یورپ (رپورٹس)

گلاسگو، سکاٹ لینڈ میں اسرائیل و فلسطین کی جنگ کے خاتمہ کے لیے امن کانفرنس کا انعقاد

(ارشد محمود خاں۔ گلاسگو ،اسکاٹ لینڈ)

اسرائیل وفلسطین کی جاری جنگ کے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جماعت احمدیہ گلاسگو نارتھ نے ۱۸؍نومبر۲۰۲۳ء بروز ہفتہ شام چار بجے سکاٹ لینڈ میں جاری ’’سکاٹش بین المذاہب ہفتہ‘‘(Scottish Interfaith Week) کے دوران ایک امن کانفرنس کا اہتمام کیا جس میں کُل ۹۰؍ افراد بشمول غیرمسلم مہمان اور جماعت کے اراکین نے شرکت کی۔ اس کانفرنس نے مختلف برادریوں کو مذہبی حدود سے بالاتر ہوکر اسرائیل فلسطین تنازعہ کے معصوم متاثرین کے ساتھ کھڑے ہونے اور دیرپا امن کی وکالت کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا۔

تلاوت قرآن کریم اورانگریزی ترجمہ کے بعد فخر احمدآفتاب صاحب مربی سلسلہ سکاٹ لینڈ نے چند کلمات کہے۔ اس کے بعد جنگ کے متاثرین سے یکجہتی کے لیے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ بعد ازاں مہمان مقررین کو جاری تنازعہ کے حوالے سے اپنے تاثرات پیش کرنے اور ان کے اپنے عقائد کے مطابق دعائیہ کلمات ادا کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔ تقریب کے دوران مختلف بچوں نے امن سے متعلق قرآن پاک، بائبل اور تورات سے حوالہ جات پیش کیے۔

اس تقریب میں بین الاقوامی فوجداری عدالت (International Criminal Court) کے پراسیکیوٹر کریم خان صاحب کا ایک ویڈیو پیغام بھی پیش کیا گیا جس میں جنگ کے نتائج پر گفتگو کی گئی اور امن اور انصاف کی اہم ضرورت پر زور دیا گیا۔ ڈاکٹر حماد خان صاحب کی ایک ویڈیو بھی دکھائی گئی جس میں مشرق وسطیٰ خصوصاً فلسطین اور اسرائیل میں ہیومینٹی فرسٹ کی جانب سے کیے جانے والے فلاحی منصوبوں کے بارے میں اپ ڈیٹ فراہم کی گئی۔

اطفال و ناصرات کے ایک گروپ نے ’’محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں‘‘ کے موضوع پر ایک نظم سنائی جسے سب نے خوب پذیرائی بخشی۔

فرید احمد صاحب سیکرٹری امور خارجہ یوکے نے اختتامی تقریر میں امن کی اہم ضرورت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ دنیا کو متحد ہو کر امن اور انصاف کے لیے آواز اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ دنیا کو تباہی سے بچایا جاسکے اور آنے والی نسلوں کے لیے اس دنیا کومحفوظ بنایا جا سکے۔ اس کے بعد مکرم ڈاکٹر عبدالحئی صاحب ریجنل امیر سکاٹ لینڈ نے سب کا شکریہ ادا کیا۔ دعا کے ساتھ تقریب کا اختتام ہوا اور مہمانوں کو ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔

اس کانفرنس کی رپورٹ سکاٹ لینڈ کے ٹی وی چینل بی بی سی البا پر ۲۰؍ نومبر ۲۰۲۳ء کو ایک ڈاکومنٹری میں دکھائی گئی جو اس لنک پر دیکھی جاسکتی ہے:

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button