از مرکزجلسہ سالانہ

جلسہ سالانہ برطانیہ2022ء کے بعض انتظامی شعبہ جات کا تعارف (قسط دوم)

جلسہ ایف ایم ریڈیو

جلسہ سالانہ برطانیہ میں ایک نہایت ہی اہم شعبہ جلسہ ایف ایم ریڈیو ہے جس کی جلسے کے دنوں میں چوبیس گھنٹے نشریات بروز جمعرات تا اتوار جاری رہتی ہیں۔ مکرم ڈاکٹر عبدالباری ملک صاحب گزشتہ اکیس سال سے اس شعبہ کے ناظم مقرر ہیں جو انتہائی جانفشانی، محبت اور اخلاص کے ساتھ اس شعبہ کو بہت ہی کامیابی کے ساتھ چلا رہے ہیں۔مکرم ملک صاحب اس سے قبل سن رائز ریڈیو یارکشائر کے چیئرمین کے عہدے پر بیس سال فائز رہے تھے۔ اس لئے جب جماعت احمدیہ برطانیہ نے جلسہ ریڈیو کے قیام کا فیصلہ کیا تو مکرم ملک صاحب کے وسیع تجربے کی بنیاد پر نظر انتخاب ان پر پڑی اور انہیں جلسہ ریڈیو کے قیام و ترویج کی ذمہ داری سونپی گئی۔

مکرم ناظم صاحب نے بتایا کہ 2001ء میں برطانیہ کے جلسہ سالانہ کے موقع پر جلسہ ریڈیو کی نشریات کا آغاز کیا گیا اور سب سے پہلا پروگرام امام صاحب مسجدفضل لندن محترم عطاء المجیب راشد صاحب کے ساتھ منعقد ہواجوکہ انتہائی مفید جماعتی معلومات پر مشتمل تھا۔اس کے بعد پھر ایک سلسلہ شروع ہوا اور اب تک متعدد علمائے کرام و نامور جماعتی شخصیات کا انٹرویو نشر کیا جاچکا ہے۔جرمنی کے امیر جماعت محترم عبداللہ ہاؤگس صاحب سے بھی ہر سال ایک نشست میں مختلف اُمور پر گفتگو نشر کی جاتی ہے۔امسال بھی جلسے کے پہلے دن محترم امیر صاحب ہالینڈ،اسحاق عاجز صاحب اور جرمنی سے سائیکلوں پر اس جلسہ میں آنے والے چند سائیکلسٹ کے انٹرویو نشر کئے گئے۔

مکرم ناظم صاحب نے بتایا کہ اس شعبہ میں دو نائب ناظمین مقرر ہیں جبکہ کُل پانچ کارکنان پر مشتمل عملہ ہمہ وقت خدمت کے لئے تیار رہتا ہے۔اردو اور انگریزی زبان میں پروگرام نشر کرنے کے لئے دو مختلف ٹیمیں تشکیل دی جاتی ہیں۔جلسہ ریڈیو کی نشریات پانچ میل کی حدود تک پہنچتی ہیں۔اور بسا اوقات اس سے بھی زیادہ رقبہ میں پہنچ جاتی ہیں۔ بہت سے احباب جماعت جو بعض اوقات ٹریفک کے رش کی وجہ سے بروقت جلسہ گاہ نہیں پہنچ پاتے وہ جلسہ ریڈیو کی نشریات سے بھرپور اسفتادہ کرتے ہیں۔ چند سال قبل پٹنی علاقے کے ایک ممبر پارلیمنٹ نے جلسہ میں تقریر کرتے ہوئے اس بات کا خاص طور پر ذکر کیا تھا کہ ٹریفک کے رش میں پھنسنے کی وجہ سے انہوں نے بھی جلسہ کی کاروائی کا کچھ حصہ جلسہ ایف ایم ریڈیو کے ذریعہ ہی سُنا تھا۔اسی طرح جلسے میں مختلف شعبہ جات میں ڈیوٹی دینے والے کارکنان بھی جلسہ ریڈیو کی نشریات کے ذریعہ جلسے کی کاروائی کو سُن لیتے ہیں۔

مکرم ناظم صاحب نے بتایا کہ جلسہ ریڈیو کے ذریعہ جلسے کی کاروائی اورمختلف شعبہ جات کے بارے میں معلومات کے علاوہ موسم کی کیفیت اور ٹریفک کی صورتحال سے بھی احباب جماعت کو آگاہی فراہم کی جاتی ہے۔اس کے علاوہ بعض اوقات لائیو کالز بھی لی جاتی ہیں اور احباب جماعت کی طرف بھیجے جانے والے ٹیکسٹ میسجز اور پیغامات کو بھی نشر کیا جاتاہے۔انہوں نے جلسہ کی بھرپور کامیابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے احباب جماعت کو امسال برطانیہ کے 56ویں جلسہ سالانہ کی مبارکباد بھی پیش کی۔

ناظم صاحب اور نائب ناظم صاحب جلسہ ریڈیو ایف ایم کی نشریات میں مصروف عمل

ٹرانسپورٹ شٹل

جلسہ سالانہ برطانیہ میں ٹرین سے آنے والے یا کنٹری مارکیٹ میں اپنی گاڑیاں پارک کرنے والے احباب جماعت کو شعبہ ٹرانسپورٹ شٹل کی خدمات مہیا کی جاتی ہیں۔ مکرم وقاص احمد زبیر صاحب اس شعبہ کے ناظم ہیں اور بطور ناظم یہ اُن کا پہلا سال ہے۔ اس سے قبل وہ ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں گزشتہ آٹھ سال خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس شعبہ میں دو نائب ناظمین اور کُل تین مزید کارکنان ہیں جو محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے دن رات خدمات بجا لارہے ہیں۔ امسال چونکہ جلسہ سالانہ برطانیہ میں یورپ کے دیگر ممالک سے آنے والے احباب جماعت کو اجازت نہیں دی گئی اور یہ جلسہ صرف برطانیہ کے احباب جماعت کے لئے منعقد کیا جارہا ہے اس لئے ہر سال کی طرح کنٹری مارکیٹ میں گاڑیوں کی پارکنگ کا انتطام نہیں کیا گیا۔لہذا شٹل سروس محدود رُوٹس پر چلائی جارہی ہے۔

اس شعبہ کے سپرد جلسہ گاہ سے آلٹن ٹرین اسٹیشن تک شٹل سروس مہیا کرنے کی ذمہ داری ہے۔ اس کے علاوہ یہ شعبہ مہمانوں کو ایئرپورٹ لانے اور لیجانے کی سہولت بھی مہیا کررہا ہے۔جلسہ گاہ سے آلٹن ٹرین اسٹیشن کے لئے اس وقت چار ڈبل ڈیکر بسیں اور چار منی بسیں صبح 7:30 بجے سے رات 11:00 بجے تک چلائی جارہی ہیں جن میں شاملین جلسہ کو سفر کی سہولت دی جارہی ہے۔ اگر کسی مہمان کو رات گیارہ بجے کے بعدبھی ٹرانسپورٹ کی ضرورت پڑتی ہے تو اس شعبہ کے کارکنان اپنی ذاتی گاڑیوں میں اُنہیں اُن کی منزل تک چھوڑ کر آتے ہیں۔

مکرم ناظم صاحب نے بتایا کہ ان کے شعبہ کے کارکنان جلسہ سے دو دن پہلے حدیقۃ المہدی میں آجاتے ہیں اور بسوں کے ٹریکس اور پارکنگ وغیرہ کا انتظام کرتے ہیں۔اسی طرح جلسے کے بعد تیسرے دن تک یہ کارکنان حدیقۃ المہدی میں موجود رہتے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ٹرانسپورٹ کے شعبہ کے تمام دیگر یونٹس کے اراکین بھی مل جل کر کام کرتے ہیں اور جس کی جہاں ضرورت محسوس ہوتی ہے وہاں اپنی خدمت دیتے ہیں جو کہ تعاون کی نہایت اعلیٰ مثال ہے۔

مکرم ناظم صاحب نے بتایا کہ نہ صرف دیگر شعبہ جات کے کارکنان بلکہ جلسہ میں آنے والے تمام مہمان بھی آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ پیار محبت اور خلوص کے ساتھ انتہائی تعاون کا مظاہرہ کرتے ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف کام کرنے میں بھی راحت ملتی ہے بلکہ کارکنان کے جذبے کو ایک نئی رُوح کے ساتھ نئی طاقت مل جاتی ہے۔

مکرم ناظم صاحب نے شاملین جلسہ کے لئے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ شعبہ ٹرانسپورٹ شٹل کے بارے میں کھل کر اپنی رائے دیں تاکہ ہمیں اپنی خدمات کو مزید بہتر بنانے کا موقع مل سکے۔ انہوں نے تمام احباب جماعت کو جلسہ سالانہ کی مبارکباد دیتے ہوئے نہ صرف اپنے کارکنان کے لئے بلکہ جلسہ سالانہ کی بھرپور کامیابی کے لئے دعا کی درخواست بھی ہے۔

امانت اور گمشدہ اشیاء

جلسہ سالانہ برطانیہ کا ایک اور انتہائی اہم شعبہ امانت اور گمشدہ اشیاء کا ہے جو جلسے کے دنوں میں بہت ہی اہم کرادار ادا کرتا ہے۔مکرم ناصر احمد خان صاحب 2004ء سے اس شعبہ کے ناظم ہیں۔ امسال اُن کے ساتھ چھ نائب ناظمین کے علاوہ کُل بارہ کارکنان خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔ہر سال جلسے سے ایک ہفتہ قبل اس شعبہ کی مارکی لگانے کا عمل شروع ہوتا ہے اور یہ شعبہ جلسہ سے دو دن پہلے مکمل طور پر آپریشنل ہوجاتا ہےاور جلسے کے بعد بھی دو دن تک شاملین جلسہ کو خدمات مہیا کی جاتی ہیں.

مکرم ناظم صاحب بتاتے ہیں کہ جلسہ میں آنے والے مہمانوں کی اکثریت اپنا قیمتی سامان، سوٹ کیسز اور بیگز وغیرہ اس شعبہ میں امانتاً رکھواجاتے ہیں تاکہ جلسہ کی کاروائی میں آسانی اور اطمینان کے ساتھ شریک ہوسکیں۔جو مہمان اپنا سامان یہاں رکھواتے ہیں اُنہین شعبہ کی جانب سے اُن کے سامان کی تفصیل کے ساتھ باقاعدہ ایک رسید مہیا کی جاتی ہے تاکہ بوقت ضرورت وہ اپنا سامان واپس لے سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ جلسے کے پہلے روز قبل از نماز جمعہ ڈھائی سو سے زائد اشیاء اس شعبہ میں امانتاً رکھوائی گئی تھیں۔امانتاً رکھوائے جانے والے سامان کو نہایت ہی ترتیب اور سلیقے کے ساتھ رکھا جاتا ہے تاکہ بوقت ضرورت بلا تاخیر اُنہیں اُن کے مالکان کو واپس کیا جاسکے اور اُسے ڈھونڈنے میں کوئی وقت ضائع نہ ہو۔

مکرم ناظم صاحب نے بتایا کہ یہ شعبہ گمشدہ اشیاء بھی اُنہیں اُن کے مالکان تک پہنچانے کا فریضہ ادا کرتا ہے۔اگر کسی کا کوئی سامان گُم ہوجائے تو وہ یہاں آکر اُس کی تفصیل لکھوا جاتے ہیں اور ملنے کی صورت میں وہ اُن کے مالکان تک پہنچا دی جاتی ہے۔اس ضمن میں انہوں نے بتایا کہ گمشدہ اشیاء میں موبائل فونز کی ایک بڑی تعداد شامل ہوتی ہے جو کہ اکثر احباب وضوکرنے کے دوران وہاں بھول جاتے ہیں یا پھر جلسہ بازار یا جلسے کے احاطے میں کہیں نہ کہیں اُن سے گِر جاتا ہے۔اسی طرح اکثر اوقات بچے والدین سے بچھڑ جاتے ہیں اور احباب جماعت انہیں ہمارے شعبہ میں پہنچا جاتے ہیں جس کے متعلق ہم پھر اعلنات کرواتے ہیں اور اُن بچوں کو والدین سے ملوادیا جاتا ہے۔انہوں نے شاملین جلسہ میں تمام والدین سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی کلائی پر اُن کے ایمز نمبر کا ٹیگ پہنائیں یا پھر مزید آسانی کے لئےایک کارڈ پر والدین کے فون نمبرز لکھ کر اُن کو پہنادیئے جائیں۔

مکرم ناظم صاحب نے بھی جلسہ کی کامیابی کے لئے دعا کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ اس جلسے کو شاملین کے لئے ہر لحاظ سے کامیابی و کامرانی سے ہمکنار فرمائے۔آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button