یورپ (رپورٹس)

جلسہ یوم مصلح موعود زیر اہتمام مجلس انصار اللہ سویڈن

مجلس انصار اللہ گاتھن برگ، سویڈن کے زیر اہتمام مورخہ ۵؍فروری بروز اتوار بعد نماز ظہر و عصر مسجد ناصر گاتھن برگ میں جلسہ یوم مصلح موعود منایا گیا۔ مجلس انصار اللہ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا یہ پہلا جلسہ مصلح موعود تھا۔ جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم نثار یوسف صاحب نے تلاوت قرآن کریم اردو اور سویڈش ترجمے کے ساتھ پیش کی۔ ازاں بعد مکرم انور رشید صاحب صدر مجلس انصار اللہ سویڈن نے عہد انصار اللہ دہرایا۔ اس کے بعد مکرم مرزا بشارت احمد صاحب نے مکرم پروفیسر مبارک احمد عابد صاحب کی مشہور نظم

اے فضل عمر تیرے اوصاف کریمانہ

یاد آ کے بناتے ہیں ہر روح کو دیوانہ

خوش الحانی سے پڑھی۔

جلسے کی پہلی تقریر مکرم اکرام الحق صاحب نائب صدر صف دوم و قائد تربیت کی تھی جس کا موضوع ’’حضرت مصلح موعود کی انصار کو نصائح‘‘ تھا۔

فاضل مقرر نے حضرت مصلح موعود کے مختلف خطبات اور تقاریر سے ایسے نہایت خوبصورت اور عمدہ اقتباسات اکٹھے کیے ہوئے تھے جن میں حضورؓ نے مجلس انصار اللہ قائم کرنے کی غرض و غایت اور مقاصد بیان فرمائے ہوئے ہیں۔

اس کے بعد مکرم صلاح الدین یوسف صاحب نائب صدر اول نے پیش گوئی حضرت مصلح موعود کے حوالے سے حضرت سیدہ نواب مبارکہ بیگم صاحبہ کی نظم

بشارت دی مسیحا کو خدا نے

تمہیں پہنچے گی رحمت کی نشانی

خوبصورت ترنم کے ساتھ سنائی۔

جلسہ کی اگلی تقریر مکرم آغا یحییٰ خان صاحب مشنری انچارج سویڈن و قائد تبلیغ کی تھی۔ تقریر کا موضوع ’’علوم ظاہری و باطنی سے پُر کیا جائے گا‘‘ تھا۔

مکرم آغا صاحب نے ٹی وی سکرین پر حضرت مصلح موعودؓ کی شائع شدہ کتابوں کی فہرست دکھائی اور بتایا کہ ابھی بہت سی کتابیں اشاعت کے مراحل میں ہیں۔ ان کتب کی افادیت کے اپنے اور پرائے سب معترف ہیں۔ آپ نے احباب کو خصوصی طور پر حضرت مصلح موعودؓ کی کتب پڑھنے کی طرف توجہ دلائی۔ یہ کتابیں اس بات کا بیّن ثبوت ہیں کہ پیش گوئی مصلح موعود کے الفاظ علوم ظاہری و باطنی سے پُر کیا جائے گا، اپنی پوری شان و شوکت اور عظمت کے ساتھ پورے ہوئے۔

جلسہ کے اختتام پر مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ سویڈن نے اپنی تقریر میں مجلس انصار اللہ گاتھن برگ کو تنظیمی سطح پر یوم مصلح موعود منعقد کرنے پر مبارکباد دی اور انصار بھائیوں کو اس طرف توجہ دلائی کہ انہوں نے جلسہ میں جو تقاریر سنی ہیں ان پر عمل کرنے کی بھرپور کوشش کریں۔ یہی طریقہ ہے جس سے ہم یوم مصلح موعود کے مقصد کو حاصل کر سکتے ہیں۔ دعا کے ساتھ جلسہ اختتام پذیر ہوا۔

جلسہ انتظامیہ کی طرف سے ہر تقریر کے بعد حضرت مصلح موعود کے بارے میں مختصر اقتباسات اور اشعار بھی پیش کیے گئے۔

آخر میں احباب کی خدمت میں کھانا بھی پیش کیا گیا۔

(رپورٹ: چودھری عطاءالرحمان محمود۔ قائد عمومی مجلس انصار اللہ سویڈن)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button