حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ۔ اہم عالمی خبروں کا خلاصہ

٭… امام جماعت احمدیہ عالمگیر حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ ۱۹؍اپریل ۲۰۲۴ء کے اختتام پر جنگی حالات کے اختتام اور فریقین کے پُر امن رہنے اور مسلم امہ کے اتحاد کے لیے دعا کی تحریک فرمائی۔تفصیل کے لیے ملاحظہ کریں صفحہ اوّل۔

٭…امریکی میڈیا کے مطابق ایران کے ایئرپورٹ پر اسرائیل کے میزائل اور ڈرون حملے کے بعد ایران نے ایئر ڈیفنس سسٹم فعال کردیا۔ امریکی میڈیا کا دعویٰ تھا کہ اسرائیلی میزائل اصفہان شہر کے فوجی اڈے پر لگا ہے جبکہ ایرانی حکام نے ملک کے کسی بھی حصے میں اسرائیلی میزائل گرنے کی تردید کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اسرائیل نے کواڈ کاپٹر اڑانے کی ناکام کوشش کی تھی جسے ناکام بنا دیا گیا۔ دوسری جانب ایرانی حکام کے مطابق ایران کے ایئر ڈیفنس سسٹم نے فضا میں تین ڈرون تباہ کیے جبکہ متعدد شہروں میں ایئر ڈیفنس سسٹم فعال کردیا گیا ہے۔ تہران ایئرپورٹ پر پروازوں کی منسوخی کے اعلانات اور لوگوں کو گھر جانے کی ہدایت کی گئی۔

٭…ایرانی سائبر اسپیس سینٹر کے ترجمان حسین دلیریان نے کہا ہے کہ اصفہان کی فضا میں تین ڈرون تباہ کردیے گئے۔ میزائل حملے کی ابھی کوئی اطلاع نہیں۔ حکام کاکہنا ہے کہ اسرائیل نے کواڈ کاپٹر اڑانے کی ناکام کوشش کی جسے مارگرایا گیا۔دوسری جانب ایرانی ٹی وی نے اصفہان شہر کی تازہ ترین صورتحال لائیو دکھاتے ہوئے بتایا کہ اصفہان شہر میں حالات اور سیکیورٹی مکمل طور پر پُرسکون ہے اور لوگ اپنی معمول کی زندگی گزار رہے ہیں۔

٭… واشنگٹن سے عرب میڈیا کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ نے ایران کی سولہ شخصیات اور دو کمپنیوں پر پابندیاں لگائی ہیں۔ پابندیوں میں شامل کمپنیوں نے اسرائیل پر حملے میں استعمال ہونے والے ڈرونز کے انجن بنائے تھے۔ دوسری جانب برطانیہ نے بھی سات ایرانی شخصیات اور چھ کمپنیوں پر پابندیاں لگائی ہیں۔ پابندیوں میں شامل افراد اور کمپنیوں کا تعلق ایرانی میزائل اور ڈرون بنانے والی صنعتوں سے ہے۔

٭…یوکرین کے ساتھ ہونے والی جنگ میں روسی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد پچاس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ بی بی سی کے مطابق اس جنگ کے آخری بارہ مہینوں یعنی گذشتہ ایک سال میں روسی فوجیوں کی ہلاکت کی تعداد اس جنگ کے آغاز کے بعد کے ابتدائی سال کے مقابلے میں پچیس فیصد تک بڑھی ہے۔ بی بی سی اور آزاد میڈیا گروپس کی تحقیق کے مطابق روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے دوسرے سال میں ستائیس ہزار تین صد روسی فوجی ہلاک ہوئے۔دوسری جانب روس نے اس رپورٹ پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔تحقیق کے دوران رضاکاروں نے روس اور یوکرین کے درمیان شروع ہونے والی جنگ کے بعد ستّر قبرستانوں میں روسی فوجیوں کی قبروں کی تعداد گنی ہے۔سیٹلائٹ کی مدد سے لی جانے والی تصاویر سے اندازہ ہوتا ہے کہ روس میں واقع قبرستانوں میں توسیع کی گئی ہے۔ہلاک ہونے والے روسی فوجیوں کی تعداد کا درست اندازہ لگانے کے لیے بی بی سی نے اوپن سورس انفارمیشن، سرکاری اور سوشل میڈیا رپورٹس کا جائزہ لیا ہے۔

٭…ایرانی وزیر خارجہ حسین عبداللہیان نے سلامتی کونسل اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران اب تک کافی تحمل کا مظاہرہ کرچکا ہے۔اسرائیل نے ایرانی مفادات کے خلاف مزید فوجی کارروائی کی تو فیصلہ کن اور مناسب جواب دینے سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ خطے کی سنگین صورتحال کے پیش نظر تنازع کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لیے اقوام متحدہ کو موقع دینے کو تیار ہیں۔ امریکہ نے نیویارک میں موجود ایرانی وزیر خارجہ کے وفد پر سفری پابندیاں عائد کردی ہیں۔ ایرانی وفد اقوام متحدہ ہیڈکوارٹر کے اطراف دو بلاک کے اندر تک محدود رہے گا۔

٭…وائٹ ہاؤس نے ایران پر اسرائیل کے حملے پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے سے متعلق فی الحال بیان نہیں دے سکتے۔ امریکہ اس تنازعے کو بڑھتا ہوا دیکھنا نہیں چاہتا۔ کشیدگی میں کمی کےلیے اتحادیوں اور شراکت داروں سے مشاورت جاری ہے۔برطانیہ کے وزیراعظم رشی سونک نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں نمایاں اضافہ کسی کے مفاد میں نہیں۔ میرے لیے ایران پر اسرائیلی حملے کی رپورٹس پر قیاس آرائیاں کرنا درست نہیں ہوگا۔ یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیان نے کہا ہے کہ ایران، اسرائیل اور ان کے اتحادی مزید کشیدگی سے گریز کریں۔ ضروری ہے کہ اس خطے میں استحکام رہے اور تمام فریق مزید کارروائی سے باز رہیں۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ نے ایران اسرائیل کشیدگی میں اضافے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین ایران اسرائیل کشیدگی میں اضافے کے ہر اقدام کی مخالفت کرتا ہے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button