یورپ (رپورٹس)

سویڈن کے شمالی علاقہ جات کا سات روزہ تبلیغی دورہ

سویڈن کے شمالی علاقوں پر مشتمل کاؤنٹی Västerbotten län کے مرکزی شہر وں میں گذشتہ کچھ عرصہ میں کئی تبلیغی سٹالز کا اہتمام کیا گیا۔

حضو ر انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات کی روشنی میں ۲۴ تا ۲۷؍اپریل، ۲-۳؍ مئی اور ۹؍ مئی کو آٹھ مختلف شہروں کا تبلیغی دورہ کیا گیا۔ اس دورے کے دوران جہاں غیر مسلموں کو اسلام کی حقیقی پُر امن تعلیم سے متعارف کروانے کا موقع ملا وہاں مسلمانوں کو بھی اسلام کی حقیقی تعلیم سے روشناس کروانے کا موقع ملا۔ اللہ تعالیٰ نے ان سٹالز کے دوروں کوغیر معمولی کامیابیوں سے نوازا۔

اس دورے کا موضوع بھی Ask a Muslim رکھا گیا۔اس تبلیغی دورے میں خاکسار (مبلغ سلسلہ، لولیو سویڈن) کے ساتھ باسل سعید صاحب، محمد اجمل شاہد صاحب اور محمد نذیر ارشد صاحب شامل ہوئے۔

اس سفر کے دوران کُل تقریباً ۳۸۵۱؍ کلومیٹر کا سفر طے کیا گیا۔ لوکل پولیس کی اجازت سے سات مختلف شہروں کی مرکزی جگہوں پر ایک ٹینٹ لگا یا گیا جس پر جلی حروف میں سویڈش میں لکھا ہوا ہے اور ساتھ ہی میڈیا میں عموماً آنے والے بعض عناوین بھی درج ہیں۔ اس طرح جہاں ہمارے پاس آنے والے زائرین سے گفتگو ہوئی وہاں پاس سے گزرنے والی گاڑیوں میں موجود بہت سے لوگوں کو بھی ہماری مہم سے متعلق آگاہی ہوئی۔

اللہ کے فضل سے ایک بڑی تعداد میں مقامی لوگوں نے آکر اسلام کے بارے میں اپنے سوالات کے جوابات پائے۔ دورہ کے دوران کئی ایک دلچسپی لینے والوں کو قرآن کریم مع سویڈش ترجمہ بطور تحفہ دیا گیا۔ اسی طرح حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے لیکچرز اور خطوط پر مشتمل کتاب ‘پاتھ وے ٹو پیس’ اور ‘لائف آف محمد ﷺ’ بڑی تعداد میں تقسیم کرنے کا موقع ملا۔

دورہ کے دوران تمام بڑے شہروں کی مرکزی لائبریریز میں رابطہ کر کے انہیں اپنی مہم کے بارے میں بتایا اور ساتھ ہی ان لائبریریز میں سویڈش ترجمہ کے ساتھ قرآن کریم بطور تحفہ پیش کیا گیا۔ لائبریریوں کے علاوہ پولیس، مقامی سٹی کونسل اور چرچ سے بھی رابطہ کیا۔ وزٹ کیے گئے تمام شہروں میں مقامی کونسل کے دورے کے دوران چھ شہروں کے میئرز سے ملاقات ہوئی۔ ان میئرز کے ساتھ ملاقات میں جماعت کا تعارف کروایا گیا اور اس دورے کے مقاصد سے آگاہ کیا۔ تمام میئرز نے ہماری کاوشوں کو بہت پسند کیا۔

اسی طرح مقامی چرچزکا بھی دورہ کیا گیا۔ان دورہ جات میں دو چیف پادریوں، دو پادریوں اور دو چرچ کے نمائندوں سے ملاقات ہوئی۔ ان تمام لوگوں سے تفصیلی گفتگو ہوئی اور انہیں جماعت کا تفصیلی تعارف کروایا گیا۔ ان تمام چرچ کے نمائندگان کو قرآن کریم مع سویڈش ترجمہ بطور تحفہ پیش کیاجسے انہوں نے بہت پسندیدگی کے ساتھ قبول کیا۔

ان شہروں کے نام جہاں ہم نے وزٹ کیا درج ذیل ہیں:

Norsjö, Vilhelmina, Dorotea, Åsele, Lycksele, Sorsele, Storuman اور Malå

ہمارے اس دورے کے متعلق اطلاع متعلقہ علاقوں کےمیڈیا کو بھی کی گئی۔اللہ تعالیٰ کے فضل سےدورہ کے دوران لوکل میڈیا میں اس دورہ کی خوب تشہیر ہوئی۔اس طرح کل دو اخبارات اور ایک صوبائی ریڈیو سٹیشن نے انٹرویوز کیے جن کے ذریعہ جماعت کا پیغام سارے علاقے میں پھیلا۔

اس دورہ کے دوران بھی اکثر لوگوں کا رجحان قرآن جلانے کے واقعات کے حوالے سے سوالات پر رہا اس لیے میڈیا نے بھی انہی باتوں کو زیادہ بیان کیا۔ ان اخباروں نے دورہ کا مقصد تفصیل سے لکھا اور خاص طور پر دورے کے Theme کو جو کہ Ask a Muslim تھا کو نمایاں طور پربیان کیا گیا۔ قرآن جلانے کے حوالے سے مسلمانوں کے ردّعمل کے بارے میں جماعت کا موقف لکھا اور بتایا کہ اسلام پُر تشدد احتجاج کی اجازت نہیں دیتا مگر ساتھ ہی بتایا کہ قرآن جلا کر لوگوں کو اکسانا بھی درست نہیں، اس کی بھی حد بندی ہونی چاہیے۔

(رپورٹ: رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button