کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء میں افغانستان نے سری لنکا کو سات وکٹوں سے بآسانی شکست دے دی

کرکٹ ورلڈ کپ

میچ نمبر30: پیر30 اکتوبر2023ء

سری لنکا بمقابلہ افغانستان

بمقام: پونے (Pune)

کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء میں افغانستان کا یادگار سفر جاری ہے۔پیر کے روز پونے کے میدان میں سری لنکا کو بآسانی شکست دینے کے بعد افغان ٹیم کا سیمی فائنل میں پہنچنے کا خواب ابھی بھی حقیقت کا روپ دھارسکتا ہے۔انگلینڈ اور پاکستان کے خلاف شاندار فتوحات کے بعد افغانستان نے ایک اور سابق عالمی چیمپئن سری لنکاکو سات وکٹوں سے زَیرکرکےٹورنامنٹ میں اپنی تیسری کامیابی کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پرپانچویں پوزیشن حاصل کرلی۔

افغانستان کی دعوت پرسری لنکا پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے49.3اوورز میں 241 رنز بناکرآؤٹ ہوگئی۔ہدف کے تعاقب میں افغانستان کا آغاز اچھا نہیں تھا ، رحمان اللہ گرباز بغیر کوئی رن بنائے  آؤٹ ہوگئے ۔پھر 73 کے مجموعی اسکور پر ابراہیم زادران(Ibrahim Zadran) 39 رنز کی اننگز کھیل کر واپس لوٹے۔تیسری وکٹ کے لئےرحمت شاہ اورکپتان حشمت اللہ شاہدی نے 58 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔رحمت شاہ نے مسلسل دوسرے میچ میں بہترین اننگز کھیلی،وہ62 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔جس کے بعد حشمت اللہ شاہدی اور عظمت اللہ عمر زئی نے شاندار بیٹنگ کرتےہوئےمیچ کواختتام تک پہنچایا اور242 رنز کاہدف 45.2 اوورزمیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کواہم کامیابی سے ہمکنارکیا۔Azamatullahنے اپنے کیرئیر کی سب سے بڑی 73رنز کی اننگز کھیلی اور کپتان Hashmatullahنے بھی ناٹ آؤٹ 58رنز بنائے۔سری لنکا کی طرف سے دلشان مدوشنکا(Dilshan Madushanka) نے 48رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ کاسن راجیتھا(Kasun Rajith) نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں سری لنکن ٹیم پہلےبلے بازی کرتے ہوئےبڑا سکوربنانے میں ناکام رہی۔کوشل پریرا کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے تجربہ کار بلے باز Dimuth Karunaratneصرف15رنز بناکرآؤٹ ہوگئے۔دوسری وکٹ کی شراکت میں پاتھم نسانکا اور کوشل مینڈس نے 62رنزکا اضافہ کیا۔مگر کوئی بھی بلےبازلمبی باری نہ کھیل سکا اور افغانستان کے باؤلرز نے زبردست باؤلنگ کرتے ہوئے وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کیں۔40اوورزمیں185کےسکورپرسری لنکا کی سات وکٹیں گرچکی تھیں۔اس موقع پراینجلومیتھیوز(Angelo Mathews) اورمہیش تھکشانا(Theekshana)کے مابین سات اوورز میں 45رنز کی اہم ساجھے داری ہوئی لیکن آخری اوورز میں فضل حق فاروقی نے دو مزیدوکٹیں حاصل کرکے سری لنکاکے سکورکو241تک محدودرکھا۔

سری لنکاکی طرف سے اوپنر پاتھم نسانکا(Pathum Nissanka) 46 رنز بنا کر نمایاں رہے۔کپتان کوشل مینڈس(Kusal Mendis) نے 39 اورسدیرا سمارا وکرما(Sadeera Samarawickrama)نے 36 رنز سکور کئے۔

افغان فاسٹ بولر فضل حق فاروقی(Fazalhaq Farooqi) نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 34 رنز کے عوض4 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔مجیب الرحمٰن (Mujeeb-ur-Rahman)نے دوکھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔سری لنکا کے دوبلے باز رَن آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کا اگلا مقابلہ 2نومبر کو ممبئی میں بھارت کے خلاف ہوگا جبکہ افغانستان اپنا ساتواں میچ 3نومبرکو نیدرلینڈزکے خلاف لکھنؤمیں کھیلے گا۔

خلاصہ:

سری لنکا49.3اوورز میں241رنز پر آل آؤٹ

پاتھم نسانکا46،کوشل مینڈس 39،سدیرا سمارا وکرما36

فضل حق فاروقی 34/4،مجیب الرحمٰن 38/2

افغانستان45.2اوورز میں 242/3رنز

عظمت اللہ 73*،شاہدی 58*،رحمت شاہ 62

دلشان مدوشنکا48/2،راجیتھا48/1

اہم اعدادوشماروریکارڈز

  • ورلڈکپ مقابلوں میں افغانستان کی سری لنکا کے خلاف یہ پہلی فتح ہے ۔قبل ازیں 2015ء اور 2019ء میں افغان ٹیم کو سری لنکا کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
  • ورلڈکپ کی تاریخ میں سری لنکا 43وِیں ناکامی کے بعد سب سے زیادہ میچز ہارنے والی ٹیم بن گئی۔دوسرے نمبر پرزمبابوے کو ورلڈکپ میں 42میچز میں شکست ہو چکی ہے۔
  • اس میچ میں حشمت اللہ شاہدی نے اپنے کیرئیر کی اٹھارویں نصف سینچری بنائی اور 2000رنز بھی مکمل کئے۔وہ ابھی تک ون ڈے کرکٹ میں کوئی سینچری نہیں بنا سکے۔
  • افغانستان نے ورلڈ کپ میں اپنے پہلے 17میچز میں صرف ایک میچ جیتا تھا تاہم آخری 4میں سے تین مقابلے افغانستان کے نام رہے ہیں۔

 (رپورٹ: ن م طاہر)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button