عالمی خبریں

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…غزہ میں اسرائیلی حملوں کی شدت کے باعث غذائی بحران سنگین ہونے لگا، غزہ کے بیشتر حصوں میں امداد کی فراہمی ناممکن ہے۔ عالمی ادارہ خوراک کا کہنا ہے کہ غزہ میں ۳۶؍فیصد گھرانے شدید بھوک کا شکار ہیں۔غزہ کے رہائشی علاقوں میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں مزید ۱۳۳؍فلسطینی جاں بحق ہو گئے جس کے بعد جاںبحق فلسطینیوں کی تعداد اٹھارہ ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔اسرائیلی فوج نے بیت لاحیہ میں خلیفہ سکول کی عمارت کو آگ لگا دی اور سکول میں پناہ لینے والے فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔ اسرائیل نے جھڑپوں میں دو افسران سمیت مزید چار اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔ یمنی حوثیوں کا کہنا ہے کہ غزہ میں امداد نہ جانے دی گئی تو اسرائیل جانے والا کوئی بھی جہاز ہمارا نشانہ ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب حماس اور اسلامک جہاد نے راکٹوں اور مارٹر گولوں کے حملوں سے قابض فورسز کی کئی بکتر بند گاڑیوں، ٹینکوں کو تباہ کر دیا، جس میں متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے۔ حماس کے حملوں میں دو ہزار سے زیادہ اسرائیلی فوجی معذور ہوگئے۔اسرائیلی اخبار نے انکشاف کیا کہ پانچ ہزار سے زیادہ زخمی اسرائیلی فوجی ہسپتال لائے گئے جن میں ۵۸؍فیصد شدید زخمی ہیں۔اسرائیلی فوج اب تک ۴۲۵؍فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کر چکی ہے۔

٭…امریکہ کی جانب سے اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں جنگ بندی کی قرارداد ویٹو کرنے کے معاملے پر ایران اور ترکی نے بھی ردِعمل دیا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ جنگ کی امریکی حمایت جاری رہی تو خطے میں بے قابو صورت حال کا امکان ہے۔ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ غزہ جنگ بندی کی قرارداد صرف امریکہ نے ویٹو کی، کیا یہ انصاف ہے؟ سلامتی کونسل اسرائیل کی محافظ بن چکی ہے، اصلاحات اب ناگزیر ہیں، دنیا صرف سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان پر مشتمل نہیں۔ چین نے کہا امریکہ نے قرارداد ویٹو کر کے اپنی منافقت ثابت کر دی ہے۔روس نے کہا امریکہ نے اسرائیل کو قتل عام کی اجازت دے دی۔

٭…اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی سے متعلق قرارداد امریکہ کی جانب سے ویٹو کیے جانے پر فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ غزہ جنگ بندی پر امریکی اقدام اشتعال انگیز اور غیر اخلاقی ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں معصوم بچوں، خواتین اور معمر افراد کے خون بہانے کا ذمہ دار امریکہ ہے۔فلسطینی صدر کا کہنا تھا کہ امریکی اقدام تمام انسانی اصولوں اور اقدار کی خلاف ورزی ہے۔

٭…اسرائیلی فوج کی بمباری سے ۶۵۰؍سال پرانی قرون وسطیٰ کی العمری مسجد شہید ہوگئی۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق غزہ کی قدیم اور سب سے بڑی مسجد پر بمباری سے وہ تہ و بالا ہوگئی۔ حماس کی جانب سے اسرائیلی فوج کے اس اقدام کو گھناؤنا جرم قرار دیا گیا ہے۔

٭…بھارت کی تین ریاستوں میں انکم ٹیکس حکام کے چھاپوں کے دوران کم از کم ۲۹۰؍کروڑ روپے برآمد کر لیے گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ رقم مزید بڑھے گی کیونکہ ابھی مزید نقدی کی گنتی ہونا باقی ہے اور حکام کو مزید مقامات کے بارے میں انٹیلی جنس معلومات ملی ہیں جہاں نقد رقم چھپائی گئی ہے۔ ملنے والی نقدی الماریوں اور دیگر فرنیچر میں بھر کر رکھی گئی تھی۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button