ہیومینٹی فرسٹ گھانا کی مختلف عوامی سرگرمیاں
محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہیومینٹی فرسٹ گھانا گذشتہ چند دہائیوں سے اہل گھانا کے لیے خدمت خلق کے طور پر عوامی، سماجی، تعلیمی اور طبی حلقوں میں محض انسانیت کے ناطے بے لوث خدمات بجالانے کی توفیق پا رہی ہے۔ ہر سال بارش و سیلاب کی تباہ کاریوں نیز قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ فالحمد للہ علیٰ ذالک
امسال جماعت احمدیہ گھانا کے ۹۱ویں جلسہ سالانہ منعقدہ مورخہ ۲۲تا۲۴؍فروری۲۰۲۴ء کے موقع پر پہلی مرتبہ ہیومینٹی فرسٹ کے زیر اہتمام مفت ڈینٹل سرجری کیمپ معائنہ کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈینٹل سرجن ڈاکٹر عبد الغفور منان صاحب نے متعدد شاملین جلسہ کے دانتوں کا معائنہ کیا اور ان کے لیے مناسب علاج تجویز کیا اور مفید مشوروں سے نوازا۔ اسی طرح جلسہ سالانہ سے قبل مسرور موبائل میڈیکل اینڈ ڈینٹل کلینک کا بھی اہتمام کیا گیا جس سے سینکڑوں افراد نے استفادہ کیا۔
جلسہ سالانہ کے دوران ہیومینٹی فرسٹ کی ٹیم نے اپنے سٹالز پر مختلف سوونیئرز اور اشیائے خورونوش پیش کیں جس کا مقصد اس شعبہ کی مستحقین کے لیے اعانت کرنا تھا۔ دوران جلسہ شاملین نے حسب استطاعت ان اشیا کی خریداری کی۔
ماہ رمضان المبارک کے دوران مارچ ۲۰۲۴ء میں چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ گھانا الحاج فاروق علی صاحب کی زیر نگرانی کئی مستحقین میں رمضان و عید گفٹس تقسیم کیے گئے جن میں راشن ،کھجوریں، کوکنگ آئل، چاول، چینی، چائے کی پتی اور پانی کی بوتلیں وغیرہ شامل تھیں۔ سیکرٹری ہیومینٹی فرسٹ گھانا کی رپورٹ کے مطابق اس سلسلہ میں اب تک سات پروگرام بنائے گئے جن میں دارالیتامٰی، جیل خانہ جات اور بعض اور مستحقین گھرانے و افراد شامل ہیں۔ اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق رواں ماہ میں سینکڑوں مستحقین تک راشن و اشیائے خورونوش وغیرہ پہنچائی گئی ہیں۔ الحمد للہ علیٰ ذالک
یہ کام کئی مرحلوں میں کیا گیا۔ ملک بھر کے مختلف علاقوں میں ہیومینٹی فرسٹ گھانا کی ٹیم نے مقامی جماعتوں کے باہمی تعاون سے مستحقین تک نقدی، ملبوسات اور اشیائےخورونوش پہنچائیں۔ مورخہ ۲۳؍مارچ ۲۰۲۴ءکو گریٹر اکرا ریجن کی جماعت ایچی موٹا (Achimota) سرکٹ اور ہیومینٹی فرسٹ گھانا نے مشترکہ طور پر سات گھرانوں کے۴۵؍افراد تک اشیائے خورونوش کے عطیات تقسیم کیے۔
ہیومینٹی فرسٹ کا رمضان پراجیکٹ کا پانچواں بیچ ہفتہ ۳۰؍مارچ کو روانہ ہوا۔ ایچی موٹا سرکٹ ہیومینٹی فرسٹ گھانا کے تعاون سے رمضان کے عطیات اور دورے جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس پروگرام میں تقریباً سات گھرانوں کے ۳۰؍سے زائد مستحقین کی مدد کی گئی۔ اس دوران ہیومینٹی فرسٹ کی ٹیم نےنامزد وزیر اطلاعات فاطمہ ابوبکر صاحبہ سے ملاقات کی جنہوں نے ہیومینٹی فرسٹ کی کاوشوں کو سراہنے کے لیے ہماری ٹیم کو اپنی رہائش گاہ پر مدعو کیا۔
اسی طرح ہیومینٹی فرسٹ کے تحت رمضان المبارک عطیات کے سلسلہ میں دورہ جات و امداد کا ساتواں پروگرام ۳؍اپریل کو رکھا گیا جس میں ایچی موٹا سرکٹ میں ہیومینٹی فرسٹ گھانا کے تعاون سے ۵؍گھرانوں کے۲۵؍سے زائد مستحقین سے ملاقات کی گئی اور عطیات دیے گئے۔
مورخہ ۶؍اپریل کو معذور افراد سے ملاقات کا پروگرام رکھا گیا جس میں ۱۲۰؍افراد ( جن کا تعلقBaalagono, Honi Obeliakwa, Ofadjatoسے ہے) سے ملاقات کی گئی اور ان میں تحائف و عطیات تقسیم کیے گئے۔
اللہ تعالیٰ تمام عطیہ دہندگان اور مخیر حضرات کو جزائے خیر عطا فرمائے اور ہماری قربانیوں، کاوشوں اور دعاؤں کو قبول فرمائے۔ آمین ثم آمین
(رپورٹ: احمد طاہر مرزا۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)