یورپ (رپورٹس)

مجلس انصاراللہ یونان کا آٹھواں سالانہ اجتماع

(ارشد محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل یونان)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصاراللہ یونان کو اپنا ایک روزہ آٹھواں سالانہ اجتماع ’’انصاراللہ کی ذمہ داریاں‘‘ کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۱۰؍ دسمبر ۲۰۲۳ء بروز اتوار ایتھنز مشن ہاؤس میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ

اجتماع میں تین اجلاس ہوئے۔ انفرادی نماز تہجد، نماز فجر اور تلاوت قرآن کریم سے دن کا آغاز کیا گیا۔ شاملین کے لیے ناشتہ کا بھی انتظام تھا۔ افتتاحی اجلاس کا آغاز صبح ساڑھے دس بجے عبدالقدوس صاحب صدر مجلس انصاراللہ یونان کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم سے ہوا۔ بعد ازاں صدر صاحب مجلس انصاراللہ یونان نے ’’مجلس انصاراللہ کا قیام اور اس کے مقاصد‘‘ کے عنوان پر افتتاحی تقریر پیش کی اور دعا کروائی۔

ساڑھے بارہ بجے علمی و ورزشی مقابلہ جات ہوئے۔ چار علمی مقابلہ جات ہوئے جن میں مقابلہ تلاوت قرآن کریم، مقابلہ اذان، مقابلہ تقریر اور مقابلہ نظم شامل تھے۔ورزشی مقابلہ جات ہوئے جن میں کلائی پکڑنا اور پنجہ آزمائی شامل تھے۔

نماز ظہر و عصر کے بعد دوسرا اجلاس صدر صاحب مجلس انصاراللہ کی صدارت میں شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد پہلی تقریر سید عبدالرحمٰن صاحب نے ’’حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی جماعت کو نصائح‘‘ کے عنوان پر کی۔ دوسری تقریر چودھری مشتاق احمد صاحب نے ’’ذکر حبیب‘‘ کے عنوان پر کی اور اس اجلاس کی اختتامی دعا ہوئی۔

وقفہ برائے طعام کے بعد شام پانچ بجے تیسرا اور آخری اجلاس عطاء النصیر صاحب مربی سلسلہ و نیشنل صدرجماعت یونان کی زیر صدارت شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم کے بعد صدر صاحب مجلس انصاراللہ نے رپورٹ پیش کی اور اجتماع کو کامیاب بنانے کے لیے خدمت کرنے والوں اور شاملین کا شکریہ ادا کیا۔

صدر اجلاس نے مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے اور ’’انصاراللہ کی ذمہ داریاں‘‘ کے عنوان پر اپنی تقریر میں اجتماع مجلس انصاراللہ یوکے ۲۰۲۳ء کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطاب سے چند اقتباسات پیش کیے اور اس حوالہ سے چند نصائح کیں۔ دعا کے ساتھ اس اجتماع کا اختتام ہوا۔

اجتماع میں شامل حاضرین کی تعداد ۱۳؍ جبکہ آن لائن شامل ہونے والے احباب کی تعداد سات تھی۔ اس طرح اجتماع کی کُل حاضری ۲۰؍ رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ: ارشد محمود۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button