افریقہ (رپورٹس)

افتتاح دفتر ایم ٹی اے، آئیوری کوسٹ

(عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل آئیوری کوسٹ)

للّٰہی بشارات اور پیشگوئیوں کے تحت آخری زمانہ میں انسانیت کی راہنمائی اور ہدایت کے لیے جن ذرائع کی طرف اشارہ کیا گیا ان میں ایک ذریعہ مواصلاتی نظام بھی تھا جس کا ایک حصہ مسیح و مہدیؑ کی ایک مقام سے اٹھتی آواز چار اکناف عالم میں بیک وقت سنے جانا بھی تھا۔ چنانچہ ان بشارات کو اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے جماعت احمدیہ کو خلافت رابعہ کے بابرکت دور میں ایک نشریاتی ادارہ(چینل) بنام مسلم ٹیلیویژن احمدیہ (MTA) دے کر پورا کیا۔ جس ایم ٹی اے کا قیام آج سے تقریباً تیس سال قبل عمل میں آیا وہ ہر گزرتے دن کے ساتھ اپنی اگلی سے اگلی منزل کو چھوتا ہوا ترقیات کی منازل طے کرتا جا رہا ہے۔ چند گھنٹے کی نشریات سے شروع ہونے والا چینل نہ صرف چوبیس گھنٹے کی نشریات میں تبدیل ہوا بلکہ ساتھ ہی عالم اسلام کی تشنگی کی دوری کے لیے خلافت خامسہ کے بابرکت دور میں یہ ایک چینل سے آگے بڑھ کر کئی چینل بنتے بنتے اب تک آٹھ مختلف باقاعدہ چینلز کی صورت میں معرض وجود میں آچکا ہے جہاں متعدد عالمی زبانوں میں تراجم کے ساتھ تعلیمی وتربیتی پروگرامز نشر کیے جاتے ہیں۔ برطانیہ کے ایک سٹوڈیو سے شروع ہونے والی مسیح دوراں کی آواز اب دنیا کے کئی ممالک سے آرہی ہے۔ جس میں تقریباً تمام بر اعظم کے سٹوڈیوز شامل ہیں جہاں اسلام احمدیت کی حقیقی تعلیم کی اشاعت کے لیے پروگرامز تیار کیے جاتے ہیں۔

افریقہ میں کئی ممالک مثلاً گھانا، گیمبیا، مالی وغیرہ میں بھی ایم ٹی اے سٹوڈیو کا آغاز ہو چکا ہے۔ اسی سلسلہ کی کڑی کے طور پر جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ نے بھی گذشتہ چند سالوں سے مقامی طور پر ایم ٹی اے کے لیے پروگرامز کی تیاری کا سلسلہ شروع کر دیا تھا تاہم یہ پروگرامز مرکزی منظوری کے ساتھ سال میں تین سے چار مرتبہ گھانا جا کر تیار کروائے جاتے رہے جو کہ فرنچ زبان میں ہوتے تھے تاہم کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث ان ریکارڈڈ پروگرامز کا سلسلہ بھی فروری ۲۰۲۰ء کے بعد رک گیا۔ سال ۲۰۱۸ء میں ہی آئیوری کوسٹ میں دفتر ایم ٹی اے کے باقاعدہ آغاز کے لیے کوششوں کاآغاز ہو چکا تھا جس کے لیے ایم ٹی اے انٹرنیشنل کے آفیشلز نے یہاں آکر جائزہ بھی لیا،تاہم کورونا وبا کے باعث یہ سلسلہ تعطل کا شکار رہا۔ کورونا وبا میں کمی آنے کے بعد مرکزی منظوری کے ساتھ آئیوری کوسٹ میں ہی ایم ٹی اے سٹوڈیو کی تیاری کا سلسلہ شروع کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے دوران ماہ جنوری ۲۰۲۳ء ایم ٹی اے آئیوری کوسٹ کے سٹوڈیو کی تیاریوں کے کام کا دوبارہ آغاز کیا گیا جس کے لیے مکرم فائز احمد ناصر صاحب لندن سے گھانا اور اس کےبعد آئیوری کوسٹ تشریف لائے اور مکرم سورو الحسن صاحب (مبلغ سلسلہ و کوآرڈینیٹرایم ٹی اے آئیوری کوسٹ) کے ساتھ مل کر، ایم ٹی اے دفتر کے لیے باقاعدہ سامان کی خرید شروع کی گئی۔ایک ہفتے کے اس دورانیہ میں ایم ٹی اےکے عارضی دفتر کے قیام کے لیے ضرورت کی اشیا کی خرید کی گئی جن میں کمپیوٹر، جدید ہائی کوالٹی ویڈیو کیمرہ، ایڈیٹنگ مشین سسٹم نیز دفتر کے تعلق میں مزید درکار اشیاخریدی گئیں۔

آئیوری کوسٹ کے شہر آبی جان(Abidjan) کے محلہ والوںallon) میں واقع جماعتی مشن کی پہلی منزل پر واقع ایک کمرہ کو ایم ٹی اے کے عارضی دفتر کے طور پر منتخب کیا گیا۔جس میں سامان رکھنے اور اسے دفتر کے ماحول کے مطابق تیار کرنے کے لیے مورخہ ۲۹؍جنوری کو کام کا آغاز کیا گیا اور ۳۰؍جنوری تک یہ کمرہ تیاری کے مراحل سے گزر کر ایم ٹی اے آئیوری کوسٹ کے عارضی دفتر کے طورپر تیار تھا۔

مورخہ یکم فروری ۲۰۲۳ء بروز بدھ بعد نماز عصر ایم ٹی اے کے دفتر کے افتتاح کی باقاعدہ پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب تھے۔مکرم امیر صاحب نے فیتہ کاٹا اور دعا کے ساتھ دفتر کا افتتاح کیا۔ جس کے بعد انہیں ایم ٹی اے آئیوری کوسٹ کے اس دفتر کے متعلق تفصیلی معلومات سے آگاہی فراہم کی گئی اور دفتر میں موجود اشیاکا حاضرین کو تعارف کروایا گیا۔افتتاح کے اس حصہ کے بعد مشن ہاؤس میں ہی ایک تقریب ،بسلسلہ ایم ٹی اے ،کا انعقاد کیا گیا جس میں مکرم امیر و مشنری انچارج صاحب، مکرم فائز احمد ناصر صاحب، مکرم سورو الحسن صاحب کے علاوہ دفتر کے عملہ و نیشنل عاملہ کے اراکین نے شرکت کی۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد یکے بعد دیگرے مکرم سورو الحسن صاحب کوآرڈینیٹر ایم ٹی اے آئیوری کوسٹ،مکرم فائز احمد ناصر صاحب ایم ٹی اے نے مختصر تقاریر کیں جس کے بعد امیر صاحب نے اس پروگرام کی اختتامی تقریر کی جس میں ایم ٹی اے کے آغاز اور اس کی تاریخ و ترقی سے حاضرین کو آگاہی فراہم کی اور بعد ازاں اختتامی دعا کروائی۔ بعد از دعا حاضرین کی خدمت میں ریفریشمنٹ پیش کی گئیں۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ایم ٹی اے آئیوری کوسٹ کے دفتر کے قیام کو ہر لحاظ سے بابرکت کرے اور ٹیم ایم ٹی اے کو احسن رنگ میں خدمت کی توفیق عطا کرے نیز احمدیت و اسلام کی اشاعت میں ایم ٹی اے آئیوری کوسٹ موثر کردار ادا کرنے والی بنے اور اس سٹوڈیو میں بننے والے پروگرامز سامعین کی دلچسپی اور ازدیاد ایمان کا موجب ہوں۔آمین

(رپورٹ: عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button