بچوں کا الفضل

میری آمین

میرا نام باسمہ صدیق ہے اور میرا تعلق جماعت مہدی آباد جرمنی سے ہے۔ میرے والد صاحب نے بچپن سے ہی مجھے قرآن پاک پڑھانے کی طرف توجہ دی اور سب سے پہلے قاعدہ یسرناالقرآن مکمل کروایا اور آہستہ آہستہ قرآن پاک پڑھانا شروع کیا۔ میں نے اللہ کے فضل سے اپریل 2017ء میں قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کیا۔ جرمنی کی جماعت پر اللہ تعالیٰ کا یہ بڑا فضل و احسان ہے کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز قرآن پڑھنے والے بچوں پر خصوصی شفقت فرماتے ہیں اور جرمنی جماعت میں حضور انور ایدہ اللہ کے ساتھ بہت ساری تقریبات میں سے ایک تقریب آمین بھی تقریباً ہر سال منعقد ہوتی ہے۔ جماعتی طریقہ کار کے مطابق میرے والد صاحب نے مرکز میں صدر صاحب کی منظوری کے ساتھ درخواست بھیجی جس کو اللہ کے فضل سے مرکز کی طرف سے منظور کر لیا گیا اور اس تقریب کے لیے جرمنی کے جلسہ سالانہ 2017ء کے اگلے ہی دن 28؍اگست بروز سوموار کا دن طے پایا۔ یہ تقریب بیت السبوح فرینکفرٹ میںمنعقد ہونا تھی۔ اس سلسلے میں جلسہ پر تلفظ کو دیکھنے کی غرض سے منتظمین کی طرف سے ٹیسٹ بھی لیا گیا کہ آیا قرآن مجید ٹھیک طرح سے پڑھنا آگیا ہے یا نہیں۔ محض اللہ کے فضل سے میں نے یہ ٹیسٹ پاس کرلیا جس کے لیے میں نے کافی زیادہ تیاری بھی کی تھی۔ جیسے ہی منتظمین نے میرے والد صاحب کو میرے ٹیسٹ میں پاس ہونے کا بتایا تو میں اس دن بہت خوش تھی کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے سامنے، ان کی موجودگی میں، ان کے سایۂ شفقت میں میری آمین ہوگی۔

الحمد للہ مورخہ 28؍اگست 2017ء کو حضرت خلیفۃ المسیح کے ارشاد پر میں نے قرآن پڑھ کر سنایا اور یوں میں بھی ان خوش قسمت بچوں میں شامل ہوگئی جن کو حضرت خلیفۃ المسیح سے آمین کروانے کا شرف حاصل ہوا اور وہ دیرینہ خواب جس کا میں بہت عرصے سے بے صبری کے ساتھ انتظار کررہی تھی خدا کے فضل سے پورا ہوا۔ اس آمین کی تقریب میں بہت سارے بچے موجود تھے اور سب کے چہروں سے مسرت اور خوشی جھلک رہی تھی اور حضور انور نے ہم سب سے بڑے پیار اور شفقت کا سلوک فرمایا۔ میں آج بھی اس تقریب کو یاد کر کے محظوظ ہوتی ہوں۔خدا تعالیٰ ہمارے پیارے حضور کو ہمیشہ سلامت رکھے اور ہم سب کو آمین کے اس مقصد کو سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

(باسمہ صدیق، جماعت مہدی آباد،جرمنی)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button