جماعت احمدیہ مالٹا کا خدمت انسانیت کے ساتھ نئے سال کا آغاز
اللہ تعالیٰ کے خاص فضل و احسان اور پیارے آقا کی دعاؤں کی برکت سے جماعت احمدیہ مالٹا کو امسال بھی نئے سال کا آغاز منفرد انداز میں خدمت خلق کے ذریعے کرنے کی توفیق ملی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک
نئے سال کی آمد کی خوشی ہر قوم و ملت میں اپنے اپنے انوکھے رنگ ڈھنگ میں منائی جاتی ہے۔ کوئی خوشی سے دیوانہ وار اچھلتا ہے تو کوئی مستانہ وارنغموں کی لے پر جھومتا ہے، کوئی خورو نوش کی تقریب سجاتا ہے تو کوئی مذہبی شعائر کو اپناتا ہے۔ غرض ہر فرد اپنی حیثیت میں رہتے ہوئے دلی تسکین کی خاطر کوشاں نظر آتا ہے کہ ایسا کار ہائے نمایاں سرانجام دے کہ اس کے لیے تسکین و راحت کا باعث ہو اور دیکھنے والی آ نکھ کے لیے باعث فرحت بھی ہو اور مایہ ناز بھی۔
جماعت احمدیہ مسلمہ بھی ہر بار نئے سال کی آمد پر مخصوص دعاؤں اور نوافل کا التزام کرتی ہے۔ عبادات کے ساتھ ساتھ خدا تعالیٰ سے تعلق استوار کرنے کے لیے خدمت خلق بھی خاص توجہ کا مرکز بنتی ہے۔ ہر فردِ جماعت اپنے رنگ میں دعاؤں میں انسانیت کو یاد کرتا اور اُن کی خدمت کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
جماعت احمدیہ مالٹانے بھی اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے خدمتِ انسانیت کے ساتھ نئے سال کو یادگار اور اطمینان بخش بنانے کے لیے معذور افراد کے لیے قائم ایک فلاحی ادارہ Id-Dar tal-Providenza کے یکم جنوری 2023ء کو منعقد کردہ Fundraising ایونٹ میں بھرپور تعاون پیش کیا اور عطیات جمع کرنے میں تعاون کے ساتھ ساتھ ان کے لیے نئے سال کے تحفہ کے طور پرظہرانے اور عشائیے کا انتظام بھی کیا۔
جماعتی طور پر ذیلی تنظیمیں خدام الاحمدیہ اور لجنہ اماء اللہ کے تعاون کے ساتھ یکم جنوری کو مقامی ادارہ Id-Dar tal-Providenza میں صبح دس بجے کام کا آغاز کیاگیا۔ یہ ادارہ ہر سال ٹیلی تھون کے ذریعے چندہ اکٹھا کرتا ہے۔ اس پروگرام میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہوتے ہیں۔ یہ پروگرام جو کہ رات بارہ بجے تک جاری رہا، اس دوران شاملین اور کارکنان کو کھانا بھی پیش کیا گیا۔ جہاں دن کے کھانے میں روایتی قیمہ پلاؤ کے ساتھ گاجر سے بنے کیک نے مزہ دوبالا کیا۔ وہاں شام کے کھانے میں شوارما کے ساتھ پیش کردہ میٹھی سویوں کو خوب سراہا گیا اور بار بار فرمائش کی گئی۔
صبح دس بجے سے لے کر رات دس بجے تک افراد جماعت نے وقار عمل کرکے کھانا پکایا، پیش کیا اور متفرق ڈیوٹیاں سرانجام دیں۔ کام کے دوران صفائی کا خاص خیال رکھا گیا اور کام کے اختتام پرتفصیلی صفائی بھی کی گئی۔
افرادِ جماعت نے سٹیج پر موجود ٹیلی تھون میں بھی حصہ لیا اور براہِ راست نشریات کے دوران موصول ہونے والی فون کالز کا جواب دیتے ہوئے نئے سال کی مبارکباد پیش کی اور فلاحی ادارے کی بہبود کے لیے دی جانے والی رقم پر عطیہ دہندگان کا شکریہ ادا کیا۔ براہ راست نشریات کے دوران، جو کہ مالٹا کے تمام ٹیلیویژن چینلز پر نشر کی جارہی تھی، خاکسار مبلغ سلسلہ مالٹا سے تاثرات بھی لیے گئے جس میں خاکسار نے خدمت خلق کے حوالہ سے بات کی اور جماعتی ماٹو محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں کے بارہ میں بتایا۔
افراد جماعت نے جماعتی لوگو والی شرٹس پہن رکھی تھیں جن پر جماعت احمدیہ کا نام، ماٹو اور ویب سائٹ کا پتہ درج تھا جو جماعتی تبلیغ کا ذریعہ بھی ثابت ہوا۔ اسی طرح تمام ممبران کو ہدایت تھی کہ ہر کسی کے ساتھ بڑی فراخ دلی سے ملیں اور مسکراتے ہوئے انہیں کھانا پیش کریں۔ اسی طرح وہاں پر موجود لوگوں کو آتے جاتے سلام کریں،ان کی خیریت دریافت کرتے رہیں اور جو بھی خدمت کا موقع میسر آئے اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و احسان اور پیارے آقا ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کی برکت سے یہ پروگرام بہت کامیاب رہا، جماعت کو بھرپور خدمت خلق کی توفیق ملی اور یہ پروگرام جماعت کے وسیع تعارف، نیک نامی اور تبلیغ کا ذریعہ بنا۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو اور آئندہ بھی سلسلہ اور انسانیت کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرماتا رہے۔ آمین
جماعتی ٹیم کے انچارج صدر خدام الاحمدیہ مکرم حسن بشیر صاحب نے خصوصی دلچسپی کے ساتھ تمام امور کی نگرانی کی اسی طرح ان کی ٹیم کے ممبران مکرم مصور احمد صاحب، مکرم حافظ وقاص احمد صاحب، مکرم جری اللہ خالد صاحب، مکرم ناصر محمود صاحب، مکرم حنان احمد صاحب اور عزیزم نعمان عاطف صاحب نے بھرپور تعاون کیا۔ فجزاھم اللہ احسن الجزاء فی الدنیا والآخرۃ۔ آمین
(رپورٹ: لئیق احمد عاطف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)