpo-Riverکامیابی سے منعقد ہوا۔ الحمدللہ

اس اجتماع میں ناظم اعلیٰ کے فرائض مکرم محمد زکریا باجوہ صاحب نےادا کيے۔

۱۴؍ نومبر بروز جمعۃ المبارک قافلوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوا۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ سننے کا اہتمام کیا گیا۔ مجلس انصار اللہ کے تعارف اور جماعتی معلومات سے آگاہی کے لیے ایک نشست کا انعقاد کیا گیا تھا جس کے اہتمام پر خلافت سے متعلق ایک ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔

۱۵؍نومبر کا آغاز نماز تہجد، فجر، تربیتی درس اور ناشتہ سے کیا گیا۔ صبح پونے گیارہ بجے تقریب پرچم کشائی سے اجتماع کا باقاعدہ افتتاح ہوا۔ افتتاحی تقریب کی صدارت مکرم محمد جونز اینن (Muhammad Jones Annan) صاحب نائب امیر اول نے کی جس میں تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد صدر مجلس انصار اللہ ڈاکٹر عبد الحلیم صاحب نے عہد دہرایا۔ معاً بعدقائد عمومی ٹاپے ما کوٹو (Tapehma Kortu)صاحب نے اجتماع کے موقع پر ارسال کردہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا بابرکت پیغام پڑھ کرسنایا۔ مکرم نوید احمد عادل صاحب امیرو مبلغ انچارج لائبیریا نے افتتاحی تقریر میں جماعت احمدیہ کی اسلام کے لیے خدمات کا ذکر کیا۔ دعا سے یہ تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔

بعدہٗ علمی مقابلہ جات شروع ہوئے جن میں تلاوت، حفظ قرآن، نظم، اذان، تقریر، تقریر فی البدیہ، مشاہدہ معائنہ اور پیغام رسانی شامل تھے۔ اسی طرح نماز ظہروعصر اور کھانے کے وقفہ کے بعدانفرادی و اجتماعی ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے جن میں دوڑ، لمبی چھلانگ، پنجہ آزمائی، کلائی پکڑنا، رسہ کشی، فٹ بال اور والی بال شامل تھے۔ نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد نمبا کاؤنٹی کے ناظم اعلیٰ صاحب کی زیر صدارت مجلس شوریٰ کا انعقاد کیا گیا۔

اجتماع کے آخری روز مورخہ ۱۶؍نومبر کو نماز تہجد، فجر اور تربیتی درس کے کچھ وقفہ کے بعد میراتھن دوڑ کا انعقاد کیا گیا۔ ناشتہ سے فراغت کے بعد شاملین اجتماع گاہ اکھٹے ہوئے جہاں پہلے حضور انور کا ایک خطاب تمام شاملین کو سنایا گیا۔ اس کے بعد سوال و جواب کی ایک مجلس منعقد کی گئی جو شاملین کے ازدیاد علم و ایمان کا باعث بنی۔

دوپہر ساڑھے بارہ بجے اختتامی اجلاس مکرم نوید احمد عادل صاحب امیرو مبلغ انچارج لائبیریا کی زیر صدارت شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم، نظم، اجتماع رپورٹ اور اجتماع کی سرگرمیوں کی مختصر جھلکیاں دکھانے کے بعد مکرم امیر صاحب نے انعامات تقسیم کيے اور تقریر کی۔ اجتماعی دعا کے ساتھ مجلس انصار اللہ لائبیریا کا دو روزہ اجتماع اختتام پذیر ہوا۔ اس اجتماع کی کُل حاضری ۱۵۲؍احباب پر مشتمل رہی۔ الحمدللہ

اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو اجتماع کی برکات کا وارث بنائے۔ آمین

(رپورٹ: فرخ شبیر لودھی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا مجلس انصاراللہ لائیبریا کے نیشنل اجتماع ۲۰۲۵ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم

پیارےصدر صاحب مجلس انصار اللہ لائبیریا،

السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ لائبیریا کو اپنا سالانہ نیشنل اجتماع منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ اس اجتماع کو ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے، اسے عظیم کامیابی عطا کرے اور تمام شاملین کو اس کے پروگراموں سےزیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی توفیق دے۔ آمین

جماعت میں اجتماعات ہمارے اندر پاک تبدیلیاں پیدا کرنے اور ہماری روحانی و اخلاقی حالتوں کی اصلاح کے بہترین مواقع ہیں۔ کسی شخص کی روحانی اور اخلاقی حالت کی بہتری کے لیے تقویٰ کے اعلیٰ معیار حاصل کرنے کےلیے مسلسل کوشش کرنا نہایت ضروری ہے۔ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے جماعت کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا:

’’تقویٰ اختیار کرو۔ تقویٰ ہر چیز کی جڑ ہے۔ تقویٰ کے معنی ہیں ہر ایک باریک در باریک رگِ گناہ سے بچنا۔ تقویٰ اس کو کہتے ہیں کہ جس امر میں بدی کا شبہ بھی ہو، اس سے بھی کنارہ کرے۔‘‘[ملفوظات جلد ۱صفحہ ۵۲۵، ایڈیشن ۱۹۸۴ء]

پس جب تک انسان اپنے اعمال پر غور نہیں کرتا اور اللہ تعالیٰ کے ساتھ مضبوط تعلق قائم کرنے کی کوشش نہیں کرتا، وہ ان اعلیٰ معیارِ تقویٰ کو حاصل نہیں کر سکتا جو ایمان کی حلاوت تک لے جاتے ہیں۔ لہٰذا ہر ایک کو اپنی عبادت کے معیاروں کو بلند کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ پس اپنی پنجوقتہ نمازوں کی حفاظت کریں اور انہیں باقاعدگی سے عاجزی اور کامل اخلاص سے ادا کریں۔ نماز وہ ڈھال ہے جو نہ صرف انسان کو برائیوں سے محفوظ رکھتی ہے بلکہ دل میں خدا تعالیٰ کا خوف بھی پیدا کرتی ہے اور پھر انسان اللہ تعالیٰ کے قرب میں بڑھتا چلا جاتا ہے۔

اس طرح انسان اپنی اصلاح کے ساتھ ساتھ آئندہ نسلوں کی اصلاح پر بھی توجہ کرتا ہے جو مجلس انصاراللہ کے ارکان ہونے کے ناطے آپ کی عظیم ذمہ داریوں میں سے ایک ہے۔ اگر آپ اپنی اخلاقی اصلاح اور اپنی عبادت کے معیاروں کو بلند کرنے کی کوشش کریں گےتو آپ کے بچے آپ کے نیک نمونے دیکھ کر نہ صرف دین سے وابستہ رہیں گے بلکہ دین کو دنیاوی امور پر مقدم بھی رکھیں گے۔ یوں وہ معاشرے کی اخلاقی اصلاح کرنے والے اور لادین لوگوں کو سچے دین کی طرف راہنمائی کرنے والے بنیں گے۔ یہ ایک عظیم ذمہ داری ہے جو مجلس انصار اللہ کے ہر رکن پر پڑتی ہے۔

اللہ تعالیٰ آپ سب کو اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنے اور ان پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ یہ اجتماع آپ کے اندر ایک روحانی انقلاب پیدا کرے اور آپ ہمیشہ تقویٰ کی باریک راہوں پر چلنے والے ہوں۔ آمین

مزید پڑھیں: خوشاب میں ایک احمدی مبشر احمد ورک پر قاتلانہ حملہ کاملزم تاحال گرفتار نہیں ہو سکا

متعلقہ مضمون

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button