یورپ (رپورٹس)

مجلس انصاراللہ سکاٹ لینڈ کے تحت امن کانفرنس کا انعقاد

مجلس انصار اللہ سکاٹ لینڈ نے ۲۷؍ اگست ۲۰۲۳ء کو مسجد بیت الرحمٰن گلاسگو میں اپنی سالانہ امن کانفرنس اور مسجد اوپن ڈےکا انعقاد کیا۔ تقریب میں مختلف پس منظر، عقائد اور برادریوں سے تعلق رکھنے والے ۵۰؍ سے زائد شرکاء بشمول ۱۸؍ غیر مسلم افراد نے شرکت کی۔ اس تقریب میں اسلامی لٹریچر کی نمائش بھی شامل تھی اورمہمانوں کی آمد پر اُن کی تواضع مشروبات سے کی گئی۔ اس تقریب میں مختلف مقررین کی تقاریر شامل تھیں جن میں خیراتی ادارے اور دیگر مذاہب کے مندوبین کے علاوہ امام مسجد بیت الرحمٰن گلاسگو بھی شامل تھے۔

امن کانفرنس کی اہم بات پاکستان کے علاقے جڑانوالہ میں مسیحی برادری پر ہونے والے حالیہ حملہ کی متفقہ مذمت تھی۔ تمام مقررین، ان کے مذہبی پس منظر سے قطع نظر، کسی بھی کمیونٹی کے خلاف انتہا پسندی اور تشدد کی مذمت میں شامل ہوئے۔ مجلس انصاراللہ سکاٹ لینڈ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں تمام برادریوں کے درمیان امن، اتحاد اور یکجہتی کے لیے ان کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس تقریب نے ایک پُرامن اور ہم آہنگ معاشرے کی تعمیر کے لیے مختلف مذاہب اور تنظیموں کے درمیان بات چیت اور تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور اس کے انگریزی ترجمہ کے ساتھ ہوا۔ اس کے بعد ایک ویڈیو دکھائی گئی جس میں جماعت احمدیہ عالمگیر کا تعارف، مجلس انصاراللہ یوکے کے ذریعہ برکینا فاسو میں مسرور آئی ہسپتال اور دوسرے انسانی ہمدردی کے منصوبوں کا تعارف شامل تھا۔ خلافت اور عالمی راہنماؤں کی طرف سے اس کی حمایت کا احاطہ کرنے والی مختصر ویڈیوز اور سلائیڈشو کا ایک سلسلہ بھی پیش کیا گیا جواحمد اووسو کوناڈو صاحب، چیریٹی واک فار پیس سکاٹ لینڈ نے دکھایا۔

اس کے علاوہ درج ذیل مقررین نے سامعین سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے امن کے فروغ کے لیے اپنی مساعی کا ذکر کیا :

•Kin Robertson,

Rotary International Scotland

•Father Joe, Croy Church

•Rev Richard Baxter,

Wellington Church

•Rev Peter Gill, Stirling Church

بعد ازاں فخر احمد آفتاب صاحب مربی سلسلہ گلاسگو نے تقریر کی۔ ایک دلچسپ سوال وجواب کی مجلس کے بعد ڈاکٹر عبدالحئی صاحب ریجنل امیر سکاٹ لینڈ نے اظہار تشکر کیا اور پروگرام کا اختتام قریشی داؤد احمد صاحب مربی سلسلہ ایڈنبرا اور ڈنڈی نے دُعا سے کروایا جس کے بعد مہمانوں کی خدمت میں ریفریشمنٹ پیش کی گئیں۔

(رپورٹ: ارشد محمود خان۔ سکاٹ لینڈ)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button