کرکٹ ورلڈ کپ ۲۳ء

کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو یکطرفہ مقابلہ میں سات وکٹوں سے پچھاڑ دیا

کرکٹ ورلڈ کپ

میچ نمبر31: منگل31 اکتوبر2023ء

پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش

بمقام: کولکتہ (Kolkata)

آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے 31وَیں میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو یکطرفہ مقابلہ کے بعدسات وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچنے کی امید کوبرقرار رکھا جبکہ بنگلہ دیش سات میں سے چھ میچز ہارکرٹورنامنٹ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان ثاقب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیاتو بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 46 ویں اوور میں 204 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔محمود اللہ 56 رنز بناکر نمایاں رہے۔پاکستان نے مطلوبہ ہدف بآسانی 33 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا،فخر زمان نے شاندار 81 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کے خلاف جیت پاکستان ٹیم کی رواں ورلڈکپ میں تیسری کامیابی ہے جبکہ اس شکست کے بعد بنگلہ دیش سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکا ہے۔پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کیلئے نہ صرف اپنے بقیہ 2 میچز نیوزیلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف بڑے مارجن سے جیتنے پڑیں گے بلکہ دوسری ٹیموں کے میچز کے نتائج پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔

اس میچ میں پاکستانی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں۔امام الحق کی جگہ فخر زمان کی واپس ہوئی جبکہ محمد نواز کی جگہ سلمان علی آغا اور شاداب خان کی جگہ اسامہ میر کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا۔بنگلہ دیش کی ٹیم میں ایک تبدیلی ہوئی،مہدی حسن کی جگہ توحید کو شامل کیا گیا۔

بنگلہ دیش کی اننگز کا آغاز بالکل اچھا نہ تھا،اوپنر تنزید حسن (Tanzid Hasan) کو شاہین نے پہلے ہی اوور میں صفر پر آؤٹ کردیا۔اس کے بعد نجم الحسین شانتو کو بھی شاہین آفریدی نے 4کے سکورپرآؤٹ کیا، اسامہ میر نے ایک اچھا کیچ پکڑا۔پھر حارث رؤف نے اپنے پہلے اوور میں مشفیق الرحیم کی اہم وکٹ حاصل کی تو بنگلہ دیش کا مجموعی سکور3کھلاڑیوں کے نقصان پر23رنز تھا۔چوتھی وکٹ کی شراکت میں لٹن داس (Litton Das)اورمحموداللہ(ٍMahmudullah) میں 79رنز بنائے۔لٹن داس افتخار احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے تو اس کے بعد کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا اور یکے بعد دیگر بنگلہ دیش کی وکٹیں گرتی رہیں۔

پاکستانی فاسٹ باؤلرز شاہین شاہ آفریدی اور محمد وسیم جونیئر نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جبکہ حارث رؤف نے دووکٹیں حاصل کیں۔آف اسپنر افتخار احمد نے بھی اچھی باؤلنگ کی اور 10اوورز میں 44رنز کے عوض ایک اہم وکٹ حاصل کی۔اسامہ میر خاطرخواہ پرفارمنس دینے میں ناکام رہے ،ان کے 10اوورز میں 66رنز بنے اور ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے محموداللہ نے ایک بار پھر ذمہ دارانہ بلے بازی کی اور نصف سینچری بنانے میں کامیاب رہے۔کپتان ثاقب الحسن نے43 اور مہدی حسن میراز نے 25رنز کی باری کھیلی۔بنگلہ دیش کی ٹیم 45.1 اوور میں 204 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔

205 رنز کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز نے شاندار آغازکیا۔عبداللہ شفیق اور فخر زمان کےدرمیان 21اوورز میں 128 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔عبداللہ شفیق69 گیندوں پر 68 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس میں دو چھکے اور9چوکے شامل تھے۔کپتان بابر اعظم 16گیندوں پر صرف 9رنز بنا سکے ۔ بائیں ہاتھ کے جارح مزاج بلے بازفخر زمان لمبے عرصے  بعد اچھی فارم میں نظرآئے۔وہ 74 گیندوں پر 81 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔ان کی باری  میں 7 بلند وبالاچھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔محمد رضوان کے 26 اور افتخار احمدکے 17 رنز کی بدولت پاکستان نے ہدف 32.3 اوورز میں پورا کرلیا۔فخر زمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔بنگلہ دیش کی طرف سے تینوں وکٹیں مہدی حسن میراز کے حصہ میں آئیں۔

پاکستان کا اگلا میچ 4نومبرکو بنگلورو میں نیوزیلینڈ کے خلاف ہوگا جبکہ بنگلہ دیش کا مقابلہ سری لنکا کے ساتھ 6نومبر کو دہلی کے میدان پر ہوگا۔

خلاصہ

بنگلہ دیش45.1 اوورزمیں 204 رنز پر آل آؤٹ

 محمود اللہ56،لٹن داس 45؛

شاہین آفریدی 23/3،محمد وسیم جونیئر 31/3

 پاکستان 32.3 اوورز میں 205/3رنز

 فخرزمان 81،عبداللہ شفیق 68؛

 مہدی حسن میراز60/3

اہم ریکارڈز واعدادوشمار

  • شاہین شاہ آفریدی ایک روزہ انٹرنیشنل میچز میں تیز ترین 100وکٹیں لینے والے فاسٹ باؤلر بن گئے۔انہوں نے یہ سنگ میل صرف 51میچز میں عبورکیا۔آسٹریلیا کے مچل سٹارک نے 52میچوں میں 100وکٹیں حاصل کی تھیں۔
  • مجموعی طورپر ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 100وکٹیں لینے کا ریکارڈ نیپال کے لیگ اسپنر سندیپ لامیچھانے (Sandeep Lamichhane)کے پاس ہے جنہوں نے 42میچز میں یہ سنگ میل عبورکیا تھا۔
  • پاکستان کے عبداللہ شفیق اس ورلڈ کپ میں 4اننگز میں50سے زیادہ سکور بنا چکے ہیں۔قبل ازیں 1992ءمیں جاوید میانداد نے پانچ،2015ء میں مصباح الحق اور 2019ء میں بابراعظم نے چارچار بار یہ سنگ میل عبورکیا تھا۔
  • فخرزمان نے بنگلہ دیش کے خلاف اپنی اننگز میں سات چھکے لگائے ۔ورلڈ کپ میچوں میں پاکستان کی جانب سے ایک باری میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ عمران نذیر کے پاس ہے جنہوں نے 2007ءمیں زمبابوےکے خلاف آٹھ چھکے لگائے تھے۔

(رپورٹ: ن م طاہر)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button