یورپ (رپورٹس)

شعبہ امورِ خارجہ جماعت جرمنی کی مساعی کی ایک جھلک ‎‎

(عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی)

جماعت احمدیہ جرمنی نے جن روایات کو رواج دیاہے اس میں علاقہ میں باہمی اثر و رسوخ کو بڑھانے کے لیے سال نو کے آغاز پر استقبالیہ تقاریب کا انعقاد بھی شامل ہے جس کے لیے شعبہ امور خارجہ کئی ماہ پہلے متحرک ہو جاتا ہے۔ سمینارز اور ورک شاپس منعقد کر کے جماعتوں میں اس فیلڈ میں کام کرنے والوں کی ٹریننگ کی جاتی ہے۔ ۲۰۲۳ء میں جرمن جماعت، جرمنی میں اپنے قیام کی صد سالہ جوبلی منا رہی ہے۔ اس کے لیے جو مختلف پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں ان میں سماجی رابطوں کو بڑھانے اور ہر جماعت کی طرف سے معاشرہ کے تمام طبقات کو جماعت سے متعارف کروانے کے لیے خصوصی دعوت پر بلانا بھی شامل ہے۔ ۲۰۲۳ء میں سال نو کی استقبالیہ تقاریب کی بجائے صد سالہ ریسیپشن ترتیب دیے جائیں گے۔

اس کی تیاری کے سلسلہ میں شعبہ امور خارجہ کی مرکزی ٹیم نے ۸ اور ۱۰؍دسمبر ۲۰۲۲ء کو آن لائن سیمینار کا اہتمام کیا جن میں مقامی جماعتوں کے سیکرٹریان کے ساتھ ورکشاپ کا انتظام تھا۔ جس میں اپنے اپنے استقبالیہ پروگراموں کو کامیاب بنانے کے لیے ابھی سے رابطہ بڑھانے اور اہم شخصیات سے ملاقاتیں کر کے ان کو صد سالہ پروگرام میں شرکت پر تیار کرنا تھا۔ اس کے علاوہ مختلف سنٹرز قائم کرکے قریبی جماعتوں کو وہاں بلا کران کے ٹریننگ پروگراموں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اب تک درج ذیل سنٹرز میں جماعتوں کے ساتھ پروگرام منعقد کیے جاچکے ہیں اور یہ سلسلہ ابھی جاری ہے:

Bremen, Kiel, Neufahrn bei Freising, Iserlohn, Ginsheim Gustavsburg, Waiblingen

اللہ تعالیٰ کے فضل سے اب تک کی کوششوں کے نتائج ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ جماعتیں بڑی بیداری کے ساتھ سیاسی اور سماجی راستے بڑھا کر اہل دانش کو صد سالہ پروگرام کی تفصیل سے آگاہ کر رہی ہیں۔ ذیل میں اب تک کی جانے والی ملاقاتوں کا اختصار سے ذکر کیا جا رہا ہے۔

جرمنی کے انتہائی شمال میں جماعت Kiel نے صوبہ Schleswig Holstein کے وزیر اعلیٰ Mr. Daniel Guenther سے ۱۸؍نومبر کو ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ جماعتی وفد میں مکرم حسیب احمد گھمن مبلغ سلسلہ کے ہمراہ عمیر ظفر صاحب اور منصور احمد صاحب شامل تھے۔

جرمنی کے مغرب میں قائم جماعت Viersen نے اپنے علاقہ کے ممبر قومی اسمبلی Dr. Martin Plum سے ۱۶؍نومبر کو ملاقات کی۔ مقامی جماعت کی طرف سے ڈاکٹر شیخ غالب احمد صاحب اور وفا محمد صاحب اس ملاقات میں شامل تھے۔

جرمنی کے خوبصورت شہر Bad Marienberg جہاں ۲۰۲۰ء کے آخر میں مقامی جماعت کو اللہ تعالیٰ نے ایک چرچ کو خرید کر مسجد میں تبدیل کرنے کی توفیق عطا فرمائی اور حضور انورنے مسجد کا نام بیت القدوس عطا فرمایا کے نمائندہ افراد نے یورپی پارلیمنٹ کے ممبر Mr. Karsten Lücke اور صوبائی اسمبلی کے سپیکر Mr. Hendrik Hering سے ۲؍دسمبر کو ملاقات کر کے ان کو جماعت سے متعارف کروایا اور جماعت کی طرف سے جو فلاحی کام جرمنی میں سرانجام دیے گئے ان کی تفصیل ان کو بتائی۔ جماعت کے نمائندہ وفد میں خواجہ مظفر احمد صاحب، انصر احمد صاحب واقف زندگی، رمیز عابد صاحب اور خواجہ مدبر احمد صاحب شامل تھے۔

جرمنی کے اہم صنعتی صوبہ Baden Württemberg کے شہر Esslingen میں قائم جماعت نے اپنے نماز سنٹر میں دو ممبران صوبائی اسمبلی Mr.Markus Grübel اور Mrs. Dr. Natalie Pfau-Weller کے علاوہ لوکل علاقائی کونسل کے ممبر Mr. Oliver Krüger کو مدعو کیا اورجماعت کا تعارف اور صد سالہ جوبلی پروگرام سے آگاہی دی۔ اس اہم ملاقات میں مقامی جماعت کی طرف سے مبلغ سلسلہ مکرم شارق افتخار صاحب، صدر جماعت مکرم سجاد احمد بٹ صاحب اور ظفر احمد صاحب شامل ہوئے۔

مسجد بیت العافیت ہمبرگ سے ۸۰ کلو میٹر دور ساحل سمندر پر واقع خوبصورت شہر Lübeck میں اہل شہر کو اسلام کی طرف متوجہ کر رہی ہے۔ ۵؍دسمبر کو نیشنل اسمبلی کے ممبر Mr. Bruno Honel جماعت کی دعوت پر مسجد میں تشریف لائے۔ مکرم عطاء الکریم انصر صاحب مربی سلسلہ اور خالد محمود صاحب نے ان کا استقبال کیا اور شریک گفتگو ہوئے۔

۵؍اکتوبر کو شعبہ امور خارجہ کی طرف سے مکرم چودھری شمس الملک صاحب مبلغ سلسلہ اور مکرم خالد ساجد صاحب نے فرانس کے شہر Strassburg میں یورپین پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران ممبر یورپی پارلیمنٹ Mr. Andreas Schwab سے ملاقات کی اور حقوق انسانی کے حوالے سے گفتگو کی۔ ممبر پارلیمنٹ نے ملاقات کے آخر پر دونوں نمائندگان کو اسمبلی کےPlenary Session میں شرکت کا موقع فراہم کیا۔

جماعت احمدیہ جرمنی نے اپنے جرمنی میں قیام کے سو سال کے حوالے سے ممبران جماعت، جرمن اور جرمنی میں آباد مختلف قومیتوں کے ساتھ جو پروگرام ترتیب دیے ہیں ان کا آغاز جنوری ۲۰۲۳ء سے ہو جائے گا جن سے قارئین الفضل انٹرنیشنل کو ساتھ ساتھ باخبر رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔ شعبہ امور خارجہ دو اہم شعبوں کی نگرانی کا فریضہ بھی ادا کر رہا ہے۔ شعبہ پریس اور جلسہ سالانہ یو کے اور قادیان کے لیے سپانسرشپ خطوط جاری کرنا اور ویزے لگوانے کی ذمہ داری مکرم راجہ محمد یوسف صاحب ادا کر رہے ہیں۔ جبکہ پبلک ریلیشن کے کام میں ڈاکٹر محمد داؤد مجوکہ صاحب نیشنل سیکرٹری امور خارجہ کی معاونت مکرم شرجیل فرید صاحب مبلغ سلسلہ، خالد بن اسحاق صاحب، محمد احمد قمر صاحب اور وحاج ملک صاحب کر رہے ہیں۔

(رپورٹ : عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button