افریقہ (رپورٹس)

برکینافاسو میں مسرور میڈیکل کمپلیکس کا سنگ بنیاد

(چوہدری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برکینافاسو)

برکینافاسو میں علاج معالجے کی سہولیات کی شدید کمی ہے۔ ان حالات میں جماعت احمدیہ بے لوث خدمت خلق کے جذبے کے تحت خلافت کی راہنمائی اور شفقت سے محض للہ خدمت انسانیت کے منصوبے بناتی چلی جا رہی ہے۔

گذشتہ سال نومبر میں برکینافاسو میں آنکھوں کے علاج معالجے کے لیے جدید ترین ہسپتال ’’مسرور آئی انسٹیٹیوٹ‘‘ کا افتتاح عمل میں آیا تھا۔ مسرو آئی انسٹیٹیوٹ مجلس انصار اللہ برطانیہ کی قربانی اور جذبہ ایثار کا مرہون منت ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ ہسپتال کامیابی سے چلنا شروع ہوگیا ہے اور روز بروز جماعت کی نیک نامی میں اضافے اور خدمت کے میدان میں نئے اہداف طے کر رہا ہے۔

مومنین کا قدم کسی ایک کامیابی پر رک نہیں جاتا بلکہ ایک کے بعد ترقی کی ایک نئی منزل آواز دیتی ہے۔ ایک نیک عمل کے بعد دوسرے کی طرف متوجہ ہونا اور اس کی تکمیل میں لگ جانا ہی قرآنی تعلیم ہے۔ سیدنا حضرت امیر المومنین نے مجلس انصا راللہ برطانیہ کو برکینا فاسو میں ایک نیا ہدف عطا فرمایا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصا راللہ خلافت کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے ا س پراجیکٹ کو بھی بہت جلد مکمل کر لے گی۔

سیدنا حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے مجلس انصاراللہ برطانیہ بستان مہدی برکینا فاسو میں مسرور آئی انسٹی ٹیوٹ کے بالکل ساتھ بر لب سٹرک ایک جنرل ہسپتال تعمیر کرے گی۔ یہ ایک بڑا ہسپتال ہو گا جس میں ابتدائی طورپر جنرل وارڈ، لیباریٹری، شعبہ گائنی، ایمرجنسی، بچوں کا وارڈ، ایکسرے اور سی ٹی سکین وغیرہ کی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ پہلے مرحلے کے آپریشنل ہونے کے ساتھ ساتھ دوسرے مراحل کے لیے تعمیراتی کام چلتا رہے گا۔ اگلے مراحل میں امراض قلب، آرتھوپیڈک سروس، گردوں کے امراض، سرجیکل وارڈ وغیرہ بنائے جائیں گے۔ اس ہسپتال کے لیے ساڑھے سات ایکڑ زمین مختص کی گئی ہے۔

اس ہسپتال کے سنگ بنیاد کے لیے سیدنا حضرت امیرالمومنین نے ازراہ شفقت مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب امیر جماعت برکینا فاسو کو اپنا نمائندہ مقرر فرمایا اور ایک اینٹ پر دعا کر کے بنیاد میں لگانے کے لیے عطا فرمائی۔اس موقع پر برطانیہ سے مجلس انصار اللہ کی طرف سے صدر مجلس انصار اللہ ڈاکٹر چودھری اعجاز الرحمٰن صاحب، مکرم صاحبزادہ مرزا وقاص احمد صاحب اور دیگرتین احباب پر مشتمل وفدتشریف لایا۔

ہفتہ ۱۸؍مارچ ۲۰۲۳ء کو سنگ بنیاد کے لیے ایک پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جو حافظ نمی آدم صاحب نے کی۔ بعد ازاں ڈاکٹر ادریس کابورے صاحب نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ پھر پروفیسر جیالو صاحب نے اس نئے ہسپتال کا تعارف کروایا۔ اس کے بعد صدر مجلس انصار اللہ برطانیہ نے مجلس کی نمائندگی کرتے ہوئے خدمت خلق کے لیے اپنی جدو جہد اور کوششوں کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آخر پر مکرم امیر صاحب نے حاضرین سے مخاطب ہوتے ہوئے جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا اور خدمت خلق کے بےشمار منصوبوں میں سے چندایک کا ذکر کیا۔ آپ نے بتایا کہ جماعت احمدیہ برکینا فاسو خلافت کے زیر سایہ برکینا فاسو میں صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے میں کوشاں ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ہر قسم کا علاج معالجہ یہاں میسر آسکے اور لوگوں کی تکلیف کم ہو۔ انہیں علاج کے لیے باہر کے ملکوں میں نہ جانا پڑے۔ بلکہ یہاں اپنے ملک میں معیاری اور سستا علاج انہیں میسر آسکے۔

مکرم امیر صاحب کے اختتامی کلمات کے بعد معزز مہمان سنگ بنیاد کی جگہ پر تشریف لےگئے اور باری باری اینٹ رکھنے کی توفیق پائی۔ مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب نمائندہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ و امیر جماعت برکینا فاسو نے حضور انور کی طرف سے عطا کردہ اینٹ نصب کرنے کی سعادت پائی۔ بعد ازاں صدر مجلس انصار اللہ برطانیہ، صاحبزادہ مرزا وقاص احمد صاحب نائب صدر صف دوم مجلس انصار اللہ برطانیہ، مکرم ناصر احمد سدھو صاحب امیر جماعت سینیگال، نمائندہ مورو نابا (مقامی روایتی چیف)، مکرم عکاشہ احمد بدر صاحب، مکرم مصور ادریس صاحب، مکرم نبیل آصف صاحب، مکرم کابورے سلیمان صاحب صدر مجلس انصار اللہ برکینا فاسو، مکرم کونے داؤدا صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ برکینا فاسو، ڈاکٹر ودراگو صاحبہ نمائندہ شعبہ صحت کبری اورمکرم محب اللہ صاحب مبلغ سلسلہ کو بنیاد میں اینٹ رکھنے کی توفیق عطا ہوئی۔ آخر پر مکرم امیر صاحب برکینا فاسو نے دعا کروائی۔

سنگ بنیا دکی اس تقریب میں دو صد سے زائد احباب و خواتین نے شرکت کی۔ جامعۃ المبشرین برکینا فاسو کے تمام طلبہ بھی یونیفارم پہنے تقریب میں شامل تھے اور خوبصورتی میں اضافہ کا باعث تھے۔ اس تقریب میں میزبانی کے فرائض خاکسار نے ادا کیے۔ دعا کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں ریفریشمنٹ پیش کی گئی جس کا انتظام مسرور آئی انسٹیٹیوٹ کے صحن اور لابی میں تھا۔

یادگاری پھل دار پودے

اس موقع کی مناسبت سے نئے ہسپتال کے مجوزہ داخلی راستے پر آم کے چار پودے لگائے گئے۔ جو بالترتیب مکرم صاحبزادہ میاں وقاص احمد صاحب، مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ برطانیہ، مکرم امیر صاحب جماعت برکینافاسو اور مکرم امیر صاحب جماعت سینیگال نے لگائے۔

میڈیا کوریج

تقریب کی تمام کارروائی جماعت احمدیہ برکینافاسو کے یوٹیوب چینل پر براہ راست دکھائی گئی۔ اس موقع پر مقامی میڈیا کے افراد بھی موجود تھے۔ بعد ازاں ملکی اخبارات، ٹی وی اور سوشل میڈیا پر خوبصورت انداز میں اس ایونٹ کو پیش کیا گیا۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button