افریقہ (رپورٹس)

جماعت گیمبیا کے زیر اہتمام بیسویں نیشنل ریفریشر کورس و تربیتی کلاس کا انعقاد

(مسعود احمدطاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل گیمبیا)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ مسلمہ گیمبیا کو اپنا بیسواں سات روزہ ریفریشرکورس و تربیتی کلاس منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ

یہ ریفریشر کورس اور کلاس حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشاد پرمعلمین، داعیان الی اللہ اور نومبائعین کی تربیت کے لیے منعقد کی جاتی ہے۔

امسال یہ ریفریشر کورس مورخہ۳تا۹؍فروری۲۰۲۴ء ’’مانساکونکو‘‘ میں موجود ’’طاہر احمدیہ مسلم سینئر سیکنڈری سکول‘‘ میں منعقد ہوا۔ مورخہ ۳؍فروری بعد نماز مغرب وعشاء کلاس کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں تلاوت قرآن کریم کے بعد مکرم محمود احمد طاہر صاحب نائب امیر ومشنری انچارج گیمبیا نے افتتاحی تقریر کی اور دعا کروائی۔

کلاس میں تدریس کا باقاعدہ آغاز اتوار کی صبح کو ہوا۔ دوران ہفتہ یہ کلاسز صبح ساڑھے آٹھ بجے سے دوپہر نماز ظہر تک جاری رہتیں۔ ان کلاسز میں یسرنا القرآن، قرآن کریم کا تلفظ، منتخب آیات کا حفظ، علم الکلام، فقہ اور نظام جماعت کا تعارف پڑھایا گیا۔

اس ریفریشر کورس میں پنجگانہ نمازباجماعت کے علاوہ روزانہ باجماعت نماز تہجد کا قیام ایک اہم تربیتی پہلو تھا۔ حالیہ اسرائیل فلسطین تنازعہ کے تناظر میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ہدایت فرمائی ہے کہ ہر احمدی حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کی تحریر فرمودہ تفسیر کبیر میں سے سورہ بنی اسرائیل کی ابتدائی متعلقہ آیات کی تفسیر کا مطالعہ کرے تامعلوم ہو کہ یہ سب کچھ جوہورہا ہے اس کی قرآن کریم پہلے سے پیشگوئی کرچکا ہے اور مستقبل میں کیا ہونے جارہا ہے۔چنانچہ اس ارشاد کی تعمیل میں نماز فجر کے بعد مذکورہ بالا آیات کی تفسیر کا درس دیا گیا۔

بعد ازنماز عصر مختلف مبلغین نے سورۃ البقرۃ میں ان آیات کی جماعتی تفسیر بیان کی جن کے بارے میں غیراحمدیوں میں طرح طرح کے مضحکہ خیز قصے مشہور ہیں، جیسے ہاروت ماروت کا قصہ، تخلیق آدم اور جنت سے نکالے جانے کی حقیقت۔ شاملین نے ان لیکچرز میں بہت دلچسپی لی۔

لیکچر کے بعد ایک گھنٹہ کھیل کے لیے دیا گیا جس میں فٹبال کے دلچسپ میچز کے علاوہ دوسری کھیلوں کے مقابلے بھی ہوئے۔

ہر روز بعد از نماز مغرب مجلس سوال وجواب ہوتی رہی جس میں مبلغین نے احباب کے سوالات کے جواب دیے۔

مورخہ ۹؍فروری بروز جمعۃ المبارک بعد از نماز فجر اس ریفریشر کورس کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی مکرم بابا ایف تراولے صاحب امیر جماعت گیمبیا تھے۔ تلاوت اور قصیدہ کے بعدخاکسار (مربی سلسلہ) نے مختصر رپورٹ پیش کی۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے اختتامی تقریر میں اس تربیتی کلاس نیز تبلیغ کی اہمیت بیان کی اور تمام شاملین کو ان کی جماعتی ذمہ داریوں کو احسن رنگ میں ادا کرنے کی ترغیب دلائی۔

امسال ریفریشر کورس میں ملک بھر سے معلمین، مبلغین، داعیان الیٰ اللہ اور نومبائعین سمیت کُل ۹۵؍افرادنے شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس ریفریشر کورس کے اعلیٰ نتائج پیدا فرمائے اور ہم اپنے ایمان و ایقان میں بڑھنے والے ہوں۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button