واگادوگو، برکینا فاسو میں اجتماعی افطار ڈنر کا اہتمام
جماعت احمدیہ برکینافاسو کی طرف سے واگادوگو میں گذشتہ چند سالوں سے مرکزی سطح پر اجتماعی افطار ڈنر کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اس افطار پروگرام میں حکومتی عہدیداران، علاقہ کے معززین، دیگر مذہبی جماعتوں کے سربراہان کو بطور خاص دعوت دی جاتی ہے۔ علاوہ ازیں نیشنل مجلس عاملہ، ذیلی تنظیموں کی عاملہ، مبلغین اور واقفین زندگی کو بھی مدعو کیا جاتا ہے۔
امسال یہ افطار ڈنر مورخہ ۶؍اپریل۲۰۲۴ء کو برکینافاسو کے جماعتی نیشنل ہیڈکوارٹرز کے صحن میں منعقد ہوا۔ خوبصورتی کے ساتھ میزوں اور کرسیوں کو معزز مہمانوں کے لیے سجایا گیا تھا۔ مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب امیر جماعت برکینافاسو اور جنرل سیکرٹری کونے داؤد صاحب نے مہمانوں کا استقبال کیا اور مہمانوں کی ان کی نشستوں کی طرف راہنمائی کی گئی۔ مرکزی میز پر مکرم امیر صاحب کے ساتھ علاقہ کے روایتی چیف اور دیگر حکومتی عہدیداران تشریف فرما تھے۔ سینیگال میں برکینافاسو کے سابق سفیر اور سابق ممبر آف پارلیمنٹ بھی مہمانوں میں موجود تھے۔ مہمانوں کی آمد پر افطار سے چند لمحات قبل امیر صاحب نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور بتایا کہ اس اجتماعی افطار کا مقصد معاشرہ میں اجتماعیت کو فروغ دینا اور اکٹھے ہو کر رمضان کے بابرکت لمحات سے فائدہ حاصل کرنا ہے۔ افطاری کے بعد نماز مغرب ادا کی گئی جس کے بعد مہمانوں کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ پروگرام کے اختتام پر جیالو عبد الرحمٰن صاحب سیکرٹری امور خارجہ نے تمام مہمانوں کا شکریہ اد اکیا۔
قرآن نمائش:اس موقع پر انتظامیہ کی طر ف سے قرآن کریم کی نمائش بھی لگائی گئی تھی جس میں جماعت کی طرف سے شائع ہونے والے قرآن کریم کے مختلف زبانوں میں تراجم کو ترتیب سے رکھا گیا تھا۔ یہ نمائش بالکل داخلی راستہ پر ہونے کی وجہ سے مہمانوں کی توجہ کا مرکز بنی رہی۔ تمام مہمانوں نے اس نمائش کا دورہ کیا۔
پروگرام میں ۲۰۰؍سے زائد احباب و خواتین نے شرکت کی۔
میڈیا کوریج:ا س افطار ڈنر کو مقامی میڈیا نے کوریج دی۔ چنانچہ آن لائن معروف اخبار lefaso.netنےاپنی ۸؍اپریل کی اشاعت میں پورے صفحہ پر باتصویر اس کی خبر شائع کی۔
(رپورٹ: چودھری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)