افریقہ (رپورٹس)

لجنہ اماء اللہ گھانا کا کماسی میں اکیالیسواں نیشنل اجتماع ۲۰۲۳ء

(احمد طاہر مرزا۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل گھانا)

٭… لجنہ اماءاللہ کے صد سالہ تشکر کے موقع پر نیشنل اجتماع کے ساتھ امن واک کا اہتمام
٭… کُل پانچ ہزار ۸۱۵؍ لجنہ ممبرات کی شرکت

اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماء اللہ گھانا کواشانٹی کے علاقائی دارالحکومت کماسی میں مورخہ ۲۸تا۳۰؍ ستمبر ۲۰۲۳ء کو اکیالیسواں نیشنل اجتماع منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس اجتماع کا مرکزی موضوع ’’اپنی اصلاح کے لیے اپنے نفس میں لچک پیدا کرنا ہی امن اور پائیدار ترقی کی راہ ہے‘‘ تھا۔

یہ اجتماع ٹی آئی احمدیہ سینئر ہائی سکول کماسی اشانٹی ریجن میں ہوا۔ اجتماع میں گھانا کے جملہ دس ریجنز کی قریباً پانچ ہزار ۸۱۵؍خواتین نے شرکت کی۔ اس موقع پر صد سالہ امن واک کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں قریباً دو ہزار چھ صد ممبرات شامل ہوئیں۔ مورخہ یکم اکتوبر ۲۰۲۳ء کو صد سالہ جشن اختتام پذیر ہونے اور لجنہ کی دوسری صدی میں قدم رکھنے کے لیے سالانہ اجتماع کے میدان میں اجتماعی تہجد ادا کی گئی۔ فالحمد للہ علیٰ ذالک

اس اجتماع نے لجنہ ممبرات کو روحانی، دینی، تربیتی اور علمی طور پر مالا مال کیا۔ علاوہ ازیں ہمسایہ ممالک جیسے برکینا فاسو، نائیجیریا، بینن اور ٹوگولینڈ سے بھی لجنہ نمائندگان شامل ہوئیں۔

اس صد سالہ جشن کے پروگراموں میں ہسپتالوں، یتیم خانوں، گلی کوچوں کے لیے عطیات، صفائی کی مشقیں اور درخت لگانے جیسی سرگرمیاں شامل تھیں۔ صدر لجنہ اماء اللہ گھانا حاجیہ انیسہ ناصر الدین ادریسو صاحبہ نے اپنی تقریر میں اسلام کے مسلمان خواتین کو دیے گئے حقوق کے حوالے سے بات کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر خواتین کو تعلیم حاصل کرنے کا موقع دیا جائے تو اس سے ان کے علم میں اضافہ ہو گا اور اس طرح وہ معاشرے کی ترقی کے لیے بچوں کی صحیح طریقے سے پرورش کر سکتی ہیں۔

اس اجتماع میں اشانٹی سلطنت کی ملکہ نانا کوناڈو ییاڈوم سوم (Nana Konadu Yiadom III) کی نمائندگی محترمہ نانا ابینا اچیا (Nana Abena Achiaa) نے کی اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا ۔ یاد رہے کہ گھانا میں لجنہ اماءاللہ کا آغازسالٹ پانڈ سینٹرل ریجن میں۱۹۲۳ء میں ہوا تھا اور مارچ ۲۰۲۳ء تک گھانا کے سولہ ریجنز کے ۴۳؍زونز کے ۱۶۷؍سرکٹس میں لجنہ ممبرات کی تعداد ۴۳ہزار۱۱۵؍ ہے۔

(رپورٹ: احمد طاہر مرزا ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button