جماعت احمدیہ سسکاٹون، کینیڈا کے زیر اہتمام تبلیغی تقریب افطار
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سسکاٹون، کینیڈا نے مورخہ ۱۷؍مارچ ۲۰۲۴ء کو سسکاٹون کی مسجد بیت الرحمت میں رمضان ڈنر کی ایک تقریب بعنوان ’’محبت، ایمان اور اتحاد کی ایک شام‘‘ منعقد کی ۔
تقریب کی تیاریاں ایک مہینہ قبل سے شروع ہوئیں جس میں ایک مخصوص ٹیم کو متعلقہ ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ اس تقریب کا مقصد اور تفصیلات کو نمایاں کرنے کے لیے ایک فلائر ڈیزائن کیا گیا جس کی تشہیر سوشل میڈیا کے ذریعہ کی گئی۔ نیز تبلیغی روابط کو بھی انفرادی دعوت نامے ارسال کیے گئے۔
تلاوت قرآن کریم سے تقریب کا آغاز ہوا۔ خاکسار(سیکرٹری تبلیغ سسکاٹون) نے استقبالیہ تقریر میں تمام مہمانان کو خوش آمدید کہا۔ اس کے بعد سعد حیات صاحب مربی سلسلہ نے ’’رمضان المبارک اور اس کی برکات‘‘ پر ایک مختصر تقریر کی جس کے بعد سوال و جواب کی ایک مجلس ہوئی۔
تمام افراد نے افطار کیا اور نماز مغرب ادا کی گئی جس میں مہمانوں کو نماز کا مشاہدہ کرنے کی دعوت دی گئی۔ اس کے ذریعہ انہیں اسلامی نماز کے بارے میں ایک منفرد انداز میں معلومات حاصل کرنے کا موقع ملا۔ نماز کے بعد تمام مہمانوں کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا اور اسلام کے مختلف مضامین پر غیررسمی گفتگو جاری رہی۔
اس تقریب میں ۲۳۰؍سے زائد غیر از جماعت تبلیغی مہمانوں نے شرکت کی جن میں فرسٹ نیشن لیڈر، شہر کے اہم حکومتی افسران، ہندو، سکھ، ایرانی، افغانی اور افریقی احباب بھی شامل تھے۔ سسکاٹون پولیس ڈیپارٹمنٹ اور فائر ڈیپارٹمنٹ کے کچھ اہم افسران نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔
(رپورٹ:راشد احمد۔ سیکرٹری تبلیغ سسکاٹون، کینیڈا)