ایشیا (رپورٹس)

قادیان دارالامان میں عید الفطر

قادیان دار الامان میں شوال کا چاند نظر آنے پر مورخہ ۲۲؍اپریل ۲۰۲۳ء بروز ہفتہ عید الفطر اپنی روایتی شان و شوکت کے ساتھ منائی گئی۔ صبح ۹؍بجے مسجد اقصٰی قادیان میں محترم ناظر صاحب اعلیٰ و امیر جماعت احمد یہ قادیان نے نماز عید پڑھائی اور عید کا خطبہ دیا اور اجتماعی دعا کروائی۔ مسجد اقصٰی کے علاوہ قادیان کے مختلف محلہ جات کے ۴؍مقامات پر نماز عید کا انتظام کیا گیا تھا جہاں کثیر تعداد میں افرادجماعت شامل ہوئے۔

ہر سال کی طرح امسال بھی قادیان کے مضافات سے مہمانان کرام کثرت سے عید الفطر کی نماز میں شمولیت کے لیے قادیان تشریف لائے۔ ان کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے احمد یہ گراؤنڈ میں بھی عید الفطر کی نماز ادا کرنے کا وسیع انتظام کیا گیا۔ قادیان کے مضافات سے تشریف لانے والے مہمانان کرام کے لیے نماز عید کے بعد لنگر خانہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی طرف سے ضیافت کا بھی انتظام کیا گیا۔ نماز عید سے فارغ ہو کر اہلیان قادیان اور مہمانان کرام کو مزار مبارک حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام پر دعا اور مقامات مقدسہ سے استفادہ کی بھی توفیق ملی۔ اسی طرح عید الفطر کی مبارک باد دینے کے لیے علاقہ کے معززین، اہم شخصیات، سیاسی و سرکاری بالا افسران اور ہمسایہ افراد سرائے وسیم میں تشریف لائے اور جماعت کے نمائندگان کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

سرائے وسیم میں ان معززین کو عید کی خوشی میں شامل کرتے ہوئے ان کے لیے تواضع کا اہتمام کیا گیا۔ اسی طرح عید کے روز سیدنا حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے یوکے سے جو خطبہ عیدارشاد فر مایا، احباب جماعت نے مساجد میں جمع ہو کر اجتماعی طور پر حضور انور کے خطبہ عید کو سننے کا اہتمام کیا۔

اللہ تعالیٰ اس عید کو تمام عالم اسلام کے لیے بابرکت فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: شعبہ پریس اینڈ میڈیا۔ بھارت)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button