کیمرون میں جلسہ ہائے یوم مسیح موعود کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے گذشتہ سالوں کی طرح امسال بھی کیمرون کی جماعتوں میں یوم مسیح موعود منایا گیا۔ جماعتوں نے اپنی اپنی مساجد اور نماز سینٹرز میں جلسہ جات منعقد کیے۔ معلمین کرام اور داعیان الیٰ اللہ نے تقاریر کیں جن میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی آمد اور شرائط بیعت پر روشنی ڈالی گئی۔ درج ذیل موضوعات پر تقاریر کی گئیں: ظہور امام مہدی، نزول حضرت عیسیٰؑ، شرائط بیعت اور صداقت حضرت مسیح موعودؑ۔
ان جلسوں میں بچوں اور بچیوں نے حضرت مسیح موعودؑ کے عربی قصائد میں سے اشعار بھی پڑھے۔
کیمرون کے تین ٹی وی اور تین ریڈیو سٹیشنز پر یوم مسیح موعود کی اہمیت پانچ زبانوں میں تفصیلاً بیان کی گئی۔
یوم مسیح موعود کی مناسبت سے کیمرون کی دو قومی زبانوں انگریزی اور فرنچ میں ۴۰؍ ہزار کی تعداد میں لٹریچر تیار کرکے احباب جماعت اور غیر از جماعت احباب میں بھی تقسیم کیا گیا۔
ایسے جلسوں میں نو مبائعین احباب اپنے دوستوں کو بھی ساتھ لے کر آتے ہیں جو پروگرام میں تقاریر سننے کے علاوہ سوالات بھی کرتے ہیں جن سے ان کے کئی خدشات دُور ہوتے ہیں اور تسلی کرکے واپس جاتے ہیں۔ واپس جاتے ہوئے جماعتی لٹریچر بھی ساتھ لے جاتے ہیں جس سے ان لوگوں تک بھی پیغام پہنچتا ہے جو شرکت نہیں کرسکے۔
جلسوں کے اختتام پر ریفریشمنٹ کے ساتھ ساتھ اجتماعی افطاری کا اہتمام کیا گیا تھا۔
(رپورٹ: عبدالخالق نیر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)