حالاتِ حاضرہ

سپورٹس بلیٹن

فٹ بال:آئیوری کوسٹ میں جاری افریقہ کپ آف نیشنز(AFCON)کے پری کوارٹر فائنل مرحلے میں نائیجیریا نے کیمرون کو ۲۔صفرجبکہ انگولا نے نمیبیاکو۳۔صفر سے شکست دے دی۔ گنی نے ایکویٹوریل گنی کو صفر کے مقابلہ میں ایک گول سے ہراکرکوارٹرفائنل تک رسائی حاصل کرلی۔DR Congoنےایک دلچسپ اورکانٹے دارمقابلہ میں مصر کے خلاف پنلٹی شوٹس پر ۸۔۷ کے سکورسے کامیابی حاصل کی۔دیگرمیچز میں کیپ وردی نے موریطانیہ کو۱۔صفراور آئیوری کوسٹ نے سینیگال کوپنلٹیزپر۵۔۴سے شکست دے کرکوارٹرفائنل میں جگہ بنا لی۔

دوسری طرف AFCایشین کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کے راؤنڈآف۱۶؍میں آسٹریلیا نے یکطرفہ مقابلہ میں انڈونیشیاکو ۴۔صفرسے ہرادیا۔ اردن نے عراق کے خلاف ۳۔۲سے کامیابی سمیٹی جبکہ تاجکستان اور متحدہ عرب امارات کا میچ ۱۔۱گول سے برابر ہونے کے بعد پنلٹی شوٹس پرتاجکستان کی ٹیم ۳کےمقابلہ میں ۵گول سے فتحیاب ہوئی۔ایک اورمیچ میں قطر نے فلسطین کو ۲۔۱؍سےشکست دے کرکوارٹرفائنل میں جگہ بنا لی۔

ٹینس:آسٹریلین اوپن ۲۰۲۴ءکا مینز سنگلز ٹائٹل اٹلی سےتعلق رکھنے والے عالمی نمبرچارکھلاڑی جینک سنر(Jannik Sinner)نے جیت لیا۔بائیس سالہ Jannik Sinnerنے سیمی فائنل میں سربیا کے مایہ ناز کھلاڑی نوواک جوکووچ (Novak Djokovic) کو شکست دینے کے بعد فائنل میں روس کے Daniil Medvedevکے خلاف پہلے دو سیٹ ہارنے کے بعد لگاتارتین سیٹس جیت کر اپنے کیریئرکا پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل حاصل کیا۔مردوں کے ڈبلز مقابلوں میں بھارت کے روہن بوپنا(Rohan Bopanna)نے آسٹریلیا کے Matthew Ebdenکے ساتھ مل کر اٹلی کی جوڑی کو شکست دے کرمینزڈبلزایونٹ میں اپنا پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتا۔اس فتح کے بعد۴۴؍سالہ روہن بوپنا مینز ٹینس میں گرینڈ سلیم جیتنے والے معمرترین کھلاڑی بھی بن گئے۔

آسٹریلین اوپن کے ویمنز سنگلز کے فائنل میں دفاعی چیمپئن بیلاروس کی Aryna Sabalenkaنے چین کی Qinwen Zheng کو ۶۔۳اور۶۔۲سے شکست دی۔

کرکٹ: ۲۸؍جنوری ۲۰۲۴ء ، ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایک یادگار دن ثابت ہواجب ویسٹ انڈیز کی ناتجربہ کاراورنوجوان کھلاڑیوں پرمشتمل بظاہر کمزورٹیم نے آسٹریلوی سرزمین پرمیزبان آسٹریلیا کی نہایت مضبوط اورباصلاحیت ٹیم کو دسمبر۱۹۹۶ء کے بعد پہلی بارٹیسٹ میچ میں شکست سےدوچارکردیا۔دوسری جانب انگلینڈ نے میزبان بھارت کے خلاف حیدرآبادٹیسٹ میں ناقابل یقین اور غیرمعمولی فتح حاصل کی۔

ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے مابین ٹیسٹ سیریز کا دوسرا اور آخری میچ برسبین کے میدان پرکھیلا گیا ۔ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں ۳۱۱؍رنز بنائے جس کے جواب میں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز۲۸۹؍رنزپر۹؍وکٹوں کے نقصان پر ڈیکلیئر کی۔دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم ۱۹۳؍رنز پر آل آؤٹ ہو ئی اور میزبان آسٹریلیا کو جیت کے لیے ۲۱۶؍رنز کا ہدف ملا۔کھیل کے چوتھے روزویسٹ انڈیز نے آسٹریلیا کو ۲۰۷؍رنز پر آؤٹ کرکے زبردست کامیابی حاصل کی۔اپنی پہلی ٹیسٹ سیریز کھیلنے والے نوجوان فاسٹ باؤلرشمار جوزف (Shamar Joseph)نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے میچ کی آخری اننگز میں سات وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم کوصرف آٹھ رنزسے تاریخی فتح سے ہمکنارکیا۔ شمارجوزف میچ اور سیریزکےبہترین کھلاڑی قرارپائے۔

(رپورٹ: ۔ن م طاہر)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button