یورپ (رپورٹس)

سالانہ اجتماع مجلس انصار اللہ ڈنمارک 2022ء

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ ڈنمارک کو اپنا سالانہ اجتماع حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اجازت سے مورخہ 20؍نومبر 2022ء کو مسجد نصرت جہاں کوپن ہیگن میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذلک

افتتاحی اجلاس

اجتماع کا آغاز پروگرام کے مطابق گیارہ بجے مکرم محمد زکریا خان صاحب امیر جماعت ڈنمارک کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد خاکسار (صدر مجلس انصار اللہ) نے انصار اللہ کا عہد دہرایا۔ نظم کے بعد محترم امیر صاحب نے انصار سے خطاب کیا اور دعا کروائی۔ دعا کے بعد ایک ڈاکومنٹری دکھائی گئی جس میں مکہ اور مدینہ کے سفر کے متعلق ایک معلوماتی رپورٹ پیش کی گئی۔ اس اجلاس کے بعد ریفریشمنٹ کا انتظام کیا گیا تھا۔ یہ تقریب مسجد سے ملحقہ ناصر ہال میں منعقد کی گئی تھی۔

علمی و ورزشی مقابلہ جات

ریفریشمنٹ کے بعد علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے جس میں تلاوت قرآن کریم، تقریر، تقریر فی البدیہ، حفظ قرآن اور کوئز شامل تھے۔ دوپہر ڈیڑھ بجے نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں جس کے بعد ورزشی مقابلہ جات کروائے گئے۔ اسی طرح امسال ایک ڈسکشن پروگرام بھی رکھا گیا جس میں ممبران کو تین گروپس میں تقسیم کر کے مختلف تربیتی عناوین دیے گئے جس میں ممبران مجلس نے اپنی آرا کا اظہار کیا۔ اس ڈسکشن پروگرام کو بھی احباب نے بہت پسند کیا۔

اختتامی تقریب

شام ساڑھے چار بجے اجتماع کی اختتامی تقریب منعقد کی گئی جس میں تلاوت کے بعد خاکسار نے مجلس کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔ امسال یہ رپورٹ سال بھر میں مجلس کی طرف سے منعقد ہونے والے مختلف پروگراموں پر مبنی ویڈیو رپورٹ تھی۔ جس کے بعد محترم امیر صاحب نے مقابلہ جات میں کامیاب ہونے والوں میں انعامات تقسیم کیے اور اختتامی خطاب کیا اور دعا کروائی۔

الحمد للہ یہ اجتماع کامیاب رہا۔ اللہ تعالیٰ تمام شاملین اور کارکنان کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ:محمد اکرم محمود۔ صدر مجلس انصار اللہ ڈنمارک و نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button