افریقہ (رپورٹس)

جماعت کیمرون کی جماعتوں میں جلسہ سیرۃ النبیﷺ کا انعقاد

(عبدالخالق نیر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کیمرون)

۱۲؍ ربیع الاوّل کے حوالے سے پوری دنیا کی طرح کیمرون کی جماعتوں میں بھی پروگرام ہوئے۔ تین ریجنز میں جماعتوں نے اجتماعی جبکہ باقی چھ ریجنز میں جماعتوں نے انفرادی پروگرام کیے۔

شمالی کیمرون کے فار نارتھ ریجن کے شہر مروہ (Maroua) میں اجتماعی پروگرام ہوا جس میں الحاج ابراہیم بابا صاحب نیشنل صدر جماعت اور خاکسار نے شرکت کی۔ یہاں ۱۴؍ جماعتوں کے نمائندوں نےشرکت کی۔ مروہ شہر کے پیرا مائونٹ چیف نے اپنا نمائندہ پروگرام کے لیے بھیجا۔ سات دیہات کے احمدی چیفس نے بھی شرکت کی۔

اس جلسہ میں تین تقاریر ہوئیں۔ بچوں نے عربی قصیدہ اور نظمیں پڑھیں۔ لجنہ ممبرات کے لیے الگ انتظام تھا۔کُل حاضری ۴۷۸؍تھی۔

اس پروگرام کو ایک ریڈیو اور دو لوکل ٹی وی سٹیشنز پر بھی دکھایا گیا۔

ان پروگراموں میں نومبائعین اپنے دوستوں کو بھی ساتھ لے کر آئے۔ جب انہوں نے مقامی زبانوں میں حضرت مسیح موعودؑاور خلفائے کرام کے حوالہ جات نبی کریمؐ کی شان اور تعریف میں سنے تو بہت خوش ہوئے۔ ان میں سے بعض نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بتایا گیا تھا کہ جماعت احمدیہ نبی کریمؐ کو مانتی ہی نہیں لیکن یہاں تو ہم نبی کریمؐ کی تعریف سن رہے ہیں۔

ان پروگراموں میں مربیان اور معلّمین کرام کے علاوہ جماعت کے داعیان الی اللہ نے ان موضوعات پر تقاریر کیں:

۱۔آنحضورﷺبطور رحمۃ اللعالمین۲۔ حضرت نبی کریمؐ امن کے شہزادے ۳۔ حضرت مسیح موعودؑ کا عشقِ رسولؐ ۴۔درود شریف کی برکات ۵۔ نبی کریمؐ کا دشمنوں سے حسنِ سلوک۔

اکثر جگہوں پر انگریزی اور فرنچ کے علاوہ مختلف مقامی زبانوں میں بھی تقاریر ہوئیں۔ اس موقع پر حضرت مسیح موعودؑ کی تحریرات پر مشتمل آنحضورؐ کی شان میں ایک پمفلٹ ۳۰؍ ہزار کی تعداد میں فرنچ اور انگریزی میں پرنٹ کروا کر جماعتوں میں تقسیم کیے گئے۔ احباب جماعت کے علاوہ غیر از جماعت دوست بھی لٹریچر اپنے ساتھ لے کر گئے اور اس طرح پیغام دُور دراز علاقوں تک پہنچا۔

(رپورٹ: عبد الخالق نیر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button