حضور انور کے ساتھ ملاقات

مجلس خدام الاحمدیہ اور اطفال الاحمدیہ سوئٹزر لینڈ کی امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ آن لائن ملاقات کی بابت تاثرات

مورخہ ۱۵؍ اکتوبر ۲۰۲۳ء بروز اتوار مجلس خدام الاحمدیہ اور اطفال الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ کو مسجد نور ویگولٹنگن سے ملحقہ ہال میں اپنے محبوب آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے آن لائن ملاقات کا شرف حاصل ہوا۔

یہ ملاقات اس لحاظ سے منفرد حیثیت کی حامل تھی کہ اس میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ سے ملاقات کا شرف پانے والے صرف عہدیداران ہی نہیں تھے بلکہ سوئٹزرلینڈ مجلس کے دیگر خدام اور اطفال جو کوئی عہدہ بھی نہیں رکھتے تھے کی کثیر تعداد بھی شامل تھی۔ خدام کی تعداد ۶۳؍ اور اطفال کی ۳۱؍تھی۔ ان میں ایسے خدام اور اطفال بھی تھے جو کسی بھی خلیفۂ وقت سے پہلی دفعہ مل رہے تھے یا جن کی حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ سے پہلی ملاقات تھی یا جو کسی بھی وجہ سے ایک لمبے عرصے سے ملاقات کے شرف سے محروم تھے۔

خدام اور اطفال صبح نو بجے مسجد نور ویگولٹنگن پہنچ گئے تھے۔ ناشتہ کے بعد تمام خدام اور اطفال ہال میں بیٹھ گئے جہاں ہدایات دی گئیں۔

آن لائن ملاقات کا آغاز تلاوت قرآن کریم، ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ اس کے بعد شاہد اقبال صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ نے حضور انور سے درخواست کی کہ چند خدام اور اطفال اپنے سوالات پیش کرنا چاہتے ہیں جو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے از راہ شفقت منظور فرمائی۔ حضور انور کی خدمت اقدس میں سات اطفال اور دس خدام کے مختلف موضوعات پر سوالات کے حضور انور کی طرف سے جوابات سے سب فیضیاب ہوئے۔ اس ملاقات کی رپورٹ کے لیے ملاحظہ فرمائیں الفضل انٹرنیشنل شمارہ ۲۶؍ اکتوبر ۲۰۲۳ء۔

ملاقات کے بعد تمام خدام اور اطفال خوشی سے سرشار تھے۔ سب کے تاثرات میں یہ کیفیت غالب دکھائی دی کہ حضور پر نور کی شخصیت کا ’’اَورا‘‘ بنفس نفیس ملاقات کی مانند روح پر چھا گیا۔

ملاقات کے بعد جذبات اور احساسات

صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے کہا کہ ملاقات سے پہلے ایک قسم کی گھبراہٹ اور خوف سا تھاکہ کہیں کوئی بھول چوک نہ ہو جائے لیکن تمام خدام و اطفال میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ملاقات کا بےحد شوق بھی تھا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے حضور انور سے آن لائن ملاقات انتہائی کامیاب رہی۔ہم سب اپنے اندر ایک نیا جوش و جذبہ محسوس کر رہے ہیں۔اللہ تعالیٰ ہمیشہ اسے بڑھاتا چلا جائے اورہم سب اپنی زندگیاں حضور انور کی منشا کے مطابق ڈھالنے والے ہوں۔آمین

مکرم صدر صاحب کہتے ہیں کہ جب بھی خاکسار نے حضور انور سے ملاقات کی خاکسار کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خدا تعالیٰ پر کامل توکّل دیکھنے کو ملا۔ اسی طرح جو سوالات ہم نے اپنے ذہنوں میں بہت مشکل تصوّر کیے ہوتے ہیں انہیں حضور انور ایسے آسان طریق سے سمجھا دیتے ہیں کہ ہر کوئی خواہ وہ چھوٹا ہو یا بڑا ، سب اسے سمجھ جاتے ہیں۔

تحسین احمد تنویر صاحب نے کہا کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے سوئٹزرلینڈ میں جماعت احمدیہ کے مستقبل کے بارے میں فرمایا کہ ہم احمدیوں کو اپنے روحانی معیار بڑھانے ہوں گے ، تبھی ہم صحیح تبلیغ کر سکتے ہیں اور جب یہ ہوگا تو اللہ تعالیٰ رستے کھولے گا۔ اللہ تعالیٰ ہمیں حضور انور کی خواہشات کے مطابق روحانی معیاروں کو بلند کرنے کی توفیق عطا کرے۔ آمین

(رپورٹ: صباح الدین بٹ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button