حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… غزہ میں امداد کے لیے اسرائیل نے امریکہ کو عالمی قوانین کی پاسداری کی تحریری یقین دہانیاں کرا دیں۔ امریکی ڈیموکریٹک سینیٹرز نے صدر جوبائیڈن پر اسرائیلی یقین دہانیاں مسترد کرنے پر زور دے دیا ہے۔اس حوالے سے کرس وین ہولن، ڈک ڈربن، الزبتھ ویرن سمیت سترہ سینیٹرز نے امریکی محکمۂ خارجہ سے کہا ہے کہ وہ غزہ میں امداد کے بہاؤ میں اسرائیلی رکاوٹوں کے پیش نظر اسرائیل کی کسی بھی یقین دہانی کو مسترد کر دے۔امریکی محکمۂ خارجہ اس بات کا جائزہ لے رہا ہے کہ آیا غزہ میں اسرائیل کی کارروائیاں جنگی قوانین کی پیروی کرتی ہیں۔

٭…صدر پیوٹن کا کہنا ہے کہ ماسکو کے کنسرٹ ہال پر حملہ کرنے والے مسلح افراد نے یوکرین فرار ہونے کی کوشش کی تھی، کیف ملوث ہونے سے انکار کرتا ہے۔ ہفتے کوحملے میں ہلاکتوں کی تعداد ۱۳۰؍سے تجاوز کر گئی تھی اور ماسکو کا میوزک ہال دھوئیں سے بھرا سیاہ،کھنڈر بن گیا ہے۔روسی حکام نے چار مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہےجن کے لیےصدر ولادیمیر پیوٹن نے دعویٰ کیا ہےکہ وہ یوکرین فرار ہوتے ہوئے پکڑے گئے تھے۔ کیف نے کراسنوگورسک میں کروکس سٹی ہال میوزک پر جمعہ کے حملے میں ملوث ہونے کی سختی سے تردید کی ہےجس کی ذمہ داری اسلامک سٹیٹ گروپ نے قبول کی ہے۔ امریکی انٹیلیجنس عہدہ داروں نے جمعے کو کہا تھا کہ ان کے پاس جاسوسی کی معلومات ہیں کہ اسلامک اسٹیٹ گروپ (داعش) سے وابستہ افغانستان میں داعش خراسان، ماسکو حملے کے لیے ذمہ دار ہے۔

٭…صومالیہ کے جنوب مغربی علاقے میں دہشت گردوں نے فوجی اڈے پر حملہ کردیا۔ صومالیہ میں فوجی اڈے پر حملے میں کمانڈر سمیت سات فوجی ہلاک ہوئے۔ صومالی فوج کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں اور سیکیورٹی فورسز کی جھڑپوں میں دس دہشتگرد مارے گئے۔ حملہ آوروں نے فوجی اڈے پر خودکش کار بم دھماکہ بھی کیا۔ صومالی فوجی اڈے پر حملے کی ذمہ داری الشباب دہشتگرد تنظیم نے قبول کی ہے۔

٭…پاکستان کی طرف سے افغانستان کے علاقوں پر مبینہ بمباری کے بعد ان دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین تعلقات ایک مرتبہ پھر کشیدہ ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ افغان طالبان نے کہا ہے کہ پاکستانی حملوں کے خطرناک نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔ افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے خوست اور پکتیا کے صوبوں میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب متعدد حملے کیے ہیں جن میں خواتین اور بچوں سمیت آٹھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ذبیح اللہ مجاہد کے اس بیان کے بعد دونوں ممالک کے مابین کشیدگی میں اضافے کا خدشہ ہے۔ یہ مبینہ حملے صدر آصف علی زرداری کے اس بیان کے ایک دن بعد سامنے آئے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ۱۶؍مارچ کو ہلاک ہونے والے سات پاکستانی فوجیوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ یاد رہے کہ ۱۶؍مارچ کو پاکستان کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں پاکستان آرمی پر ایک حملہ ہوا تھا، جس میں پاکستانی فوج کے ایک لیفٹیننٹ کرنل، ایک کیپٹن اور پانچ سپاہی ہلاک ہوئے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری حافظ گل بہادر گروپ نے قبول کی تھی۔

٭…سعودی عرب کے حکام کی جانب سے چند ممالک کے شہریوں کےلیے بغیر ویزا عمرے کی ادائیگی سے متعلق اعلان کیا گیا ہے۔سعودی وزارت برائے حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ اب یورپی یونین (EU)، برطانیہ (UK) اور امریکہ (US) کے مستقل رہائشی ویزا کے بغیر عمرہ ادا کر سکیں گے۔یہ قدم سعودی عرب کے ’ویژن ۲۰۳۰‘کے تحت اٹھایا گیا ہے۔سعودی عرب کی حکومت اس وقت رواں سال جون میں ہونے والے حج کے انتظامات میں مصروف ہے۔ سعودی حکام کے مطابق گذشتہ سال سے تاحال مسلم دنیا سے ۱۳.۵؍ملین سے زائد زائرین نے عمرہ ادا کیا ہے۔

٭…بھارت میں انتخابات سے قبل ریاست اترپردیش میں اسلامی مدارس پر پابندی لگا دی گئی۔الٰہ آباد ہائی کورٹ نے مدرسوں سے متعلق ۲۰۰۴ء کا قانون منسوخ کر دیا اور کہا کہ مدارس سے متعلق قانون سے آئینی سیکولر ازم کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔عدالت نے مدارس کے لاکھوں طلبہ کو روایتی سکولوں میں داخلے کی ہدایت بھی کی ہے۔ یاد رہے کہ اتر پردیش کی چوبیس کروڑ کی آبادی میں پانچواں حصہ مسلمان ہیں۔ریاست میں مدرسہ تعلیم بورڈ کے سربراہ نے کہا ہے کہ اس اقدام سے پچیس ہزار مدارس کے ستائیس لاکھ طلبہ اور تقریباً دس ہزار اساتذہ متاثر ہوں گے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button