یورپ (رپورٹس)

ریفریشر کورس جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ

محض اللہ تعالیٰ کےفضل سے جماعتِ احمدیہ سوئٹزرلینڈ کو مورخہ 30؍جنوری 2022ء کو ممبرانِ نیشنل عاملہ و لوکل عاملہ اور صدرانِ جماعت کے ساتھ اپنا چوتھا ریفریشر کورس منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ

کووڈ19 کی وجہ سےملکی پابندیوں کے باعث اس کورس کا انعقاد آن لائن ہوا۔ مکرم منیر احمد منور صاحب مبلغ انچارج کی صدارت میں پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا جو کہ عزیزم قاسم خان صاحب نے کی اور جرمن اور اردو ترجمہ پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم ولید طارق تارنتسر صاحب نیشنل امیر سوئٹزرلینڈ نے اپنی افتتاحی تقریر میں ریفریشر کورس کے انعقاد کے مقاصد کو بیان کیا نیز ہمیشہ خلافت کے ساتھ وابستہ رہنے کی تلقین کی۔ اسی طرح آپ نے سنی سنائی بات کو تحقیق کیے بغیربیان کرنےکے بداثرات کی طرف توجہ دلائی اور تلقین کی کہ بغیر تحقیق کیے بات کو نہ پھیلایا جائے۔ اس کے بعد آپ نے افتتاحی دعا کروائی۔

بعد ازاں سوئٹزرلینڈ میں خدمت کرنے والے مربیانِ سلسلہ نے مختصرلیکن جامع تقاریر کیں۔ پہلی تقریر مربی سلسلہ مکرم عبدالوہاب طیب صاحب نے کی۔ آپ کی تقریر نظامِ جماعت کےڈھانچے اور جماعت میں چندوں کے نظام کےموضوع پر تھی۔ آپ نے نہایت جامع الفاظ میں اپنی گذارشات پیش کیں اور وقفِ جدید کے ضمن میں بتایا کی افریقہ میں اس وقت تک بہت ساری مساجد تعمیر ہوگئی ہیں اور ابھی کچھ ہو رہی ہیں۔

اس کے بعد نائب مشنری انچارج محترم فائز احمد خان صاحب نے تبلیغ، وصیت اور رشتہ ناطہ کے عنوان پر تقریر کی جس میں آپ نے خلفائے احمدیت کے اقتباسات اور حضورِانور کے ساتھ ہونے والی بعض ملاقاتوں کے حوالے سے بعض اقتباسات پڑھ کر سیکرٹریان کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ بعد ازاں مربی سلسلہ مکرم فہیم احمد خان صاحب نےتعلیم اشاعت اور وقفِ نو کے موضوع تقریر کی اور آپ نے تمام سیکرٹریان کو نہایت مفید انداز میں ان کے شعبہ جات کے متعلق معلومات پیش کیں۔

اگلی تقریر صدر مجلس مکرم مشنری ا نچارج صاحب کی تھی۔ آپ نے تربیت، وقفِ عارضی اور ضیافت کے بارے میں حضرت مسیحِ موعود علیہ السلام اور خلفائے سلسلہ کے ارشادات اور جماعتی روایات کی روشنی میں قواعد تحریکِ جدید کے حوالہ سے سیکرٹریان کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ شعبہ ضیافت سے متعلق حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ضیافت کے نمونے احباب کے سامنے رکھے۔ اسی طرح تربیت کے متعلق حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرالعزیز کے بعض اقتباسات سنائے۔

آج کے پروگرام کی آخری تقریر اسلام آباد یوکے سے مکرم عبدالماجد طاہر صاحب ایڈیشنل وکیل التبشیر نے آن لائن کی۔ آپ کی تقریر کا عنوان تھا ’’جماعتی خدمت کے میدان میں اطاعتِ امیر وتعا و نو اعلی البروالتقویٰ کی اہمیت‘‘۔

آپ نے اطاعت کے میدان میں قرآن کریم، احادیث، اقتباسات حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفائے احمدیت کے ارشادات پر مبنی انتہائی ایمان افروز تقریر کی جس میں آپ نے نیکی کے میدان میں ایک دوسرے سے بے لوث تعاون کرنے اوراطاعتِ امیر کے بارے میں نصائح کیں۔ آخر پر حضرت مسیح موعودؑ کا ایک اقتباس پڑھ کر سنانے کے بعد آپ نے دعا کروائی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں ان ارشادات پر عمل کرنے کی توفیق دے اور عہدیداروں کے ذمے جو ذمہ داریاں ہیں ہمیں ان کو عاجزی اور انکساری کے ساتھ پورا کرنے والا بنائے اور ہم عہدِبیعتِ خلافت کو نبھانے والے ہوں۔ آمین

(رپورٹ: شیخ کلیم الرحمٰن۔ نیشنل جنرل سیکرٹری سوئٹزرلینڈ)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button