دورہ جرمنی اگست؍ ستمبر ۲۰۲۳ء

حضور انور کا دورۂ جرمنی اگست، ستمبر ۲۰۲۳ء (دسواں روز، ۵؍ ستمبر ۲۰۲۳ء)

(عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی)

حضرت امیر المومنین خلیفتہ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی بنصرہ العزیز ۲۷؍اگست بروز اتوار کو جرمنی کے دورہ پر تشریف لائے تھے اس لحاظ سے آج دورے کا دسواں دن ہے۔ آج فجر کی اذان مشہود احمد ظفر صاحب مربی سلسلہ نے دی جس کے بعد پانچ بجکر پچاس منٹ پر حضورِانور نماز فجر پڑھانے کے لیے تشریف لائے۔ حضور انور کے واپس تشریف لے جانے کے بعد سعود احمد صاحب مربی سلسلہ نے شکر گزاری کے موضوع پر درس دیا۔

آج شٹٹگارٹ کے پہلو میں واقع ایک چھوٹے شہر Waiblingen میں مسجد ناصر کا افتتاح تھا جس کا بیت السبوح فرینکفرٹ سے فاصلہ 223 کلو میٹر ہے۔ یہاں جانے کے لیے شٹٹگارٹ سے 45 کلو میٹر پہلے ایک اور بغلی سڑک پر شمال مشرق کی طرف Waiblingen کی طرف سفر کرنا پڑتا ہے۔ اس لیے اس شہر کا فاصلہ جلسہ گاہ کی نسبت کم ہے۔ آج صبح سے انتظامیہ کی ٹیمیں باری باری سفر پر روانہ ہو رہی تھیں اس لیے آج کی صبح بیت السبوح میں معمول سے زیادہ چہل پہل تھی۔ سورج کے چڑھنے کے ساتھ ساتھ فدایانِ خلافت، وہ جن کی نظر حضور کو ایک جھلک دیکھنے کے لیے بیتاب رہتی ہے وہ حضور کی Waiblingen روانگی سے قبل بیت السبوح جمع ہو گئے تھے۔ حضور گیارہ بجے قیام گاہ سے نیچے تشریف لائے۔ احباب کے سلام کا جواب دیا۔ اجتماعی دعا کروائی اور قافلہ عازمِ Waiblingen ہوا۔

دو گھنٹے کی مسافت کے بعد راستہ میں مختصر وقت کے لیے قافلہ رکا اور پھر Waiblingen کی طرف سفر جاری رہا۔ دو بجکر پانچ منٹ پر حضورِانور کی گاڑیاں مسجد ناصر کے سامنے آکر رکیں تو مقامی صدر جماعت پرویز احمد صاحب، ریجنل امیر بشارت احمد گل صاحب اور مربی سلسلہ شارق افتخار صاحب نے آگے بڑھ کر حضورِانور کا استقبال کیا۔ شہر کی طرف سے افسر تعمیرات Mr. Scheineman اور علاقائی کمشنر Dr. Peter Zarr بھی حضورِانور کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ حضور انور نے تختی کی نقاب کشائی کی اور دعا کروائی۔ اس موقع پر ۱۸؍اطفال اور ۱۱ ناصرات علیحدہ علیحدہ گروپس میں استقبالیہ نغمے پڑھتے رہے۔ مسجد شہر کے وسط میں ٹرین اسٹیشن کے بالمقابل لب سڑک تعمیر کی گئی ہے۔ سڑک کے ایک طرف بعض عمارات ہیں جن کے آخر پر کار پارک ہے۔ مسجد ناصر کار پارک سے پہلے واقع ہے جس کے سامنے سڑک کے دوسری طرف پیدل چلنے والوں کے لیے ایک کشادہ گزرگاہ ہے۔ جن احباب کو مسجد میں جگہ نہ مل سکی وہ استقبال کے لیے اس گزرگاہ پر کھڑے تھے۔ خواتین مسجد کے علاوہ مسجد کے اندرونی راستہ میں کھڑی تھیں۔ حضور انور ان سب کے پاس سے گزرتے، خیرمقدمی سلام کا جواب دیتے ہوئے مسجد کی پہلی منزل پر تشریف لے گئے اورنماز ظہر و عصر پڑھائیں۔ نماز سے پہلے اذان رضوان احمد صاحب نے دی۔

نمازوں سے فراغت کے بعد حضور انور نے صدر صاحب سے جماعت کا تفصیلی تعارف حاصل کیا۔ چند مقامی احباب سے مخاطب ہوئے اور پاکستان سے نئے آنے والے چار احباب سے بھی گفتگو فرمائی۔ اس کے بعد حضورِانور نے مسجد کی عمارت کا جائزہ لیا۔ خواتین کے حصہ میں تشریف لے گئے۔ خواتین مسجد کی تکمیل اور حضورِانور کی آمد پر خوشی سے جذباتی ہو رہی تھیں۔ حضور انور نے یہاں مختصر گفتگو فرمائی۔ بچیوں میں چاکلیٹ تقسیم فرمائیں۔ اس دوران دوسری طرف بچوں کی قطار بن چکی تھی، حضور نے ان کو بھی چاکلیٹ کے تحفہ سے نوازا۔ مسجد کے بیرونی حصہ کی طرف پودا لگایا۔ حضور کے استقبال کے لیے آنے والے دونوں شہری نمائندوں نے بھی پودا لگایا۔ مجلس عاملہ اور وقارِعمل میں حصہ لینے والوں کے ساتھ حضور نے تصاویر بنوائیں اور تین بجے استقبالیہ میں شرکت کے لیے ٹاؤن ہال سے ملحقہ کمونیٹی ہال کے لیے کاروں میں تشریف لے گئے۔

مساجد کے افتتاح پر ہونے والی تمام استقبالیہ تقاریب کا انتظام شعبہ تبلیغ، کارروائی وغیرہ کے فرائض شعبہ امورِخارجہ جبکہ ضیافت کا اہتمام شعبہ ضیافت کی ٹیموں کو سرانجام دینے کی سعادت حاصل ہو رہی ہے۔
آج کی تقریب کی تفصیلی رپورٹ آن لائن جاری کی جا چکی ہے ۔

تقریب سے فراغت کے بعد پونے پانچ بجے حضور کا قافلہ واپس فرینکفرٹ کے لئے روانہ ہوا۔ راستہ میں Minden میں کچھ دیر قیام فرمایا اور بخیر و عافیت شام آٹھ بجے بیت السبوح، فرینکفرٹ پہنچ گیا۔

آج عشاء کی اذان ملک عثمان نوید صاحب مربی سلسلہ نے دی۔ حضور انور نے نماز عشاء سے قبل مکرم محمد اصغر آصف صاحب (ہنوور، جرمنی) اور مکرم بشارت علی صاحب (ہالینڈ) کی نماز جنازہ حاضر اور دو مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔ ٹھیک نو بجے حضور انور نے نماز مغرب و عشاء پڑھائی اور نمازوں کی ادائیگی کے بعد قیام گاہ پر تشریف لے گئے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button