پیغام حضور انور

جلسہ سالانہ فن لینڈ کے موقع پر حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ کا خصوصی پیغام

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم و علی عبدہ المسیح الموعود

خدا کے فضل اور رحم کے ساتھ

ھو النّاصر

اسلام آباد (یوکے)

2022-06-15

پیارے احبابِ جماعت احمدیہ فن لینڈ

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

الحمد للہ کہ جماعت احمدیہ فن لینڈ کو اپنا جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے اس جلسہ کو ہر لحاظ سے مبارک کرے اور شاملین جلسہ کواس کی برکات سے مستفیض ہونے کی توفیق بخشے۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اللہ تعالیٰ سے اذن پا کر جلسہ کا انعقاد شروع کیا تھا اور اس کا مقصد جماعت کی اصلاح تھی۔ اپنے اندر پاک تبدیلیاں پیدا کرنا تھا۔ پس آپ جو اس جلسہ میں شامل ہو رہے ہیں آپ میں سے ہر ایک کو اپنے نفس کی اصلاح کی طرف توجہ دینی ہے۔ ان بابرکت ایام میں جہاں دینی باتیں سن کر اپنا علم بڑھانے کی کوشش کریں، وہاں اپنی دینی اور روحانی حالت کو سنوارتے ہوئے خداتعالیٰ کی معرفت میں بھی بڑھنے کی کوشش کریں۔ خداتعالیٰ کی معرفت میں بڑھنے کے لئے عبادات اور ذکر الٰہی بہت اہم ہیں۔ جب یہ ایک کوشش سے کی جائے تو خداتعالیٰ کے فضلوں کو جذب کرتے ہوئے معرفت الٰہی میں ترقی کا باعث ہوتی ہے۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی بعثت کا یہی مقصد ہے کہ اس جماعت میں شامل ہونے والے افراد میں اللہ تعالیٰ کا تقویٰ پیدا ہو اور معرفت الٰہی میں ترقی کریں۔ آپ علیہ السلام فرماتے ہیں:

’’خدا تعالیٰ نے مجھے اسی لئے مامور کیا ہے کہ تقویٰ پیدا ہو اور خدا پر سچا ایمان جو گناہ سے بچاتا ہے پیدا ہو۔ خدا تعالیٰ تاوان نہیں چاہتا بلکہ سچا تقویٰ چاہتا ہے‘‘۔

(ملفوظات جلد 3 صفحہ 100 ایڈیشن 1988ء)

اس وقت دنیا کے جو حالات ہیں اس میں ہر احمدی کو اپنی حالتوں میں تبدیلی پیدا کرنی چاہئے۔ پہلے سے بڑھ کر خدا کے حضور جھکنا چاہئے۔خدا کے قرب کے حصول کے لئے گریہ و زاری کریں۔

سیدنا حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں:

’’خدا تعالیٰ کی عظمت اپنے دلوں میں بٹھاؤ اور اس کے جلال کو اپنی آنکھوں کے سامنے رکھو…دنیا کی خوشحالی کی شرطوں سے خدا تعالیٰ کی عبادت مت کرو کہ ایسے خیال کے لئے گڑھا درپیش ہے بلکہ تم اس لئے اس کی پرستش کرو کہ پرستش ایک حق خالق کا تم پر ہے۔ چاہیے پرستش ہی تمہاری زندگی ہو جاوے اور تمہاری نیکیوں کی فقط یہی غرض ہو کہ وہ محبوب حقیقی اور محسن حقیقی راضی ہو جاوے کیونکہ جو اس سے کمتر خیال ہے وہ ٹھوکر کی جگہ ہے۔ خدا بڑی دولت ہے اس کے پانے کے لئے مصیبتوں کے لئے تیار ہو جاؤ۔ وہ بڑی مراد ہے اس کے حاصل کرنے کے لئے جانوں کو فدا کرو۔ عزیزو!!خدا ئےتعالیٰ کے حکموں کو بےقدری سے نہ دیکھو۔ موجودہ فلسفہ کی زہر تم پر اثر نہ کرے۔ایک بچہ کی طرح بن کر اس کے حکموں کے نیچے چلو۔ نماز پڑھو نماز پڑھو کہ وہ تمام سعادتوں کی کنجی ہے…نماز میں بہت دعا کرو اور رونا اور گڑگڑانا اپنی عادت کر لو تا تم پر رحم کیا جائے۔‘‘

(ازالہ اوہام، روحانی خزائن جلد 3 صفحہ 548-549)

خدا کرے کہ آپ سب اللہ تعالیٰ سے ذاتی تعلق پیدا کرنے اور اس کی عبادت کا حق ادا کرنے کی توفیق پانے والے ہوں۔آپ وہ خوش نصیب لوگ ہیں جن کو اس زمانہ کے امام حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کو ماننے کی توفیق ملی۔ پھر اللہ تعالیٰ نے آپ پر بڑا احسان فرمایا ہے کہ آپ کو خلافت کی نعمت سے نوازاہے جس کے ذریعہ آپ کے تزکیہ نفس کے سامان پیدا کئے ہیں۔ پس ا س عظیم نعمت کی قدر کریں اور خلافت کے ساتھ ہمیشہ وفا اور اخلاص کا تعلق قائم رکھیں اور دین کو دنیا پر غالب کرنے کا جو عہد کیاہواہے اس عہدکو نبھائیں۔ اور اپنی اولاد در اولاد کو ہمیشہ خلافت سے وابستہ رہنے اور اس کی برکات سے مستفیض ہونے کی تلقین کرتے رہیں۔اللہ تعالیٰ آپ کو اس کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

والسلام

خاکسار

(دستخط)مرزا مسرور احمد

خلیفۃ المسیح الخامس

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button