ایشیا (رپورٹس)

قادیان دارالامان میں عید الاضحی کے اجتماعات اور قربانی

قادیان دارالامان میں مورخہ ۲۹؍جون ۲۰۲۳ء بروز جمعرات عید الاضحی اپنی روایتی شان و شوکت کے ساتھ منائی گئی۔ صبح آٹھ بجے مسجد اقصیٰ قادیان میں محترم ناظر صاحب اصلاح و ارشاد مرکزیہ نے نماز عید پڑھائی ، عید کا خطبہ دیا اور اجتماعی دعا کروائی۔ مسجد اقصیٰ کے علاوہ قادیان کے مختلف محلہ جات کے چار مقامات پر نماز عید کا انتظام کیا گیا تھا جس میں کثیر تعداد میں افراد جماعت شامل ہوئے۔ ہر سال کی طرح امسال بھی قادیان کے مضافات سے مہمانان کرام کثرت سے عید الاضحی کی نماز میں شمولیت کے لیے قادیان تشریف لائے۔ ان کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے احمد یہ گراؤنڈ میں بھی عید کی نماز ادا کرنے کا وسیع انتظام کیا گیاتھا۔ قادیان کے مضافات سے تشریف لانے والے مہمانان کرام کے لیے نماز عید کے بعد لنگرخانہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی طرف سے ضیافت کا بھی انتظام تھا۔ نماز عید سے فارغ ہو کر اہلیان قادیان اور مہمانان کرام کو مزار مبارک حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام پر دعا اور مقاماتِ مقدسہ سے استفادہ کی بھی توفیق ملی۔

افراد جماعت نے عید الاضحی کے اس موقع پر قربانیاں بھی دیں۔ عید الاضحی کی مبارک باد دینے کے لیے علاقہ کے معززین، اہم شخصیات، سیاسی و سرکاری بالا افسران اور ہمسایہ افراد سرائے وسیم میں تشریف لائے اور جماعت کے نمائندگان کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ سرائے وسیم میں ان معززین کو عید کی خوشی میں شامل کرتے ہوئے ان کے لیے تواضع اور شیرینی کا اہتمام کیا گیا۔ عید کے روز سید نا حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے یوکے سے جو خطبہ عیدارشاد فرمایا، احباب جماعت نے مساجد میں جمع ہو کر اجتماعی طور پر حضور انور کے خطبہ عید کو سننے کا اہتمام کیا۔
اللہ تعالیٰ اس عید کو تمام عالم اسلام کے لیے بابرکت فرمائے۔ آمین(رپورٹ: شعبہ پریس اینڈ میڈیا۔ بھارت)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button