افریقہ (رپورٹس)

برکینافاسو کے ریجن تینکودوگو میں تقریری مقابلہ

(چوہدری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برکینافاسو)

مکرم مرزا عطاء الرؤف صاحب مبلغ سلسلہ تینکو دوگو ریجن تحریر کرتے ہیں کہ امن کی تعلیم مذہب اسلام کا خاصہ ہے اور آج کے دور میں جہاں ہر طرف افراتفری کا عالم ہے وہاں امن کی راہوں کواستوار کرنا جماعتِ احمدیہ عالمگیر کا اولین فریضہ ہے۔ برکینافاسو میں جماعت احمدیہ لوگوں کو امن کے حقیقی پیغام سے روشناس کرانے میں کوشاں ہے۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی تینکودوگو میں پہلی بار مقابلہ تقاریر بزبان فرنچ و انگریزی بعنوان ’’امن‘‘ کا انعقاد ہے۔

مورخہ 28؍مئی 2022ء کو جماعتِ احمدیہ تینکودوگو نے مقامی سکولوں اور کالجوں کےدرمیان امن کے عنوان پر تین تقاریر کے مقابلہ جات کروائے۔ جن میں سے سکول کی سطح پر بزبان فرنچ اور کالج کی سطح پر بزبان فرنچ اور انگریزی کے مقابلہ جات کا بھر پور رنگ میں انعقاد کیا گیا۔ یہ مقابلہ جات احمدیہ سکول تیکودوگو میں منعقد ہوئے۔ اس طرح کے مقابلہ جات کسی بھی رنگ میں ہونے والے تینکودوگو کی تاریخ میں پہلی بار تقاریر کے مقابلہ جات تھے۔ چونکہ یہ ایک نیا سلسلہ تھا جس سے طلبا شناسانہ تھے۔ اس کے لیے خاکسار نے مقامی احباب جماعت کے ایک وفد کےساتھ بیس سکولوں اور کالجوں کا دورہ کیا اور جماعت احمدیہ کا تعارف کرانے کے ساتھ ساتھ امن کے موضوع پر تقاریر کے مقابلہ جات کے لیے انتظامیہ کو راضی کیا۔ مقابلہ جات میں تیاری کے لیے بعض تقاریر بھی فراہم کی گئیں ۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے 21 سکولوں اور کالجوں کے 27طلبا نے بھرپور جوش وجذبہ کے ساتھ مقابلہ جات میں حصہ لیا۔ سامعین نے جماعتِ احمدیہ تینکودوگو کے امن کے پیغام کو وقت کی ضرورت قراردیتے ہوئے خوب سراہا اور بعض نے آئندہ اپنے اداروں میں بھی ان مقابلہ جات کے انعقاد کے لیے کوشش کی یقین دہانی کروائی۔ آخر میں مقابلہ جات میں اول، دوئم اور سوئم آنے والے طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ خداکے فضل سے ان مقابلہ جات میں جماعت احمدیہ کے سکول کی دو طالبات (جن میں ایک احمدی طالبہ عزیز ہ نادیہ شامل ہیں) نے تقریربزبان فرنچ میں سکو ل کی سطح پر دوسری اور تیسری پورزیشن حاصل کرکے جماعتِ احمدیہ کے سکول کا نام روشن کیا۔ اللہ تعالیٰ یہ اعزاز مبارک کرے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button