افریقہ (رپورٹس)

مالی کے ریجن کیتا میں ریجنل جلسہ سالانہ کا انعقاد

حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے جلسہ سالانہ کے نظام کی بنیاد خدا تعالیٰ کے اذن سے1891ء میں رکھی تھی۔ اس کی پیروی میں آج مختلف ممالک میں جماعت احمدیہ اپنے جلسے منعقد کرتی ہےاور اب جلسہ سالانہ کا نظام بعض ممالک میں ریجنل سطح پر بھی جاری ہو گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ سالانہ کے ذریعہ سے جہاں احباب کے روحانی، اخلاقی اور علمی معیار بلند ہوتے ہیں وہیں ان جلسہ جات کے ذریعہ سے احباب جماعت میں محبت، اخوت اور بھائی چارہ فروغ پا تا ہے۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے انہی اغراض کو پیش نظر رکھتے ہوئے مالی کے ریجن کیتا کو مورخہ 26تا27؍فروری 2022ء اپنے ساتویں ریجنل جلسہ سالانہ کے انعقاد کی توفیق ملی۔ جلسہ کے انعقاد سے قبل مکرم خالد احمد صاحب مبلغ سلسلہ ریجن کیتا کی سربراہی میں ریجنل سطح پرمختلف میٹنگز کر کے جلسہ کے انعقاد اور پروگرامز کے متعلق حتمی فیصلے کیے گئےاور شہر کی انتظامیہ سے اجازت لی گئی ۔

ریجنل جلسہ کا آغاز مورخہ 26؍فروری کو بعد نماز عشاء ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور قصیدہ کے بعد مکرم عمر معاذ صاحب کولیبالی نائب امیر جماعت احمدیہ مالی نے آنحضرت ﷺ کی سیرت کے بعض دلکش پہلوؤں کو بیا ن کیا جس کے بعد مجلس سوال و جواب کا انعقاد کیا گیا۔ پہلے دن کے پروگرام کا اختتام دعا کے ساتھ مقامی وقت کے مطابق رات 12بجے ہوا۔

دوسرے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد کی ادائیگی کے ساتھ کیاگیا۔ نماز فجر کے بعددرس کا بھی اہتمام کیا گیا۔ دس بجے صبح دوسرے دن کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز مولانا ظفر احمدبٹ صاحب امیر جماعت احمدیہ مالی کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم کے ساتھ ہوا جس کے بعدقصیدہ پیش کیا گیا۔ اس اجلاس میں پہلی تقریر مکرم محمد دومبیا صاحب لوکل مشنری نے ’’ایک احمدی کی ذمہ داریاں‘‘ کے عنوان پر کی۔ اس کے بعد مکرم عبدالقادر تراؤرے صاحب لوکل مشنری نے ’’صداقت حضر ت مسیح موعود علیہ السلام از قرآن و حدیث‘‘ کے عنوان پر اپنی گزارشات پیش کیں۔ جس کے بعدامیر صاحب مالی نے ’’اسمعوا صوت السماء جاء المسيح جاء المسيح‘‘ کے عنوان پر تقریر کی۔

ان تقاریر کے بعد معزز غیر از جماعت مہمانان کرام جن میں شہر کے میئر صاحبان اور مقامی چرچ کے پادری شامل تھے نے اپنے تأثرات کا اظہار کیا اور جماعت احمدیہ کے علاقے میں فلاحی کاموں اور پیغام ’’محبت سب کے لئے نفرت کسی سے نہیں‘‘ کی کھل کر تعریف کی۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے اختتامی خطاب میں احباب جماعت کو ’’نظام جماعت اور مالی قربانی‘‘ کے حوالے سے توجہ دلائی اور اجتماعی دعا کے ساتھ جلسہ کی کارروائی کا اختتام کیا۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ جلسہ ہر لحاظ سے بہت کامیاب رہا۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی مہمانان سے متعلق ہدایات کو سامنے رکھتے ہوئے مہمان نوازی کا خاص خیال رکھا گیا۔ ریجنل جلسہ سالانہ میں اللہ تعالیٰ کے فضل سےریجن کیتا کی 31جماعتوں کے علاوہ متعدد مختلف دیہات سے 630احباب شامل ہوئے۔ اس کے علاوہ جلسہ میں مقامی حکومتی شخصیات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جلسہ کے حوالے سے ایک رپورٹ مالی کے نیشنل ٹیلیویژن (ORTM)نے اگلے روز نشر کی۔ فالحمد للہ علیٰ ذالک

آخر میں دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ شاملین جلسہ کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دعاؤں کا وارث بنائے اور جلسہ کے تمام مقاصد کو حاصل کرنے والا بنائے۔ آمین

(رپورٹ: احمد بلال مغل۔ مبلغ سلسلہ مالی)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button