افریقہ (رپورٹس)

بینن (Benin) کے ریجن ناتی ٹنگو میں ایک خوبصورت مسجد کا افتتاح

(منتظر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بینن)

محض خدا تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ بینن کو ریجن ناتی ٹنگو (Natitingou) کی جماعت انندانہ (Anandana) میں ایک نہایت ہی خوبصورت مسجد کی تعمیر کی توفیق ملی جس کا افتتاح مورخہ 11؍فروری 2022ءکو ہوا۔

سنگِ بنیاد

انندانہ (Anandana)گاؤں ریجنل سینٹر ناتیٹنگو سے تقریباً55 کلومیٹر کے فاصلہ پر واقع ہے۔ مسجد کی تعمیر کے لیے زمین کی خرید اور کاغذات جماعت کے نام بنوانے کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں دعائیہ خط لکھنے اور صدقات ادا کرنے کے بعد مکرم مرزا فرحان احمد بیگ صاحب مبلغ سلسلہ ریجن ناتی ٹنگو نے لوکل مشنری عزیزم حافظ تونو داؤدہ اور مقامی معلم سلسلہ مکرم پوہو حبیب کے ہمراہ مورخہ 21نومبر 2021ء کو اس مسجد کا سنگِ بنیاد رکھا اور دعا کروائی۔

رقبہ و تعمیر

مسجد کی تعمیرکے لیے جو پلاٹ خریدا گیا وہ 2727 مربع میٹر پر محیط ہے۔ جس میں سےتقریباً 1414مربع میٹر پر مسجد کی تعمیر مکمل ہوئی۔ جس میں ایک مین ہال، محراب، ایک سٹور، 3برآمدے اور 2مینار شامل ہیں۔ مسجد کا 8.511مربع میٹر کا رقبہ مسقف ہے۔ مسجد کی چھت لوہے کے گارڈرز اور ایلومینیم کی شیٹس کے ساتھ مضبوط بنائی گئی ہے۔ 8.58.5 مربع میٹر حصہ مسجد کے اندرونی ہال پر مشتمل ہے جبکہ اس کے علاوہ ایک 2 مربع میٹر پر مشتمل سٹور اور 2*6 مربع میٹر پر برآمدہ بنایا گیا ہے۔ مسجد کے 2 بڑے مینار بنائے گئے ہیں جبکہ سامنے والی ائینٹرنس پر جو برآمدہ بنایا گیا ہے اسے بھی 2چھوٹے میناروں سے مزین کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ عورتوں کے لیے جو دروازہ بنایا گیا ہے اسے بھی مزید خوبصورت بنانے کے لیے برآمدہ بنا کر مسقف کیا گیا ہے۔ اس اینٹرنس پر کلمہ لا الہ الااللّٰہ محمد رسول اللّٰہ کے ساتھ مسجد کا اور گاؤں کا نام لکھا گیا ہے۔ اسی طرح مسجد میں سولر انرجی کے ذریعہ روشنی اور MTA کا بھی انتظام کیا گیا ہے اور اذان کے لیے لاؤڈسپیکرز کا سسٹم بھی انسٹال کیا گیا ہے۔

کیلیگرافی و پینٹ

مسجد کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد اس میں سبز اور سفید رنگ کروایا گیا جو کہ بینن میں جماعت احمدیہ کی طرف سے تعمیر کی گئی اکثر مساجد کا رنگ ہے۔ اس کے بعد مسجد کے اندر خوبصورت کیلیگرافی کا کام کیا گیا ہے جس میں کلمہ لا الہ الااللّٰہ محمد رسول اللّٰہ کے علاوہ ہر کھڑکی پر خوبصورت نقش کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے صفاتی نام لکھے گئے ہیں اور محراب میں الا بذکراللّٰہ تطمئن القلوب انتہائی خوبصورت طرز پر تحریر کیا گیا ہے۔

وقارِ عمل

مسجد کی تعمیر میں احباب جماعت نے ریجنل مشنری مکرم مرزافرحان احمد صاحب کے زیرِ نگرانی انتہائی جوش اور محنت سے حصہ لیا ان احباب میں ناصرف انندانہ کےممبرز شامل تھے بلکہ قریب کی جماعتوں سے بھی احباب نے آکر متعدد بار جانفشانی اور ایمانی جذبہ سے محض للہ وقارِ عمل میںحصہ لیا اور مسجد کے اندر بھرتی ڈالنے کا ایک بڑا کام سرانجام دیا۔

تقریبِ افتتاح

مسجد کے افتتاح کے لیے مورخہ11فروری 2022ء بروز جمعۃ المبارک مکرم میاں قمر احمد صاحب امیر جماعت احمدیہ بینن اپنے وفد کے ساتھ جس میں محترم ابراہیم حمزہ نائب امیر جماعت بینن اور محترم مظفر احمد ظفر مبلغ سلسلہ ریجن پاراکو شامل تھے انندانہ گاؤں میں پہنچےجہاں ریجنل مبلغ سلسلہ مکرم مرزا فرحان احمد صاحب نے اپنی ٹیم اور لوکل احباب کے ساتھ جماعتی وفد کاپُرتپاک استقبال کیا۔ پروگرام کا آغازتلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔ تلاوت اور قصیدہ کے بعدایک لوکل خادم نے اردو میں خوش الحانی سے نظم ‘‘بدرگاہِ ذیشان’’ پڑھی اور فرنچ ترجمہ بھی پیش کیا۔ اس کے بعد لوکل اتھارٹیز میں سے انندانہ کے سینٹرل امام، آپوستولک پادری اور گاؤں کے چیف نے جماعت احمدیہ کو اس خوبصورت مسجد کی تعمیر پر مبارکباد پیش کی اور اس مسجد کی تعمیر کو اسلام کی تعلیم کو اس گاؤں میں عام ہونے کا پیش خیمہ قرار دیا۔ اس کے بعد پولیس کمشنر جو کہ موجود تھے انہوں نے آروندسمہ کے چیف کو اپنی طرف سے بھی مبارکباد پیش کرنے کا کہا جس پر انہوں نے ملک بھر میںجماعت احمدیہ کی امن کے قیام کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ بینن کے اس دور دراز علاقہ میں بھی جماعت احمدیہ کو لوگ اچھی طرح جانتے ہیں اور اس دور دراز گاؤں میں اتنی خوبصورت مسجد کی تعمیر بینن میں جماعت احمدیہ کی ترقی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس کے بعد انہوں نے جماعت کی طرف سے مرمت کیے گئے نلکوں کا ذکر کیا اور جماعت کی کاوشوں کو سراہا۔

مہمانان کے اظہارِ جذبات کے بعد مکرم ابراہیم حمزہ صاحب نےحقیقی احمدی کی تعریف اور ہماری ذمہ داریوں کے موضوع پر اظہار خیال کیا جبکہ مکرم مظفر احمد ظفر مبلغ سلسلہ پاراکو نے نماز کی اہمیت اور مسجد کو آباد رکھنے کی تلقین کی۔

ان تقاریر اور نصائح کے بعد احبابِ جماعت نعرہ ہائے تکبیربلند کرتے اوردعائیں پڑھتے ہوئے مسجد کی طرف بڑھے جہاں مکرم امیر صاحب بینن نے فیتہ کاٹ کر مسجد کا افتتاح کیا اور دعا کروائی اور تمام احباب مسجد میں داخل ہوئے۔ نمازِ جمعہ کے لیے اذان دی گئی۔ خطبہ جمعہ میں مکرم امیر صاحب بینن نے مساجد کی خوبصورتی ان کے نمازیوں سے ہوتی ہے کے حوالے سے نصائح کیں۔ نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد حاضرین کی خدمت میں پُرتکلف ظہرانہ پیش کیا گیا۔ اس پُرمسرت تقریب میں200سے زائداحباب نے شرکت کی۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button