یورپ (رپورٹس)

نیشنل اجلاس عام بعنوان یوم مصلح موعود۔ مجلس خدام الاحمدیہ سویڈن

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 5؍فروری 2022ء کو مجلس خدام الاحمدیہ سویڈن کو آن لائن نیشنل اجلاس بعنوان ’’یوم مصلح موعود‘‘ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس پروگرام میں مہمانِ خصوصی کے طور پر مولانا عطاء المومن زاہد صاحب، استاذ جامعہ احمدیہ یوکے نے شرکت کی۔

اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم آغا بلال صاحب نے سورۃ الاحزاب کی آیات 24 و 25کی تلاوت و سویڈش ترجمہ پیش کیا۔ پھر خدام نےصدر مجلس خدام الاحمدیہ مکرم کاشف ورک صاحب مربی سلسلہ کی اقتدا میں عہد دہرایا۔ نظم مکرم بلال کاہلوں صاحب نے پیش کی۔ اس پروگرام میں صدر صاحب نے سویڈش زبان میں حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کی نصائح پیش کیں کہ ایک خادم کو کس طرح خلافت کی اہمیت کا اندازہ ہونا چاہیے، خلافت اللہ کا ایک انعام ہے اور اس پر شکر گزار ہونا چاہیے۔

اس کے بعد مہتمم خدمت خلق مکرم سعود احمد صاحب نے خدام الاحمدیہ سویڈن کے لیے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے منظور ہونے والے خدمت خلق کے منصوبے کا اعلان کیا اور خدمت خلق اور ہیومینٹی فرسٹ کے کاموں کا ذکر کیا۔

مکرم رضوان الٰہی صاحب نے ایک ویڈیو تیار کی تھی جس کے بعد معلومات عامہ کا ایک دلچسپ کوئز ہوا جس میں خدام نے آن لائن شرکت کی۔

اجلاس کا آخری خطاب مہمان خصوصی پروفیسر جامعہ احمدیہ یوکے مولانا عطاء المومن زاہد صاحب نے کیا۔ انہوں نے حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کا خدام الاحمدیہ کے قیام کی وجہ اور پس منظر بیان کیا کہ مخالفین احمدیت کے جماعت پر اعتراضات کا جواب نوجوانوں سے تیار کروانے کے سلسلہ میں ایک مجلس کی تشکیل دی جو بعد میں خدام الاحمدیہ کے نام سے آج بھی قائم ہے۔ اس کے ساتھ حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ نے ابتدائی ہدایات یکم اپریل 1938ء کو ایک خطبہ میں قیمتی نصائح پیش کیں جو آج بھی مشعل راہ ہیں۔

مکرم ومحترم مولانا عطاء المومن زاہد صاحب نے بتایا کہ اُن کے والد محترم بھی سویڈن میں بطور مربی سلسلہ خدمت کر چکے ہیں اور آج اُن کو اس جماعت کے خدام سے بات کرنے کا موقع مل رہا ہے۔

مکرم عبد المالک چودھری صاحب نے ایک دوسرے لنک پر تقریر کا سویڈش زبان میں ترجمہ بھی پیش کیا۔

دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔ اجلاس کو براہ راست تقریباً 192 خدام نے دیکھا۔

(رپورٹ: رضوان احمد۔ معتمد مجلس خدام الاحمدیہ سویڈن)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button